گھر واپسی معاملے پر اویسی اور بھاگوت میں لفظی جنگ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-05

گھر واپسی معاملے پر اویسی اور بھاگوت میں لفظی جنگ

حیدرآباد
ایجنسیاں
مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اسد الدین اویسی نے کہا ہے کہ اسلام تمام مذاہب کا حقیقی گھر ہے ، اور جب تمام مذاہب کے لوگ اسے اپنائیں گے تبھی حقیقی گھر واپسی ہوگی ۔ انہوں نے عید میلاد النبی کے موقع پر ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب دیگر مذاہب کے لوگ اسلام اپنائیں گے تبھی وہ حقیقی گھر واپسی ہوگی ۔ ایم آئی ایم کے رہنما نے کہا کہ سنگھ پریوار گھر واپسی کے نام پر ایک مہم چلا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانون کو پانچ لاکھ روپے اور عیسائیوں کو دو لاکھ روپے کا لالچ دیاجارہا ہے ۔ صرف پانچ لاکھ روپے ؟ کیا مذاق ہے ۔ اگر آپ دنیا کی ساری جائیداد بھی دے دیں تو مسلمان اسلام نہیں چھوڑ سکتے ۔ انہوں نے تمام مذاہب کے لوگوں کو اسلام میں داخل ہونے کی دعوت دی ، لیکن یہ بھی صاف کیا کہ اسے لے کر کوئی دباؤ نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آپ واپس آئیے، ہم آپ کو پیسہ نہیں دے سکتے لیکن آپ کو دنیا اور اس کے بعد کامیابی کی ضمانت دیتے ہیں ۔

دریں اثنا احمد آباد سے ایجنسی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب احمد آباد میں آر ایس ایس ’چنتن شیور‘ میں آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت نے ایک بار پھر دہرایا کہ ملک ہندوستان دنیا کو سبق دیتا رہا ہے۔ ہندوستان دنیا کا بڑا بھائی۔ ملک کو سخت گیروں سے آزاد کرنا ہے ۔ سب کو ملک کو اپنا سمجھنا ہوگا ۔ سختی گیری کی وجہ سے دہشت گردی بڑھی ہے ۔ بھاگوت نے کہا کہ آر ایس ایس ’سنسکار‘ دینے والی تنظیم ہے، کارکنان ہندو سماج کو منظم کریں ۔ اختلافات کو دور کرکے ملک کی خدمت کریں ۔ یہ ملک روایت سے ہندو ملک ہے ۔ ملک کے بھلے برے کا ذمہ دار ہندو ہے ۔ ہندوسماج خطرے میں ہے تو ملک خطرے میں ہے۔ اگر ہم تیار ہیں تو کوئی ہمیں روک نہیں سکتا ۔ سب کو قبول کر و، سب کو ساتھ لے کر چلو ۔ آر ایس ایس کے سربراہ نے کہا کہ سماج حکومت پر منحصر ہے ، حکومت بھروسے سماج نہ رہے ۔ حکومت سب کچھ نہیں کرسکتی ۔ اہل وطن کو پورے ملک اپنا لگے ۔ اگر ہندو ایک ہوجائے تو ملک کی ترقی یقینی ہے ، دنیا بھی ہندوستان کی ترقی چاہتی ہے ۔

Ghar wapsi row: Owaisi vs Bhagwat

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں