بارہویں جماعت تک مفت تعلیم - کجریوال کا وعدہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-25

بارہویں جماعت تک مفت تعلیم - کجریوال کا وعدہ

نئی دہلی
پی ٹی آئی
اروند کجریوال نے آج کہا ہے کہ وہ آنے والے اسمبلی انتخابات میں عام آدمی پارٹی کو اقتدار ملنے کی صورت میں اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ بارہویں جماعت تک تمام سرکاری اسکولوں میں مفت تعلیم دی جائے اور500نئے اسکولس کھولے جائیں ۔ عام آدمی پارٹی کے سربراہ نے کہا کہ اسکولوں کی نئی صورت گری کی جائے گی تاکہ انہیں ارکان اسمبلی اور وزیروں کے بچوں کے لئے موزوں بنایاجاسکے ۔ دہلی کے سابق چیف منسٹر امبیڈ کر نگر حلقہ میں ایک پرہجوم ریالی سے خطاب کررہے تھے ۔ بعد میں مالویہ نگر حلقہ میں ایک ریالی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے یہ بات دہرائی کہ بی جے پی نے کرن بیدی کو زمین کا بکرا بنایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں کرن جی کا بہت احترام کرتا ہوں لیکن وہ یہ چھوٹی بات کیوں نہیں سمجھ پارہی ہیں کہ یہ بی جے پی کی ایک سازش ہے کہ انہیں چیف منسٹر کی امیدوار کی حیثیت سے نمایاں کیاجائے تاکہ وہ انتخابات میں پارٹی کی شکست کے لئے انہیں ذمہ دار ٹھہرا سکیں ۔ کجریوال نے کہا کہ بی جے پی اپنے ارکان پارلیمنٹ کی ریالیوں میں عوام کی قلیل تعداد کی شرکت سے پریشان ہیں ۔

دریں اثنا نئی دہلی سے آئی اے این ایس کی ایک علیحدہ اطلاع کے بموجب سابق چیف منسٹر دہلی اورعام آدمی پارٹی کے امید وار چیف منسٹری اروند کجریوال نے آج کہا ہے کہ جشن جمہوریہ پریڈ(26جنوری) میں شرکت کے لئے انہیں دعوت نامہ نہیں دیا گیا ، جہاں صدر امریکہ بارک اوباما مہمان خصوصی ہوں گے ۔ صدر اے اے پی نے بتایا کہ انہیں مدعو نہیں کیا گیا ہے اگرچہ وہ یوم جمہوریہ تقریب میں شرکت کرنا چاہتے ہیں ۔‘‘ میں نہیں جانتا کہ مجھے کیوں مدعو نہیں کیا گیا ہے حالانکہ میں شرکت کرنا چاہتا ہوں ۔‘‘ اسی دوران بی جے پی نے کہا ہے کہ پروٹوکول کے مطابق سابق چیف منسٹروں کو یوم جمہوریہ پریڈ میں مدعو نہیں کیا جاتا تاہم’’مطالبہ پر‘‘ خصوصی دعوت نامہ دیاجاسکتا ہے ۔ بی جے پی ترجمان جی وی ایل نرسمہا راؤ نے بتایا کہ یوم جمہوریہ تقاریب میں شرکت کا دعوت نامہ وزارت دفاع دیتی ہے اور میں نے مسئلہ پر اس وزارت سے وضاحت طلب کی ہے۔

Free education till class 12, 500 new schools promised by Arvind Kejriwal

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں