ملائشیا نے بالآخر لاپتہ ایم ایچ۔370 کو حادثہ قرار دے دیا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-30

ملائشیا نے بالآخر لاپتہ ایم ایچ۔370 کو حادثہ قرار دے دیا

کوالالمپور
پی ٹی آئی
گزشتہ سال مارچ میں پراسرار طورپر لاپتہ ملائشیائی ایر لائن کا طیارہ ایم ایچ۔ 370کو ایک حادثہ قرار دے دیا گیا ہے ۔ اس طرح ایک قانونی ذمہ داری متعین ہوگئی ہے کہ239مسافرین بشمول5ہندوستانیوں کے لواحقین کو معاوضہ ادا کیاجائے ۔ ملائشیائی شہری ہوا بازی محکمہ کے سربراہ اظہر الدین عبدالرحمن نے پہلے سے ریکارڈ کرائے گئے ایک بیان میں کہا کہ ہم نہایت گہرے غم اور بھاری دل سے سرکاری طور پر اعلان کرتے ہیں کہ ملائشیائی ایر لائنس کی فلائٹ ایم ایچ370کو حادثہ ہوا تھا ۔ تمام239مسافرین اور ارکان عملہ کے بارے میں تصور کیاجائے گا کہ وہ اپنی زندگیوں کو کھوچکے ہیں ۔ انہوں نے ایک پیام میں جو ملائشیائی ٹیلی ویژن پر نشر کیا گیا ، کہا کہ بین الاقوامی تلاشی آپریشن کے باوجود بیجنگ جانے والے طیارہ کا تا حال کوئی سراغ ہاتھ نہیں لگا ۔ یہ طیارہ8مارچ2014ء کو کوالالمپور سے اڑان بھرنے کے ایک گھنٹہ بعد بحیرہ ہند میں لاپتہ ہوگیا تھا ۔ عہدہ داروں نے بتایا کہ بازیابی کی کاروائی جاری ہے ۔ ملائشیائی شعبہ ہوا بازی کے سربراہ اظہر لادین نے بتایا کہ بوئنگ777-200ایر کرافٹ کی تلاشی ہنوز ایک ترجیح ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی شہری ہوابازی پر شکاگو اعلامیہ کے مطابق اصطلاح’’ حادثہ‘‘ کی تشریح میں لا پتہ طیارہ آتا ہے ۔ اس میں مزید کہا گیا ہے کہ کسی طیارے کو اس وقت لاپتہ تصور کیاجائے گا جب سرکاری تلاش ختم کردی جائے اور ملبہ کا کوئی سراغ نہ ملے ۔ اظہر الدین نے کہا کہ بچاؤ ٹیم اور ملائشیائی پولیس کی جانب سے تحقیقات ہنوز جاری ہیں لیکن دونوں فی الوقت عملی شواہد کی کمی کے باعث زیادہ کچھ کرنے کے موقف میں نہیں ہیں ۔

MH370 crash declared 'an accident' by Malaysia

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں