مرکز صرف آر ایس ایس اور صنعت کاروں کے لئے کام کر رہا ہے - مایا وتی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-16

مرکز صرف آر ایس ایس اور صنعت کاروں کے لئے کام کر رہا ہے - مایا وتی

لکھنو
یو این آئی
بہو جن سماج پارٹی (بی ایس پی) سربراہ مایوتی نے آج مرکزی وزیر رام ولاس پاسوان کی قیامگاہ کے وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ کو محض ایک ڈرامہ قرار دیا تاکہ دلتوں کی حمایت حاصل کی جاسکے۔ انہوں نے یہاں نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم ایک دلت کے مکان کا دورہ کرتے ہوئے اور مکر سنکرانتی کے موقع پر کھچڑی نوش کرتے ہوئے کانگریس کے یوراج(راہول گاندھی) کی طرح پیش آرہے ہیں۔ مایاوتی نے جو آج اپنی59ویں سالگر ہ منارہی تھیں ، کہا کہ دلت عوام صرف ان لوگوں کے بارے میں غور کریں گے جو بی ایس پی کی طرح ان کے لئے کام کرتے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے جسطرح ماضی میں جھوٹے وعدے کئے ہیں ان سے بی جے پی کو کوئی مدد نہیں ملے گی ۔ مایاوتی نے اعلان کیا کہ بی ایس پی دہلی اسمبلی انتخابات میں تمام70نشستوں پر مقابلہ کرے گی ۔ انہیں اچھے نتائج کی توقع ہے ۔ پارٹی نے آج سے دہلی اسمبلی انتخابات کے لئے بھی اپنی مہم شروع کی ۔ مایاوتی نے اس مرحلہ پر مابعد انتخابات اتحاد کو بھی خارج از امکان قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ نتائج آنے کے بعد ہی ہم کوئی فیصلہ کریں گے ۔ مایاوتی نے کہا کہ یہ ایک بے بنیاد بات ہے کہ دلت بی ایس پی کو چھوڑ چکے ہیں ، اور وہ لوک سبھا انتخابات کی طرح اس مرتبہ بھی بی جے پی کو ووٹ دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو اس ملک میں صرف17کروڑ ووٹ ملے ہیں جو یوپی میں ڈالے گئے ووٹوں کا صرف31فیصد ہے۔ اتر پردیش میں انہیں42فیصد ووٹ ملے ۔ جب کہ58فیصد عوام نے انہیں مسترد کردیا ۔ انہوں نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ موجودہ این ڈی اے حکومت دلتوںِ پسماندہ طبقات اور مذہبی اقلیتوں کو نظر اندا ز کررہی ہے اور ان کے لئے کچھ نہیں کررہی ہے ۔ جب تک دلتوں اور پسماندہ طبقات کو سماج کے اصل دھارے میں شامل نہیں کیاجاتا ملک ترقی نہیں کرسکتا ۔ اسی دوران پارٹی میں چند مٹھی بھر قائدین کی بغاوت کے بارے میں بتاتے ہوئے بی ایس پی صدر نے یہ وضاحت کی کہ یہ لوگ اپنے مفادات حاصلہ کے لئے پارٹی چھوڑ رہے ہیں ۔
بہر حال مایاوتی نے اسمبلی اور لوک سبھا نشستوں کی فروخت سے متعلق قیاس آرائیوں کی تردید کی ۔علیحدہ اطلاع کے مطابق مایاوتی نے الزام عائد کیا کہ این ڈی اے حکومت اپنے صرف بعض صنعتی دوستوں کے لئے کام کررہی ہے اور آر ایس ایس فرقہ پرست ایجنڈے پر عمل پیرا ہے جب کہ سارے ملک کومسائل کا سامنا ہے ۔ انہوں نے یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب بی جے پی نے دہلی اسمبلی انتخابات میں بھی جھوٹے وعدے کرنے شروع کردیے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور عام آدمی پارٹی دونوں ہی نجکاری کے حامی ہیں، کیونکہ دلتوں اور پسماندہ طبقات کو تحفظات حاصل نہیں ہوتے ، لہذا دہلی اسمبلی انتخابات میں دونوں جماعتوں کی مخالفت کی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز صنعت کاروں اور سرمایہ داروں کے فائدے کے لئے جو بی جے پی کے دوست ہیں ، آرڈیننس اور احکام جاری کرتا جارہا ہے ۔

Centre doing work only for RSS, industrialists: Mayawati

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں