پی ٹی آئی
بی جے پی نے آج ناراض سر گرمیوں کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے حال ہی میں پارٹی میں شامل ہونے والی کرن بیدی کو7فروری کے دہلی اسمبلی انتخابات میں چیف منسٹر کے عہدہ کے لئے اپنی امیدوار قرار دیا ہے جو ایک سابق آئی پی ایس آفیسر ہیں ۔ بی جے پی پارلیمانی بورڈ کی میٹنگ کے بعد اس فیصلہ کا اعلان کرتے ہوئے پارٹی صدر امیت شاہ نے کہا کہ66سالہ کرن بیدی کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ اتفاق رائے سے کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کر ن بیدی کی قیادت میں70رکنی اسمبلی کے لئے اہم چاؤ لڑے گی ۔ وہ مشرقی دہلی کے کرشنا نگر حلقہ سے مقابلہ کریں گے جسے بی جے پی کا مضبوط گڑھ سمجھاجاتا ہے ۔ پارلیمانی بورڈ کی میٹنگ میں وزیر اعظم نریندر مودی ، وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ ، وزیر فینانس ارون جیٹلی ، وزیر خارجہ سشما سوراج اور دوسروں نے شرکت کی ۔ اس دوران کرن بیدی نے بی جے پی میں ناراضگیوں کی اطلاعات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا ہے ۔ انہوں نے ادعا کیا کہ بی جے پی کارکن پارٹی میں ان کی شمولیت سے خوش ہیں اور متحد ہیں ۔ کرن بیدی نے عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کجریوال پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دہلی کے عوام کو چاہئے کہ وہ بی جے پی کو ووٹ دیں کیونکہ پارٹی ہی دھرنا دینے کے بجائے شہر کی مجموعی ترقی کے لئے مرکز کے ساتھ تال میل کے ساتھ کام کرسکتی ہے ۔
دریں اثنا پی ٹی آئی کی ایک علیحدہ اطلاع کے بموجب عام آدمی پارٹی سربراہ اروند کجریوال نے آج بی جے پی کو ایک ڈوبتا جہاز قرار دیا جس نے شکست کے پیش نظر اپنی عزت بچانے کے لئے سابق پولیس عہدیدار کرن بیدی کو پارٹی میں شامل کیا۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو بری شکست ہوگی حالانکہ وہ شکست کو ٹالنے کے لئے روزانہ ایک نیا حربہ استعمال کررہی ہے ۔ کجریوال نے کہا کہ بی جے پی جانتی ہے کہ اس چناؤ میں اسے بری شکست ہونے والی ہے اسی لئے پارٹی کرن بیدی کو لائی ہے تاکہ انہیں قربانی کا بکرا بنایاجاسکے لیکن کوئی بھی اس پارٹی کو اب نہیں بچا سکتا ۔ یہ ایک ڈوبتا جہاز ہے ۔ وہ سلیم پور حلقہ میں ایک ریالی سے خطاب کررہے تھے ۔
Kiran Bedi to be BJP's CM candidate in Delhi: Amit Shah
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں