سابق آئی پی ایس عہدیدار کرن بیدی بی جے پی میں شریک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-16

سابق آئی پی ایس عہدیدار کرن بیدی بی جے پی میں شریک

نئی دہلی
یو این آئی
سابق آئی پی ایس عہدیدار کرن بیدی نے آج بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی ۔انہوں نے دہلی میں ہونے والے انتخابات سے لگ بھگ 3ہفتہ قبل یہ قدم اٹھایا اور صدر پارٹی امیت شاہ کی موجودگی میں بی جے پی میں شمولیت اختیار کی ۔ ماضی میں وہ سماجی رہنما اناہزارے کی انسداد رشوت ستانی تحریک میں پیش پیش رہی تھیں ۔ ایک سیاسی پارٹی قائم کرنے کے مسئلہ پر انا ہزارے سے اختلافات کے بعد انہوں نے صدر عام آدمی پارٹی اروند کجریوال کے ساتھ قریب رہ کر کام کیا تھا ۔ بعد میں وہ کجریوال کی سخت ناقد بن گئیں۔ ایسی اطلاعات ملی ہیں کہ کرن بیدی کو دہلی کی چیف منسٹری کے امیدوار کی حیثیت سے پیش کیاجاسکتا ہے ۔ کرین بیدی کی بی جے پی میں شمولیت پر مختلف تبصرے آئے ہیں ۔ ایک طرف کرن بیدی کے پرانے ساتھی آپ کے صدر کجریوال نے کہا ہے کہ انہوں نے بیدی کو سیاست میں شمولیت کا مشورہ دیا تھا ۔ کجریوال نے کہا کہ کرن بیدی جی کو پسند کرتا ہوں ۔ میں ہمیشہ انہیں سیاست میں شرکت پر رضا مند کرنے کی کوشش کرتا تھا ۔ میں اس بات سے خوش ہوں کہ انہوں نے آج ایسا کرلیا، جب کہ آپ کے قائد سنجے سنگھ نے ان کی بی جے پی میں شمولیت پر کہا کہ وہ(بیدی) ہمیشہ غیر سیاسی ، رہنا چاہتی تھی اور عوام کے مسائل اٹھایا کرتی تھی ۔ لیکن انہوں نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی ۔ ہم انہیں نیک خواہشات پیش کرتے ہیں ۔ دوسری طرف کانگریس کے لیڈر اجے ماکن جو اسمبلی انتخابات میں پارٹی کی قیادت کررہے ہیں نے ان کی بی جے پی میں شمولیت کو سیاسی موقع پرستی قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ کجریلوا اور بیدی نے سیاسی مفاد کے لئے انا ہزارے کا استعمال کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے پتہ چلتا ہے کہ انا ہزارے کی زیر قیادت بد عنوانی مخالف مہم میں غلط افراد شامل تھے ۔

Former IPS officer Kiran Bedi joins BJP

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں