علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ساتھ مہاتما گاندھی کا گہرا تعلق - طلباء یونین کی مستقل رکنیت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-30

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ساتھ مہاتما گاندھی کا گہرا تعلق - طلباء یونین کی مستقل رکنیت

علی گڑھ
پی ٹی آئی
بابا ئے قوم مہاتما گاندھی کا علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ساتھ گہرا تعلق تھا اور1920میں جب انہوں نے پہلی مرتبہ یونیورسٹی کا دورہ کیا تھا تو انہیں طلباء یونین کی مستقل رکنیت عطا کی گئی تھی۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے طلبہ نے تحریک آزادی میں گاندھی جی کی حمایت کی تھی اور اس عظیم قائد کی تمام یادوں کو انہوں نے محفوظ رکھا ہے ۔ کل مہاتما گاندھی کی67ویں برسی منائی جائے گی اور یہاں انہیں ہنوز یاد کیاجاتا ہے ۔ ملک میں مولانا آزاد لائبریری وہ واحد مقام ہے جہاں مہاتما گاندھی پر تحریر کردہ تمام زبانوں کی کتب دستیاب ہیں۔ ان کے علاوہ گاندھی جی پر دیگر نادر دستاویزات بھی وہاں مہیا کرائے گئے ہیں ۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ذرائع نے آج یہاں یو این آئی کو بتایا کہ گاندھی جی نے4تا5مرتبہ یونیورسٹی کا دورہ کیا اور ان کی حوصلہ افزائی کے سبب کئی طلبہ جدوجہد آزادی میں شامل ہوئے تھے۔ گاندھی جی کے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے طلباء کے ساتھ قریبی تعلقات تھے ۔ انہوں نے یونیورسٹی کے طالب علم ذاکر حسین کو وردھا کمیشن کا صدر نشین مقرر کیا تھا ۔ بعد ازاں وہ ملک کے صدر بنے تھے ۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ہی سابق طالب علم مجید خواجہ نے گاندھی جی کی آخری رسومات کے موقع پر قرآن خوانی کی تھی۔1920میں مہاتما گاندھی نے پہلی مرتبہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کا دورہ کیا تھا اور طلباء نے اسٹریچی ہال میں بیرونی ملبوسات نذر آتش کیے تھے ۔ اس کے بعد جب بھی گاندھی جی علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کا دورہ کیا کرتے تو وہ حبیب باغ میں قیام کرتے ، جسے اب اکیڈیمک اسٹاف کالج میں تبدیل کردیا گیا ہے۔ گاندھی جی نے وہاں سے کئی خطوط بھی تحریر کیے تھے ۔

Aligarh Muslim University close relations with Mahatma Gandhi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں