ملایشیا کے وزیراعظم سے آندھرا میں سرمایہ کاری کی خواہش - وزیراعلیٰ نائیڈو - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-24

ملایشیا کے وزیراعظم سے آندھرا میں سرمایہ کاری کی خواہش - وزیراعلیٰ نائیڈو

حیدرآباد
پی ٹی آئی
چیف منسٹر اے پی این چندرا بابو نائیڈو نے جو ورلڈ اکنامک فورم کی سالانہ کانفرنس میں شرکت کے لئے ڈؤس میں ہیں، آج ملایشیائی وزیر اعظم نجیب رزاق سے ملاقات کی ۔ ملاقات کے دوران انہوں نے وزیر اعظم کے سامنے اپنی ریاست میں سرمایہ کاری کے مواقع پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے ملایشیا کے سابق وزیر اعظم مہاتر محمد کے ساتھ اپنے تعلقات کی بھی وضاحت کی اور بتایا کہ کس طرح مہاتر محمد نے ماضی میں آندھرا پردیش کی ترقی کے لئے ہمارا تعاون کیا تھا ۔ ریاستی حکومت کی ایک پریس ریلیز میں یہ بات بتائی گئی ۔ نائیڈو نے نجیب رزاق کو اے پی کی تقسیم کے بارے میں بھی بتایا اور مابعد تقسیم ریاست کی ترقی کے امکانات سے واقف کرایا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اے پی کو مشرقی ایشیائی ممالک کے لئے ہندوستان کا باب الداخلہ بنانے کے خواہاں ہیں ۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ملک بھر میں سب سے زیادہ پام آئیل کی کاشت آندھرا پردیش میں ہوتی ہے ۔ ریاست میں بدھسٹ ٹورازم کو فروغ دینے ریاستی حکومت کے منصوبوں کو اجاگر کرتے ہوئے چندرا بابو نائیڈو نے ملایشیائی وزیر اعظم پر زور دیا کہ وہ اے پی میں ٹورازم اور انفراسٹرکچر کی ترقی کے لئے اپنا دست تعاون دراز کریں ۔ نائیڈو کی درخواست پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے نجیب رزاق نے کہا کہ اے پی میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تجاویز موصول ہونے کے بعد وہ ایک ٹیم ریاست کو روانہ کریں گے ۔ یو این آئی کے بموجب دورہ ڈاؤس کے آخری دن چیف منسٹر این چندرابابو نائیڈو نے مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس سے بھی ملاقات کی۔ بل گیٹس سے اچانک ملاقات پر چندر ابابو نائیڈو کو خوشگوار حیرت کا سامنا رہا ۔ واضح ہو کہ بل گیٹس ، چیف منسٹر کے قدیم دوست ہیں۔ انہوں نے کہا کہ10برسوں کے طویل عرصہ کے بعد چندرا بابو نائیڈو سے ملاقات پر انہیں کافی خوشی و مسرت ہورہی ہے ۔ چیف منسٹر کا عہدہ سنبھالنے نے چندرا بابو نائیڈو کو اپنی جانب سے ترتیب دیے گئے ایک خانگی عشائیہ میں بھی شرکت کی دعوت دی ۔

Andhra Pradesh CM N Chandrababu Naidu meets Malaysian PM Najib Razak in Davos
Malaysia PM sending delegation to AP to explore investment

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں