دستوری اقدار کو نشانہ بنائے جانے پر مودی خاموش - مارکسٹ کمیونسٹ پارٹی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-31

دستوری اقدار کو نشانہ بنائے جانے پر مودی خاموش - مارکسٹ کمیونسٹ پارٹی

چینائی
پی ٹی آئی
دستوری اصولوں پر مباحث پر آمادگی ظاہر کرنے پر مرکز کی بی جے پی زیر قیادت حکومت کو نشانہ تنقید بناتے ہوئے سی پی آئی ایم نے آج کہا کہ جب دستوری اقدار کو نشانہ بنایاجاتا ہے تو وزیر اعظم نریندر مودی خاموشی اختیار کرلیتے ہیں ۔ پارٹی کی پولٹ بیورو رکن و راجیہ سبھا ایم پی برندا کرت نے کہاکہ ہندوستان میں سیکولرزم کے لئے جدو جہد ملک کی بقا اور ترقی کے لئے اس کی جدو جہد ہے ۔ این ڈی اے حکومت کی جانب سے جاریہ ہفتہ کے اوائل میں جاری کیے گئے اشتہارات میں دستور کے دیباچہ سے لفظ سیکولر اور سوشلسٹ کو نکالے جانے سے متعلق تنازعہ کا بالواسطہ حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے اس بات پر صدمہ کا اظہار کیا کہ مرکز اس معاملہ پر مباھث کے لئے تیار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی تشویشناک معاملہ ہے کہ مرکز میں ہمارے پاس ایک ایسی حکومت ہے جس کے وزیر اعظم کو(لوک سبھا انتخابات) میں صرف 31فیصد ووٹ شیئر ملا ہے اور یہ حکومت دستوری اصولوں پر مباحث چاہتی ہے۔ ہمیں افسوس ہے کہ وزراء بھی اس مسئلہ پر مباحث چاہتے ہیں ۔ واضح رہے کہ شیو سینا نے مطالبہ کیا تھا کہ لفظ سوشلسٹ اور سیکولر کو دیباچہ سے خارج کردیاجائے اور مرکزی وزیر اطلاعات و مواصلات روی شنکر پرساد نے کہا تھا کہ اس پر مباحث ہونا چاہئے ۔ برندا کرت یہاں مہاتما گاندھی کی67ویں برسی کے موقع پر جی کے واسن کی ٹامل منیلا کانگریس (ایم) کے زیر اہتمام ایک کانفرنس بعنوان’’ سیکولر ہندوستان کو لاحق چیالنجس و خطرات‘‘ سے خطاب کررہی تھیں۔ انہوں نے گاندھی جی کے قاتل ناتھو رام گوڈسے کو عظیم ثابت کرنے کی کوششوں پر تشویش ظاہر کی ۔ واضح رہے کہ بعض ہندو تنظیمیں ناتھو رام گوڈسے کے مندر بنانے اور وہاں اس کی مورتی نصب کرنے کا منصوبہ رکھتی ہیں۔ برنداکرت نے کہا کہ گاندھی کا قتل ہندوستان کی تاریخ پر ہمیشہ ایک داغ بنا رہے گا ۔ ہر ہندوستانی شہری جب گاندھی جی کی شہادت کو یاد کرتا ہے تو بعض ایسی طاقتیں بھی ہیں جو ان کے قاتل کو عظیم بنانے پر تلی ہوئی ہیں ۔ حاشیہ پر رہنے والے ایسے عناصر کو عام طور پر نظر انداز کردیاجاتا ہے لیکن اب ایسا نہیں کیاجاسکتا کیونکہ ہمارے پاس ایک ایسے وزیر اعظم ہیں جو ہر مسئلہ پر اظہار خیال کرتے ہیں لیکن جب دستوری اقدار پر حملہ کا معاملہ آتا ہے تو خاموشی اختیار کرلیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندو توا صرف ایک سیاسی آلہ ہے جو اسے ایجاد کرنے والے استعمال کرتے رہتے ہیں ۔ کروڑوں ہندوستانیوں سے اس کا کوئی تعلق نہیں ہے ۔

Modi Silent When Constitutional Values are Targeted: CPI(M)

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں