امریکہ میں برفانی طوفان کی شدت میں کمی - بوسٹن میں ریکارڈ برفباری کی پیش قیاسی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-29

امریکہ میں برفانی طوفان کی شدت میں کمی - بوسٹن میں ریکارڈ برفباری کی پیش قیاسی

واشنگٹن
یو این آئی؍ رائٹر
امریکہ کی شمال مشرقی ریاستوں میں برف کے طوفان کے باعث لاکھوں افراد اپنے گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے ۔ اس برفانی طوفان کے پیش نظر تمام پروازیں معطل کردی گئی ہیں اور عوام کو سڑکوں پر نہ نکلنے کی تاکید کی گئی کیونکہ پیشگوئی کی گئی تھی کہ برف کا یہ طوفان امریکی تاریخ کے بد ترین طوفانوں میں سے ایک ہوسکتا ہے ۔ واضح رہے کہ 2012ء میں بھی سینڈی نامی طوفان کی وجہ سے نیویارک اور نیو جرسی سمیت کئی ریاستوں میں بہت تباہی مچی تھی اور ایمرجنسی کا نفاذ کیا گیا تھا ۔ حالیہ برفانی طوفان کے بارے میں خدشہ ظاہر کیا گیا تھاکہ اس طوفان سے6کروڑ افراد کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے مگر امریکی کے محکمہ موسمیات کے ادارہ این ڈبلیو ایس نے منگل کے روز موسم کے حوالے سے دی جانے والی پیشگوئی میں بتایا کہ برف کے طوفان کی شدت ویسی نہیں ہے ۔جیسا کہ پہلے پیش گوئی کی گئی تھی مگر ابھی بھی مشرقی ریاستوں میں3فٹ تک برف پڑ سکتی ہے ۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ برفباری تھمنے کے بعد تیز برفیلی ہوائیں چلیں گی ۔ اس سے قبل پیر کو 7,700پروازیں معطل کی گئیں اور ان میں سے بہت سی پروازیں چہار شنبہ تک نہیں جاسکیں گی ۔ اسکولس ، کاروبار اور سرکاری دفاتر بند رہے اور نظام زندگی پوری طرح درہم برہم رہا ۔ پیر کو برفانی طوفان کی پیشگوئی کے بعد سوپر مارکٹس میں اشیائے خردونوش اس وقت نایاب ہوگئیں جب عوام نے برف کے طوفان کے ڈر سے گھروں میں اشیائے ضروری کا ذخیرہ کرلیا ۔ اسی دوران اطلاع ملی ہے کہ بوسٹن اور اس کے اطراف کے علاقہ نیو انگلینڈ میں ایک طاقتور برفانی طوفان ٹکرا یا جس کی وجہ سے4.5ملین افراد مشکلات سے دوچار ہوگئے کیونکہ3فٹ برفباری ہوئی اور ساحلی علاقوں میں سیلاب آگیا لیکن نیویارک کے شہری اس سے بچ گئے جو زور دار بادل کے پھٹنے کا سامنا کرنے کی تیاری کررہے تھے ۔ مشرقی نیو انگلینڈ میں آج صبح برفباری کی پیش قیاسی کی گئی اور امکانی طور پر بوسٹن میں برفباری ایک ریکارڈ قائم کرے گی ۔ لوگان انٹر نیشنل ایر پورٹ کے گراونڈ پر شام کے اوائل میں59.2سنٹی میٹر برفباری ہوئی اور اس طوفان کی وجہ سے طاقتور ہوائیں چلنے لگیں ۔ چند مقامات پر اب5,4اور6فٹ برف کو صاف کیا گیا ۔ مساچیوسٹس کے گورنر چارلی بیکر نے یہ بات کہی۔ گورنر نے کہا کہ یہ واضح طور پر مسا چیوسٹس میں ایک انتہائی بڑا طوفان ہے ۔ ریاست گیر سطح پر سفر پر امتناع آج نصف شب اٹھایاجائے گا لیکن مسا چیوسٹس کے ساکنین سے پرزور اپیل کی گئی ہے کہ اگر ممکن ہو تو وہ سڑکوں سے دور رہیں۔ بوسٹن کے علاقہ میں ٹرینیں ، بسیں اور سب ویز آج نارمل سرویس کے لئے بحال کردی جائیں گی لیکن صبح کے سفر کے لئے تاخیر کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔

Blizzard of 2015 to Shut Down NYC, Boston

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں