جموں میں سرحدی چوکیوں پر پاکستان کی فائرنگ - وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کا انتباہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-02

جموں میں سرحدی چوکیوں پر پاکستان کی فائرنگ - وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کا انتباہ

جموں
پی ٹی آئی
پاکستانی رینجرس نے آج سامبا سیکٹر میں13سرحدی چوکیوں کو نشانہ بنایا جس پر ہندوستان نے سخت رد عمل کا اظہار کیا۔ رینجرس نے کل فائرنگ کرتے ہوئے ایک ہندوستانی جوان کو ہلاک کردیا تھا جب کہ ہندوستانی فوج کی جوابی فائرنگ میں4پاکستانی فوجی ہلاک ہوئے تھے ۔ ہندوستان نے کہا کہ وہ لڑائی بندی کی خلاف ورزی کے تازہ واقعات پر پاکستان کے ساتھ سخت احتجاج درج کرائے گا ۔ آج کے واقعہ کے ساتھ ہی انٹر نیشنل بارڈر پر پاکستان کی جانب سے تیسری مرتبہ لڑائی بندی کی خلاف ورزی ہوئی ہے ۔ جب کہ یہ گزشتہ8 دن میں ساتویں خلاف ورزی ہے ۔ بی ایس ایف کے انسپکٹر جنرل راکیش شرما نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ انہوں(پاکستان) نے بین الاقوامی سرحد پر اصلوں کی خلاف ورزی کی ہے ۔ ہم ان کے ساتھ سخت احتجاج درج کرائیں گے ۔ وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ پاکستان کو ایسی خلاف ورزیوں سے باز رہنا چاہئے ۔ دونوں ملکوں کے عہدیدار اس مسئلہ پر ایک دوسرے کے ساتھ ربط میں ہیں۔ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ پاکستان کو ایسا نہیں کرنا چاہئے ۔ دونوں ملکوں کے عہدیدار مسلسل ربط میں ہیں اورجلد ہی معمول کے حالات بحال ہوجائیں گے ۔ واضح رہے کہ پاکستانی رینجرس نے کل بی ایس ایف کے ایک جوان کو ہلاک کردیا تھا اور بی ایس ایف کے جوابی فائرنگ میں پاکستان کے4جوان ہلاک ہوگئے تھے ۔
اس کے بعد ضلع سامبا میں بین الاقوامی سرحد پر یہ لڑائی بندی کی ایک اور خلاف ورزی ہے۔ شرما نے بتایا کہ پاکستانی رینجرس نے کل رات سامبا سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد پر12تا13سرحدی چوکیوں پر فائرنگ کی ۔ بی ایس ایف نے بھی اس کا جواب دیا جس کے نتیجہ میں فائرنگ کے تبادلے ہوئے جن کا سلسلہ آج صبح چھ بجے تک جاری رہا ۔ آج کی فائرنگ میں کوئی ہلاک یا زخمی نہیں ہوا ۔ کل کے واقعہ میں ایک بی ایس ایف جوان ہلاک اور سامبا کی ریگل چوکی پر پاکستان کی فائرنگ میں ایک اور جوان زخمی ہوا تھا ۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستانی رینجرس کی ہلاکت کے ساتھ ہی انہوں نے سفید پرچم لہرائے اور بی ایس ایف سے کہا کہ وہ فائرنگ بند کردے تاکہ وہ اپنے مہلوکین کی نعشیں لے جاسکیں ۔ بی ایس ایف نے ان کی درخواست مانتے ہوئے فائرنگ بند کردی اور انہیں سرحد تک آنے اور نعشیں لے جانے کا موقع دیا ۔ شرما نے کہا کہ50تا60دہشت گرد پاکستان سے جموں و کشمیر میں گھسنے کے منتظر ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ ہندوستان کی جانب سیکوریٹی اقدامات سخت کردئیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹا جاسکے ۔ پاکستان نے کل اسلام آباد میں ہندوستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کیا تھا اور الزام عائد کیا تھا کہ ہندوستان نے لڑائی بندی کی خلاف ورزی کی ہے ۔

Sooner or later, Pakistan will fall in line: Rajnath Singh on ceasefire violations in J&K

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں