مفتی محمد سعید جموں و کشمیر کے چیف منسٹر - پی ڈی پی اور بی جے پی کے درمیان معاہدہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-30

مفتی محمد سعید جموں و کشمیر کے چیف منسٹر - پی ڈی پی اور بی جے پی کے درمیان معاہدہ

جموں
ایجنسیاں
پی ڈی پی اور بی جے پی نے آج اشارہ دیا ہے کہ وہ جموں وکشمیر میں بہت جلد مخلوط حکومت کی تشکیل کا اعلان کریں گے ۔ دونوں جماعتوں کے سینئر قائدین کا ایک اجلاس ہوا جس کے بعد یہ بات کہی گئی ۔ پی ڈی پی کے ترجمان نعیم اختر نے حکومت سازی کی کوششوں کے بارے میں پوچھے جانے پر کہا کہ اب ہمیں زیادہ انتظار کرنا نہیں پڑے گا۔ 87رکنی اسمبلی کے لئے ہونے والے انتخابات میں پی ڈی پی 28نشستوں کے ساتھ سب سے بڑی جماعت کی حیثیت سے ابھری تھی جب کہ بی جے پی25سیٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر تھی ۔ ریاست میں فی الحال گورنر راج نافذ ہے ۔ یہ پوچھے جانے پر کہ کیا ریاست میں ایک مقبول حکومت بنے گی، بی جے پی لیڈر اور مرکزی وزیر جتیندر سنگھ نے بتایا کہ پارٹی قیادت تمام مسائل پر غور کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی جمہوری عمل میں یقین رکھتی ہے اور ہم عجلت میں کوئی فیصلہ نہیں کرتی ۔ اس دوران غیر مصدقہ اطلاعات میں کہا گیا کہ بی جے پی اور پی ڈی پی کے درمیان جموں و کشمیر حکومت سازی کے بارے میں ایک سمجھوتہ ہوگیا ہے ۔ اس سمجھوتہ کے تحت سابق چیف منسٹر اور پی ڈی پی کے سرپرست مفتی محمد سعید ریاست کے چیف منسٹر ہوں گے جب کہ بی جے پی کے نرمل سنگھ ڈپٹی چیف منسٹر ہوں گے ۔ اس سمجھوتہ کے تحت پی ڈی پی صدر اور مفتی محمد سرید کی دختر محبوبہ مفتی کو مرکزی کابینہ میں شامل کیا جائے گا ۔ ایسی قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں کہ ریاست میں راجیہ سبھا انتخابات سے قبل بی جے پی اور پی ڈی پی کے درمیان تشکیل حکومت کے لئے سمجھوتہ ہوجائے گا۔

PDP, BJP close in on deal, Mufti Mohammad Sayeed likely CM

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں