سخت موسم کے اختتام پر وادی کشمیر میں پہلی برفباری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-30

سخت موسم کے اختتام پر وادی کشمیر میں پہلی برفباری

سری نگر
پی ٹی آئی
وادی کشمیر میں بالخصوص میدانی علاقوں میں آج برفباری ہوئی۔ یہ جاریہ موسم کی پہلی برفباری ہے جو وادی کے تمام علاقہ میں ہوئی۔ کشمیر میں40روزہ برفباری اور سردی کا سخت ترین موسم چلا ئی کلاں ، جو آج ختم ہورہا ہے کے دوران موسم خشک رہا ، جس کے باعث زبردست سردی ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے ڈائرکٹر سونم لوٹس نے بتایا کہ آج صبح سے ہی وادی کشمیر کے کئی ایک علاقوں میں برفباری شرو ع ہوئی ۔ تاہم انہوں نے کہا کہ یہ برفباری زیادہ دیر تک جاری نہیں رہی ۔ انہوں نے بتایاکہ پہلگام میں صبح8:30بجے تک3انچ برفباری ریکارڈ کی گئی ۔ وادی میں کہیں بھی بھاری برفباری کی اطلاع نہیں ملی ہے کیونکہ برفباری زیادہ دیر تک برقرار رہی۔وادی کا مطلع ابر آلود رہنے سے اقل ترین درجہ حرارت میں اضافہ ہوا جس کے باعث شہریوں کو سخت ترین خشک سردی سے کسی قدر راحت میسر آئی ۔ ریاست جموں و کشمیر کے گرمائی دارالحکومت سری نگر میں اقل ترین درجہ حرارت منفی 0.2ڈگری سلسیس ریکارڈ کیا گیا ۔ یہ درجہ حرارت گزشتہ رات کے درجہ حرارت سے2.3ڈگری سلسیس زیادہ ہے ۔ شہر سری نگر میں صبح کے اوقات میں موسم کی پہلی برفباری 0.3ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ۔ شمالی کشمیر کے اسکائی ریسارٹ گلمرگ میں0.4ملی میٹر برفباری ریکارڈ کی گئی ۔ یہاں کا درجہ حرارت2ڈگری بڑھ کر منفتی8.6ڈگری سلسیس ہوگیاجب کہ یہ گزشتہ رات 10.6درجہ سلسیس تھا ۔ یو این آئی کے بموجب وادی کشمیر کے عالمی شہرت یافتہ ڈل جھیل، ولر جھیل کے علاوہ بیشتر آبی ذخائر منجمد ہوگئے ہیں۔ اس کے سبب دریائے جہلم اور لدر میں پانی کی سطح می کمی دیکھی گئی ۔ وادی کشمیر اور خطہ لداخ کے لوگوں نے چلائی کلاں سے قبل ہی غذائی اجناس اور اشیاء ضروریہ کا وافر اسٹاک اپنے گھروں میں موجود رکھا تھا ۔ لوگوں نے اس دوران سردی سے بچنے کے لئے روایتی کانگڑیوں اور گرم ملبوسات کا بڑھ چڑھ کر استعمال کیا۔ چلائی کلاں کے بعد بھی وادی کشمیر اور خطہ لداخ کے لوگوں کو سردی کے مزید دو مرحلوں سے گزرنا پڑے گا ۔ جنہیں’’چلائی خورد‘‘ اور چلائی بچہ ، کے نام سے جانا جاتا ہے ۔ گلمرگ کے بالائی علاقوں بشمول کھلن مرگ، سیون سپرنگس اور افروٹ میں جمعرات کی صبح درمیانہ درجے کی برفباری ریکارڈ کی گئی ۔ شمالی کشمیر کے بالائی علاقوں میں بھی جمعرات کے صبح درمیانہ درجے کی برفباری ریکارڈ کی گئی جب کہ جنوبی کشمیر کے پہلگام میں دوپہر تک ایک فٹ برفباری ریکارڈ کی گئی ہے ۔ تاہم پہلگام کے بالائی علاقوں بشمول مقدس امرناتھ گھپا اور اس سے ملحقہ علاقوں میں گزشتہ رات درمیانہ سے بھاری درجہ کی برفباری ہوئی ہے ۔ امرناتھ غار کے روایتی راستے شیش ناگھ، مہاگنس، پنج ترنی ، پسو ٹاپ اور چندن واڑی میں بھی تازہ برفباری ہوئی ہے ۔ اس دوران محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ریاست جموں میں اگلے24گھنٹوں کے دوران چند ایک مقامات پر ہلکی بارش یا برفباری ہوسکتی ہے ۔

Kashmir receives season's first snowfall

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں