دارالحکومت دہلی میں یوم میلاد النبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-05

دارالحکومت دہلی میں یوم میلاد النبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا

نئی دہلی
ایس این بی
راجدھانی کے مختلف علاقوں میں آج یوم عید میلادالنبی ؐ بڑی عقیدت و احترامکے ساتھ منایا گیا اور ہر طرف سے سبر پرچم،نعرہ تکبیر اور نعرہ رسالت کی صدائیں بلندہوتی سنائی دیں ۔ اس موقع پر سب سے بڑا جلوس انجمن باڑہ ہندوراؤ کی جانب سے نکالا گیا ۔ اس جلوس میں عقیدت مندوں کے علاوہ مختلف پارٹیوں کے سینئر لیڈروں اور سرکردہ افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ مرکزی انجمن عید میلاد النبی کے زیر اہتمام نکالے گئے جلوس کی افتتاحی تقریب میں دہلی کی سابق وزیر اعلیٰ شیلا دکشت ، سابق مرکزی وزیر جگدیش ٹائٹلر ، بی جے پی کے سینئر لیڈر وجیندر گپتا کے علاوہ اے اے پی کے کئی لیڈروں نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا محمدجاویدنقشبندی نے سیرت پاک پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ جس وقت دنیا تاریکی اور گمراہی کا شکار تھی ، دختر کشی اور عورتوں پر مظالم عام تھے اور کفر کا اندھیرا چاروں طرف چھایا ہوا تھا تب اللہ تعالیٰ نے تاجدار کائنات کو رحمت للعلمین بناکر دنیا میں بھیجا۔ حضور اکرم ؐ کی تعلیمات اورہدایات پر عمل پیرا ہوکر ہی امن و امان و خوشحالی اور ترقی ممکن ہے۔ حضور اکرم ﷺ نے سارے عالم کو محبت و اخوت کا پیغام دیا ۔ اس موقع پر دہلی کی سابق وزیر اعلیٰ شیلا دکشت نے کہا کہ قرآن پاک سب کو محبت، یکجہتی و بھائی چارہ کاپیغام دیتاہے مگر لوگ آج اس سے دور ہوجاتیجارہے ہیں۔ آج حضرت محمدؐ کے یوم ولادت اور یوم وصال کے موقع پر میں پیغمبر اسلام کو سلام کرتی ہوں جنہوں نے ہمیں امن و بھارئی چارہ کی راہ دکھائی ۔ سابق مرکزی وزیرجگیدش ٹائٹلر نے کہا کہ قرآن پاک ہمیں تعلیم حاصل کرنے کا درس دیتا ہے ، حضرت محمد کے ذریعہ ہمیں نیک راہ پر چلنے کی ہدایت دی گئی جو پوری دنیا کے لئے ہے ۔
دہلی پردیش بی جے پی کے سابق صدر وجیندر گپتا نے حضور اکرمؐ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن پوری دنیا میں ایک نئی روشنی اور ایک نیا پیغام لے کر آیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہر متبہ میں اس روز ایک نیا سبق لیتا ہوں۔ مرکزی انجمن عیدمیلادالنبیؐ باڑہ ہندو راؤ کے زیر اہتمام منعقد کئے گئے اس جشن عیدمیلاد النبیؐ میں صدر بازار اسمبلی حلقہ کے سابق ایم ایل سے سوم دت، شالوملک ، ارجن کمار ، جے پرکاش نے بھی اظہار خیال کیا۔ جلسہ کا آغاز مولانا آزاد عالم رضوی نے تلاوت کلام پاک اور نعت رسول سے کیا۔ جلسہ کی صدارت محمد احمد قریشی نے کی جب کہ نظامت کے فرائض ساجد رضا نے انجام دیے ۔ اس موقع پر بھائی مہربان قریشی، انور پیر جی، حاجی جان عالم، عبدالرشید انصاری ، سابق کونسلر عمران اسماعیل، کونسلر حور بانو، مرزا جاوید علی سمیت بڑی تعداد میں اہم شخصیات نے شرکت کی ۔ جشن عید میلاد النبی کے کنوینر حاجی شمیم احمد قریشی نے تمام شرکاء و مہمانان کا خیرمقدم و شکریہ ادا کیا۔ آخر میں صلوۃ و سلام کے بعد مولانا محمد جاوید نقشبندی نے دعا کرائی ۔ بعد ازاں جلوس محمدیؐ کا آغاز ہوا اور یہ پہاڑی دھیرج، بارہ ٹوٹی ، صدر بازار، قطب روڈ، کھاری باؤلی، شاہی مسجد فتح پور ، کٹرہ بڑیان، فراش خانہ، لال کنواں،کوچہ پنڈت ، سرکہ والان ، حوض قاضی ، چاوڑی بازار اور بڑھ شاہ باللہ ہوتا ہوا جامع مسجد چوک پر اختتام پذیرہوا جہاں سابق ایم ایل اے شعیب اقبال، ہارون یوسف، آل محمد اقبال ، راکیش کمار ودیگر لیڈروں اور سرکردہ شخصیات نے اس کا استقبال کیا ۔ اس سے قبل کئی مقامات پر موٹر پارٹ مارکیٹ اینڈ ویلفیئر ایسوسی ایشن کے ظہیر لفافے والے ، بلیماران کے کونسلر عمران حسین و دیگر سرکردہ سماجی اور عوامی تنظیموں نے اس کا استقبال کیا اور کئی جگہ لنگر و تبرک تقسیم کئے گئے ۔
شاہی امام مسجد فتحپوری: دہلی مولانا ڈاکٹر مفتی محمد مکرم احمد کی سرپرستی اور صدارت میں دہلی کی قدیم ترین محفل عید میلاد النبی ﷺ کا انعقاد گیارہ ربیع الاول کوبعد نماز عشاء ہوا۔ قل شریف کے بعد حاضرین کی خدمت میں تبرک پیش کیا گیا ، اور دعا کی گئی ۔ بعد نماز عشاء اجلاس عام میں شعراء حضرات اور علماء عظام نے خطاب کیا جن میں مولانا معظم احمد نائب شاہی امام مسجد فتحپوری ، مولانا عبدالقادر حبیبی ، جنرل سکریٹری آل انڈیا سنی علماء فیڈریشن ، مولانا محمد قطب عالم سربراہ جامعہ امام احمدرضا سنگم دہار، پروفیسر ضیاء الدین شمسی تہرانی ، مولانا محمد انس احمد، مولانا محمد محتشم نے تعلیمات اسلام ، سیرت طیبہ اور محفل میلاد کی خیروبرکت پر تفصیل سے خطاب کیا ۔ محفل کا آغاز ڈاکٹر محمود احمد ، مولانا انس احمد اور مولانا عبدالمومن کی تلاوت سے ہوا ۔ نعت خواں حضرات میں محمد عزیز ، علی اکبر، محمد اصغر، محمد مستقیم، محمد رفیق، محمد عامر،محمد ساجد ، محمد امین ، محمد مقصود قابل ذکر ہیں ۔ شاعر اسلام اسلم وارثی نے مخصوص انداز میں بارگاہ رسالت میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔
جامعہ اسلامیہ 64کھمبا: میردرد روڈ نئی دہلی میں مولانا عزیزالرحمن چمپارنی کی صدارت میں سیرت النبی کا اجلاس منعقد ہوا ، جس میں کئی مقررین نے پیغمبر اسلام کی زندگی کے مختلف پہلووں پر روشنی ڈالی ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا آفتاب قاسمی صدر القاسم فاؤنڈیشن اور مہتمم مدرسہ ہذا نے کہا کہ نبی کی زندگی میں حقوق العباد کا بڑا مقام تھا ، آپ پڑوسیوں اور اقرباکا بڑا خیال رکھے تھے، آپ خیر الانسان اس لئے بھی تھے کہ کیوں کہ انسانوں کے ساتھ آپ کا معاملہ بہت ہی مشفقانہ ہوتا تھا اور آپ ایک دوسرے کے حق کا بہت خیال رکھتے تھے ۔ ان کے علاوہ مولانا افتخار قاسمی اورمفتی عزیزالرحمن چمپارنی نے بھی سیرت پر خاص خطاب کیا ، ان کے خطاب سے قبل مدرسہ کے طلباء نے کئی عمدہ مکالمے پیش کئے ، اجلاس کی سرپرستی حاجی اسلام الدین نے کی۔
جامعہ نگرمیں اہلسنت اکیڈمی ذاکر نگر کے زیر اہتمام جلوس نکالا گیا۔ صبح نو بجے یہ جلوس مختلف گلیوں اور سڑکوں سے ہوتا ہوا ذاکر نگر مین روڈ، بٹلہ ہاؤس چوک، بس اسٹینڈ سے اوکھلا گاؤں چھپر والی مسجد ، تکونہ پارک ،جامعہ ملیہ اسلامیہ ، غفارمنزل، حاجی کالونی ، جوہری فارم ، نور نگر اور یہاں سے اوکھلا ہیڈ اور مسجد خلیل اللہ ہوتا ہوا قادری مسجد پر ختم ہوا ۔ اس موقع پر جلوس میں عید میلاد النبی کمیٹی بٹلہ ہاؤس ، رحمت عالم ویلفیئر ٹرسٹ ، الجامعۃ القادریہ دارالقلم ، جامعہ حضرت نظام الدین اولیاء، انجمن رضا، مدرسہ حسنی حسینی، کے علاوہ انجمن ماتم کارگل، دعوت اسلامی اور امروہہہ فاؤنڈیشن بطور خاص شریک تھے ۔ دوسری جانب غوثیہ فلاح ملت فاؤنڈیشن جسولہ، عمر فاروق ویلیفئیر سوسائٹی شاہین باغ اور اسلامک ویلفیئر ٹرسٹ کی جانب ایک جلوس نکالا گیا۔
مدن پور کھادر ، میں جامعہ خواجہ قطب الدین بختیار کاکی ، مسجد مدرسہ غوث اعظم ڈی بلاک، انجمن اہلسنت فیز۔3اور سنی نوجوان کمیٹی کنچن کنج کے زیر اہتمام ایک بڑا جلوس نکالا گیا جس میں تقریباً بڑی تعداد میں فرزندان توحید نے شرکت کی ۔ جلوس جے جے کالونی ، کچی کالونی ، مدن پور کھادر ایکسٹینشن اور جے جے کالونی کے قبرستان ہوتا ہوا تھا نہ جیت پور آیا ۔ مولانا مقبول احمد سالک مصباحی نے اس موقع پر میلاد النبی کے اغراض و مقاصدپر روشنی ڈالی۔ جب کہ نور ایجوکیشن ویلیفیئر ٹرسٹ کے زیر اہتمام جلوس نکالا گیا جسمیں تقریباً300گاڑیاں تھیں یہ جلوس مدنپور کھادر جے جے کالونی، شاہین باغ، بٹلہ ہاؤس ، تیمور نگر، آشرم بھوگل ہوتے ہوئے حضرت نظام الدین اولیاء کے درگاہ پر جاکر اختتام پذیر ہوا۔
جیعت پور سے جلوس عید میلاد النبی صبح9بجے چشتیہ، جامعہ اسلامیہ غریب مسجد ، سروسوتی کالونی، مسجد خداداد ، راجیو کالونی اور انجمن قادریہ کے زیر اہتمام جلوس عید میلاد النبی نکالا گیا ، جو صحت پور ، پلہ چوکی ہوتا ہوا تقریبا تین کلو میٹر کا فاصلہ طے کر کے سرائے خواجہ بھورے شاہ میاں کی درگاہ پر اختتام پذیر ہوا۔
نانگلوئی کیمپ نمبر2میں مسجد مصطفی ، دارلعلوم محبوب الہی کی جانب سے حضرت محمد ﷺ کی یوم ولادت کے موقع پر جلوس محمدی کا انعقاد کیا گیا۔ جلوس کا آغاز مسجد کے امام مولانا عبداللہ کی تلاوت کلام اللہ اور حضرت محمد ﷺ کی شان میں تقریر کے ساتھ ہوا۔ یہ جلوس مسجد مصطفیٰ سے شروع ہوکر اڑی روڈ بدھ بازار روڈ سے ہوتا ہوا روہتک روڈ پر پہنچا جہاں سے نانگلوئی جے جے کالونی کی گلیوں سے گزرتا ہوا واپس مسجد مصطفیٰ پرختم ہوا۔
اتم نگر موہن گارڈن کی جانب سے عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر جلوس محمدی کا اہتمام کیا گیا ۔ جس میں اتم نگر کی 17مسجد وں سے نکالے گئے جلوس بھی جلوس محمدی میں شامل ہوگئے جس کی وجہ سے جلوس محمدی تقریباً تین کلو میٹر لمبا ہوگیا تھا، اس جلوس میں ہزاروں کی تعداد میں لوگ شامل تھے ۔ جلوس کا آغاز سنی مرکز سے ہوا جو اتم نگر کے تمام علاقوں سے گزرتا ہوا پیپل چوک مین نجف گڑھ روڈ ہوتا ہوا اتم نگر بس ٹرمینل پر پہنچا جہاں مولانا انصار رضا نے حضرت محمد ؐ کی سیرت پر روشنی ڈالی ۔

Mailad-un-Nabi day celebrated in Delhi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں