تلنگانہ کے تمام زیر التوا ریلوے پراجکٹس کی تکمیل کا وزیر ریلوے سے مطالبہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-20

تلنگانہ کے تمام زیر التوا ریلوے پراجکٹس کی تکمیل کا وزیر ریلوے سے مطالبہ

حیدرآباد
منصف نیوز بیورو
وزیر ریلوے سریش پربھاکر پربھو نے نوتشکیل شدہ ریاست تلنگانہ اور آندھر اپردیش کو مربوط کرنے والی پہلی ٹرین سکندرآباد، وشاکھا پٹنم اے سی ویکلی ایکسپریس کا آج سکندرآباد ریلوے اسٹیشن پر افتتاح انجام دیا ۔ اس ٹرین کی خدمات کا24جنوی سے باقاعدہ آغاز ہوگا تاہم آج افتتاحی ٹرین کو بھی جھنڈی دکھاکر روانہ کردیاگیا ۔ سریش پربھو نے ناندیڑ اور اورنگ آباد کے درمیان بھی ایک نئی ویکلی ایکسپریس ٹرین کا ریموٹ کے ذریعہ افتتاح عمل میں لایا ۔ سکندرآباد ریلوے اسٹیشن پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر نے کہا کہ عوام کے بے حد اصرار پر ان ٹرینوں کا افتتاح کیا گیاہے ۔ مستقبل میں بھی عوام کی سہولت کے لئے مختلف نئے پراجکٹس کا آغاز عمل میں لایاجائے گا ۔ انہوں نے دونوں ریاستوں کو یکساں ریل سہولتیں فراہم کرنے کا تیقن دیتے ہوئے کہا کہ سکندرآباد وشاکھاپٹنم ایکسپریس ٹرین کا2014ء کے ریلوے بجٹ میں اعلان کیا گیا تھا۔ انہوں نے کانگریس قائد ہنومنت راؤ اور مرکزی وزیر بنڈارو دتا ترتیہ کی پیش کردہ تجویز کو قبول کرتے ہوئے تروپتی اور شرڈی کے درمیان نئی ٹرین کے آغاز پر غور کرنے کا تیقن دیا ۔ مزکری وزیر بنڈارو دتاترتیہ نے وزیر ریلوے سے یہ بھی مطالبہ کیا کہ سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کو بین الاقوامی سطح پر ترقی دی جائے ۔ قبل ازیں وزیر ریلوے سریش پربھو نے کہا کہ ان کی وزارت آندھرا پردیش اور تلنگانہ کی ضرورتوں کی تکمیل کے لئے اسپیشل پرپز وہیکل( ایس پی وی) کی تشکیل عمل میں لائے گی۔ تقریب کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں ریاستوں کے ساتھ مشاورت کے بعد ایس پی وی کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ریاستیں مختلف تجاویز مرکز کو روانہ کرسکتی ہیں جن پر غور کیاجائے گا۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ مندروں کے شہر تروپتی تا قومی دارالحکومت دہلی کے لئے راست ٹرین ہونی چاہئے ۔
ذرائع نے بتایا کہ سکندرآبا تاوشاکھا پٹنم نئی اے سی ٹرین جملہ701کلو میٹر کا فاصلہ طے کرے گی۔ نئی اے سی ایکسپریس ٹرین سے مصروف روٹ پر حمل و نقل کی سہولت میں اضافہ ہوگا اور کئی شہر آپس میں جڑ جائیں گے۔ اس کے علاوہ موجودہ ٹرینوں پر بوجھ میں کمی ہوگی ۔ وزیر ریلوے ، سریش پربھو نے بعد ازاں تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کی ۔ انہوں نے تلنگانہ میں تمام زیر التوا ریلوے پراجکٹس پر ایک اجلاس منعقد کرنے کے چندر شیکھر راؤ کی تجویزپر مثبت رد عمل کا اظہار کیا ۔آئندہ ریلوے بجٹ سے قبل بالعموم تلنگانہ اور بالخصوص حیدرآباد کے لئے یہ اجلاس منعقد کیاجائے گا۔ کے چندر شیکھر راؤ نے وزیر ریلوے کو تلنگانہ میں زیر التوا کئی ریلوے پراجکٹس کے بارے میں بتایا اور ان کی تکمیل پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں شہروں حیدرآباد اور سکندرآباد میں مسلسل بڑھتی آبادی کے پیش نظر مولا علی اور ناگولاپلی ریلوے اسٹیشنوں کے درمیان ریلوے پراجکٹس کی تعمیر ضروری ہے ۔ اور سکندرآباد ریلوے اسٹیشن پر بوجھ کم کرنے کے لئے نئے ٹرمینل اسٹیشن کو فروغ دیاجانا چاہئے ۔ چیف منسٹر نے وزیر ریلوے سے یہ بھی درخواست کی کہ وہ اے پی ایکسپریس کا نام فوری تبدیل کرکے اسے تلنگانہ ایکسپریس سے موسوم کریں ۔
چیف منسٹر اور وزیر ریلوے کے درمیان ملاقات کے دوران تلنگانہ میں ریل کوچ فیاکٹری کے قیام کی تجویز پر بھی غوروخوض کیاگیا جس کا کئی برسوں قبل ریلوے بجٹ میں اعلان کیا گیا تھا۔ کے سی آر نے درخواست کی کہ فیاکٹری کا فوری قیام عمل میں لایاجان چاہئے ۔ ریاستی حکومت اراضی فراہم کرے گی۔ واضح رہے کہ سال2013کے ریلوے بجٹ میں ضلع ورنگل کے قاضی پیٹ میں ریل کوچ فیاکٹری کا اعلان کیا گیاتھا جس کے لئے 156.26کروڑ روپے مختص کئے گئے تھے تاہم اس پراجکٹ کے تعمیری کاموں کا ہنوز آغاز نہیں ہوا ہے۔ کے چندر شیکھر راؤ نے تشکیل تلنگانہ کے پیش نظر قاضی پیٹ میں ایک نئے ریلوے ڈیویژن کے قیام کی بھی فوری ضرورت ظاہر کی ۔ کریم نگر تا جگتیال تا نظام آباد178.39کلو میٹر طویل ریلوے لائن بچھانے کے زیر التوا پراجکٹ پربھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ بتایاگیا ہے کہ193-94کے ریلوے بجٹ میں پداپلی نظام آباد نئی براڈ گیج لائن منظور کی گئی تھی ۔ پداپلی تا جگتیال 81کلو میٹرریلوے لائن2007ء میں مکمل کر کے اس کا افتتاح کردیا گیا تاہم مکمل پراجکٹ ہنوزپورا نہیں ہوا ہے۔ تلنگانہ کے دیگر مقامات پر بھی نئی ریلوے لائن بچھانے کے کاموں پر بھی بات چیت ہوئی ۔ چیف منسٹر نے وزیر ریلوے پر زور دیا کہ فوری یہ پراجکٹس مکمل کیے جائیں ۔ سکندرآباد کی تقریب میں مرکزی وزیر لیبر بنڈارو دتاتریہ ریاستی وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی ، ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کے علاوہ ریلوے عہدیدار موجود تھے ۔ چیف منسٹر اور مرکزی وزیر کی ملاقات کے موقع پر دہلی میں حکومت تلنگانہ کے نمائندہ وینو گوپال چاری، مشیر حکومت تلنگانہ کے وی رمنا چاری چیف منسٹر کے پرنسپال سکریٹری ایس نرسنگ راؤ، سکریٹری محکمہ بلدی نظم و نسق ایم جی گوپال ، کمشنر و اسپیشل آفیسر گریٹر حیدرآباد ، سومیش کمار ، پرنسپال سکریٹری محکمہ ٹرانسپورٹ سنیل شرما اور منیجنگ ڈائرکٹر حیدرآباد میٹرو ویل این وی ایس ریڈی بھی موجود تھے ۔

KCR urges Rly Minister to clear all pending projects

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں