صحرائے سینا میں مصری فوج پر حملہ - 30 اہلکار ہلاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-31

صحرائے سینا میں مصری فوج پر حملہ - 30 اہلکار ہلاک

قاہرہ
پی ٹی آئی
مصر کے شمالی سنائی علاقہ میں عسکریت پسندوں کے سلسلہ وار حملوں میں30فوجی ہلاک ہوگئے ۔ عہدیداروں نے یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ حال ہی میں ایک گروپ نے داعش کے ساتھ وابستگی اور وفاداری کااعلان کیا تھا جس کے ہلاکت خیز حملوں کے سبب فوج کو بڑی تعداد میں جانی نقصان سے دوچار ہونا پڑا ۔ عسکریت پسندوں نے کار بموں کے علاوہ مارٹر بموں سے بھی حملے کئے ۔ عہدیداروں نے یہ وضاحت بھی کی کہ حملہ آوروں نے راکٹس کی برسات کردی اور سلسلہ وار حملوں کے دوران ایک کار بم کو بھی دھماکہ سے اڑا دیا ۔ 30فوجیوں کے علاوہ ایک عام شہری بھی ہلاک ہوا ۔ علاوہ ازیں 60دیگر زخمی بھی ہوئے ۔ حملہ آوروں نے صوبائی دارالحکومت العریش میں شمالی سینائی سیکوریٹی ڈائرکٹوریٹ کے ہیڈ کوارٹرس کو نشانہ بنایا ۔ اس کے ساتھ ہی ایک قریبی فوجی اڈہ کے علاوہ ایک ہوٹل اور متعدد سیکوریٹی چیف پوائنٹس پر بے دریغ بہیمانہ حملے کئے۔ سرکاری ٹیلی ویژن اور اہرام عربک نیوز ویب سائٹ نے یہ اطلاع دی۔ دیگر ذرائع نے بتایا کہ مختلف حملوں میں کم از کم3میزائل شیلس کے علاوہ ایک کار بم حملہ ہوا۔ ایک اور حملہ میں غزہ پٹی کے سرحدی رفح میں ایک فوجی چیک پیوائنٹ پر حملہ میں ایک آفیسر ہلاک ہوا ۔ اس کی اطلاع ملتے ہی صدر عبدالفتح السیسی ، دورہ ایتھوپیا مختصر کر کے وطن واپس ہوگئے ۔ وہ افریقہ یونین چوٹی اجلاس میں شرکت کے لئے دورہ پر تھے ۔ داعش سے وابستہ تنظیم انصار بیت المقدس نے علاقہ میں حملوں کی ذمہ داری قبول کرلی ہے جہاں فوج ، مذہبی انتہا پسندوں سے بر سر پیکار ہے۔ مذہبی انتہا پسندصدر محمد مرسی کی معزولی(2013) کے بعد سے زبردست جھڑپیں ہورہی ہیں۔ گزشتہ سال نومبر میں انصار بیت المقدس نے داعش کے ساتھ وفاداری اور وابستگی کا اعلان کیا تھا جس نے عراق اور شام کے قابل لحاظ علاقوں پر قبضہ کرکے خلافت کا اعلان کررکھا ہے ۔ گزشتہ چند برسوں کے دوران یہ انتہائی ہلاکت خیز حملہ ہے۔ گزشتہ سال عسکریت پسندوں نے صوبہ سینائی میں حملوں کے دوران سیکوریٹی عملہ کے33ارکان کو ہلاک کردیا تھا ۔ دریں اثناء نہو سوئز پر واقع شہر میں ایک بم دھماکہ میں ایک پولیس آفیسر ہلاک ہوگیا۔ عہدیداروں نے بتایا کہ حملہ کے وقت آفیسر سرکاری ذمہ داریاں انجام دے رہا تھا ۔ شمالی سینائی علاقہ میں سلسلہ وار حملوں کے کچھ دیر بعد ہی بم حملہ ہوا۔ گزتہ ہفتہ شمالی سینائی علاقہ میں کرفیو میں مزید3ماہ کی توسیع کردی گئی تھی۔25اکتوبر کو فوجیوں پر حملہ کے بعد یہاں کرفیو نافذ کردیا گیا تھا ۔ حملہ کے بعد حکومت نے غزہ پٹی سے متصل سرحد پر بفرزون قائم کرنے کا فیصلہ کیا تھا ۔2013ء میں صدر محمد مرسی معزولی کے بعد سے پولیس اور فوج پر حملوں میں شدت آگئی ہے اور اس کے بعد500سیکوریٹی عملہ کو ہلاک کیاجاچکا ہے ۔ سینائی میں سیکوریٹی فورسیز نے بتایا کہ3فوجی طیارے30بیاگس کے ساتھ قاہرہ کے لئے روانہ ہوچکے ہیں جو فوجیوں کی باقیات سے بھرے ہیں۔ فوجیوں کی نعشوں کے چھتڑے اڑ گئے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ 5افراد کی حالت تشویشناک ہے اور ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ کا اندیشہ ہے ۔2بجے آج زخموں سے جانبر نہ ہوسکے جن میں ایک بچہ کی عمر صرف6ماہ ہے۔ بچے کل رات شیخ زید موضع میں عسکریت پسندوں اور فوجیوں کے درمیان جھڑپ میں زخمی ہوئے تھے ۔

Clashes in Egypt's Sinai after jihadists kill 30

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں