پاکستان اور سعودی عرب میں حج معاہدہ - 20 فیصد کوٹہ کمی برقرار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-30

پاکستان اور سعودی عرب میں حج معاہدہ - 20 فیصد کوٹہ کمی برقرار

جدہ
اردو نیوز / ارسلان ہاشمی
وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ سعودی وزارت حج سے حج معاہدہ کرلیا گیا ہے امسال بھی پاکستانی عازمین کی تعداد ایک لاکھ44ہزار ہوگی۔ 50فیصد سرکاری جب کہ 50فیصد پرائیویٹ ٹورآپریٹر کا کوٹہ ہوگا۔ وفاقی وزیر اردو نیوز سے ٹیلی فون پر گفتگو کررہے تھے ۔ سردار یوسف نے مزید کہا کہ سعودی وزیر حج ڈاکٹر بندر المجار سے ملاقات مفید رہی، دو طرفہ حج معاہدہ کرلیا گیا ۔ امسال بھی حرمین میں جاری توسیعی پروجیکٹ کے سبب تمام ممالک کے کوٹے میں20فیصدکمی برقرار ہے گی۔ گزشتہ برس سرکاری حج اسکیم کے تحت آنے والے عازمین کو بہتر سہولیات فراہم کی گئی جس کی وجہ سے زیادہ تر عازمین کار رجحان ہے کہ وہ سرکاری اسکیم کے تحت فریضۃ حج ادا کریں ۔ پاکستان کو حج پالیسی کے سوال پر وزیر مذہبی امور کا کہنا تھا کہ مملکت سے واپس جانے کے بعد اس حوالے سے کابینہ کومطلع کیاجائے گا ۔ تمام امور سامنے رکھتے ہوئے حج پالیسی مرتب کی جائے گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ امسال بھی سعودی وزارت حج کی جانب سے حج پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ۔ ہماری کوشش ہے کہ امسال پاکستانی عازمین حج کو ارض مقدس آمد سے قبل دی جانے والی عملی تربیت کے ایام میں اضافہ کریں تاکہ ناخواندہ عازمین کو خاطر خواہ فائدہ ہوسکے ۔ خواتین عازمین کو مملکت آمد سے قبل عبایہ پہننے کی سختی سے پابندی کروائی جائے گی ۔امسال45برس تک کی عمر کی خواتین کے لئے محرم کی پابندی لازمی ہوگی ۔ وزیر مذہبی امور نے مزید کہا کہ سعودی وزیر حج نے پاکستانی عازمین حج کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے مزید تجاویز بھی مانگی ہیں ۔ پاکستانی عازمین کے لئے سعودی وزارت حج نے اردو میں ہیلپ لائن کی خدمت فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے ۔ مکہ میں عازمین کے لئے رہائشی عمارتوں کے سوال پر سردار یوسف نے کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ گزشتہ برس کی طرح امسال بھی بڑی عمارتیں حاصل کی جائیں تاکہ عازمین کو بہتر طور پر خدمات فراہم کی جاسکیں ۔ وزارت مذہبی امور کی کوشش ہوگی کہ پاکستانی عازمین کے لئے عمارتیں پہلے حاصل کرلی جائیں۔ پرائیویٹ ٹورآپریٹر کے حوالے سے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستانی عازمین کا زیادہ تر رجحان سرکاری حج کی جانب ہے اسی لئے مزید حج ٹور آپریٹر کی تعداد میں اضافہ کیاگیا ہے ۔ گزشتہ برس جن ٹورس آپریٹرزکی شکایات موصول ہوئی تھیں ان کے خلاف تادیبی کارروائی کی گئی ہے ۔ ہماری کوشش ہے کہ حج امور کو بہتر بنایاجائے تاکہ عازمین یکسو ہوکر زندگی کا اہم فریضہ ادا کریں ۔

Pakistan and Saudi Arabia Hajj contract redefines

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں