سندھ میں شیعہ عبادتگاہ میں طاقتور بم دھماکہ - 55 مصلی جاں بحق - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-31

سندھ میں شیعہ عبادتگاہ میں طاقتور بم دھماکہ - 55 مصلی جاں بحق

کراچی
پی ٹی آئی
پاکستان کے صوبہ سندھ میں نماز جمعہ کے دوران ایک اقلیتی شیعہ مسجد( امام بارگاہ) میں جو مصلیوں سے بھری ہوئی تھی، ایک طاقتور بم دھماکہ میں کم از کم55افراد بشمول بچے جاں بحق اور50افراد زخمی ہوگئے۔ حالیہ عرصہ میں یہ اپنی نوعیت کا سب سے زیادہ ہلاکت خیز حملہ تھا ۔ شکار پور کے لکھی در علاقہ میں اس زبردست دھماکہ میں عبادت گاہ کی چھت منہدم ہوگئی ۔ یہ علاقہ کراچی سے لگ بھگ470کلو میٹر شمال میں واقع ہے ۔ مصلی نماز جمعہ کے لئے جمع ہوئے تھے ۔ چھت منہدم ہوجانے سے کئی افراد ملبہ میں دفن ہوگئے ۔ صوبائی وزیر صحت جے مہتاب نے مہلوکی کی تعداد55اور زخمیوں کی تعداد لگ بھگ50بتائی ہے ۔ آئی جی پی ، آر میرانی نے بتایا کہ عبادت گاہ میں ایک مشتبہ نوجوان کے داخل ہونے کے جلد بعد یہ دھماکہ ہوا ۔ قبل ازیں خانگی میڈیا نے بتایا تھا کہ یہ ایک خود کش بم دھماکہ ہوسکتا ہے ۔ لیکن اب تک یہ بات واضح نہیں ہوسکی ۔ بچ جانے والوں کو ملبہ کھود کر نکالنے کے لئے سینکڑوں افراد مقام دھماکہ پہنچ گئے۔ دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ کئی کلو میٹر دور تک اس کی آواز سنی گئی ۔ ٹی وی فوٹیج میں گڑ بڑ کے مناظر دکھائے گئے اور لوگوں کو کاروں ، موٹر سیکلوں اور رکشاؤں کے ذریعہ زخمیوں کو تیزی کے ساتھ ہسپتال لے جاتے دکھایا گیا ۔ سینئر پولیس عہدیدار عبداللہ مہر نے ٹیلی فون پر بتایا کہ’’امام بارگاہ کے اندر ایہ دھماکہ بہت شدید تھا اور کسی ریموٹ آلہ کے ذریعہ کیا گیا ۔ دھماکہ کی شدت سے عارضی عمارت کی چھت مکمل طور پر بیٹھ گئی ۔ اور اس سبب کئی اموات ہوئیں۔‘‘
جیو ٹی وی نے ڈی آئی جی شکار پور آر میرانی کے حوالہ سے کہا ہے کہ ایک شخص امام بارگاہ میں ایک آلہ لے کر آیا تھا اور اس نے بم دھماکہ کے لئے اس آلہ کو استعمال کیا۔ یہ دھماکہ، پاکستان میں بڑھتے ہوئے گروہ واری تشد د کے دوران تازہ ترین دھماکہ ہے ۔ پاکستان میں ریاڈیکل سنی مسلم گروپس، شیعہ مسلمانوں کواکثر نشانہ بناتے ہیں ۔ پاکستان کی 180ملین آبادی میں شیعہ آبادی کا تناسب تقریباً1/5ہے۔ عسکریت پسند گروپ جنداللہ نے آج کے حملہ کی ذمہ داری قبول کرلی ہے ۔ اس گروپ کے ترجمان فہد مروات نے بتایا کہ’’ ہمارا نشانہ شیعہ تھے کیونکہ وہ ہمارے دشمن ہیں۔‘‘ بعد ازاں موصول ہونے والی اطلاع کے مطابق امام بارگاہ و مسجد میں ہونے والے دھماکہ میں خاتون کے ملوث ہونے کا انکشاف ہواہے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ اور ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق نماز شروع ہونے کے عین وقت پر ایک لڑکا ہاتھ میں شاپر لیے مسجد کے اندر داخل ہوا جب کہ خاتون باہر موجود رہی، لڑکے نے اندر جاکر موقف اپنایا کہ کینسر کے لئے عطیہ دینے کا اعلان کیا گیا تھا، وہ کینسر کی مریضہ اور حقدار ہے ، عطیات دئیے جائیں لیکن نماز کا وقت ہوجانے کی وجہ سے وہ سیڑھیوں کے پاس بیٹھ گیا ۔ بتایا گیا ہے کہ دھماکہ میں پانچ کلو گرام بارودی مواد ، ریموٹ کنٹرول اور ڈیوائس ، بال بیرنگ اور نٹ بولٹ استعمال کئے گئے ہیں جب کہ دھماکہ کے بعد سے خاتون اور لڑکا غائب ہوگئے ہیں ۔

Bomb blast kills almost 55 at a Shia mosque in Pakistan

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں