مودی حکومت کے خلاف مرحلہ وار احتجاج کرنے کانگریس کا منصوبہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-17

مودی حکومت کے خلاف مرحلہ وار احتجاج کرنے کانگریس کا منصوبہ

رائے بریلی
یو این آئی
کانگریس نے مرکز کی نریندر مودی حکومت کے خلاف6ماہ کے مرحلہ وار احتجاج کا منصوبہ بنایا ہے ۔ باخبر ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ پرینکا گاندھی وڈرانے اگرچہ اپنی والدہ اور صدر پارٹی سونیا گاندھی کے حلقہ انتخاب رائے بریلی کے لئے اس احتجاجی پروگرام کا اعلان کیا تھا لیکن اس احتجاجی پروگرام کو سارے یوپی کے لئے سمجھا گیا ہے جہاں کانگریس اپنی بقاء کی جنگ لڑ رہی ہے ۔ اسی پروگرام کو ملک کے دیگر حصون میں بھی روبہ عمل لایاجائے گا ۔ اسی دوران پرینکا وڈرا نے آج پہلی بار، رائے بریلی کے مقامی عوام سے رابطہ قائم کیا۔ عوام کے مسائل کی صبرو سکون کے ساتھ سماعت کی اور ان مسائل کو حکام سے رجوع کرنے کا تیقن دیا ۔ بعد میں وہ براہ لکھنو، دہلی کے لئے روانہ ہوگئیں ۔(پرینکا گاندھی وڈرا ، رائے بریلی کے 2روزہ دورہ پر تھیں ۔) پارٹی ذرائع نے بتایا کہ احتجاج کا آغاز مقامی مسائل جیسے کھاد کی قلت اور دیگر امور پر تحصیل کی سطح پر اسی ماہ ہوگا اور آئندہ ماہ ضلع سطحی پر اس احتجاج کو توسیع دی جائے گی ۔ پرینکا وڈرا نے پارٹی قائدین اور کارکنوں سے خواہش کی کہ وہ یوپی میں آنے والے مجالس مقامی کے انتخابات میں مقابلہ کے لئے تیاری کریں اگرچہ کانفریس، امیدواروں کو اپنا انتخابی نشان نہیں دے گی۔ آئندہ مارچ اور اپریل میں یہ پارٹی، برقی بحران، گیہوں کی رعایتی قیمت اور دیگر مسائل پر احتجاج شروع کرے گی اور آخر میں آئندہ مئی اور جون میں بلاک سے لے کر ریاستی سطح پر مظاہرے منظم کئے جائیں گے اور مرکز کی نریندر مودی حکومت کی ناکامیوں کی نشاندہی کی جائے گی ۔ یہاں یہ تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ آئندہ مئی میں بی جے پی اپنے اقتدار کا ایک سال مکمل کرے گی اور مرکز کے خلاف کانگریس کا ملک گیر احتجاج ، مئی میں شروع ہوگا۔

Congress slams Modi: Priyanka Gandhi chalks out 6 months protest plan in Uttar Pradesh

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں