ریجنل پاسپورٹ آفس حیدرآباد کو ملک بھر میں پہلا مقام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-30

ریجنل پاسپورٹ آفس حیدرآباد کو ملک بھر میں پہلا مقام

Hyderabad-Regional-Passport-Office
حیدرآباد
منصف نیوزبیورو
ریجنل پاسپورٹ آفیسر حیدرآباد اشونی ستارو نے بتایا کہ سال2014کے دوران6.95لاکھ پاسپورٹس جاری کرتے ہوئے ریجنل پاسپورٹ آفس حیدرآباد کو ملک بھر میں پہلا مقام حاصل ہواہے ۔ پاسپورٹ آفس میں آج سالانہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ یہ تعداد سال2013میں جاری کردہ پاسپورٹس کی تعداد سے13فیصد زیادہ ہے ۔ سال2014کے دوران جملہ7.17لاکھ درخواستیں وصول ہوئی تھیں ۔ ریاست کی تقسیم کے بعد حیدرآباد ریجنل پاسپورٹ آٖفس کے حدود میں تبدیلی کے متعلق اشونی ستارونے بتایا کہ بہت جلد آندھرا پردیش کے8اضلاع اننت پور ، چتور، وائی ایس آر کڑپہ، کرنول، نیلور، وجئے واڑہ ، گنٹور اور پرکاشم کو شاکھا پٹنم ریجنل پاسپورٹ آفس سے مربوط کردیاجائے گا ۔ ان اضلاع کے شہر یوں کو حصول پاسپورٹ اور پاسپورٹ سے متعلق دیگر امور کی تکمیل کے لئے وشاکھا پٹنم ریجنل پاسپورٹ آفس سے رجوع ہونا پڑے گا ۔ پاسپورٹس سے متعلق اہم اطلاع دیتے ہوئے پاسپورٹ آفیسر نے بتایا کہ24نومبر2015سے ایسے تمام پاسپورٹس کالعدم ہوجائیں گے جن پر ہاتھ سے تحریر کیا گیا ہو یا پھر وہ مشین کے ذریعہ پڑھے جانے کے قابل نہ ہوں ۔ اس کے علاوہ20برس کے لئے کارکردقرار دئیے گئے پاسپورٹس بھی کالعدم ہوجائیں گے ۔ انٹر نیشنل ایشن آرگنائزیشن کے قواعد کی رو سے ایسے پاسپورٹس کو ویزا اسٹامپنگ کے لئے قبول نہیں کیاجائے گا ۔ اشونی ستارو نے بتایا کہ دنیا کے کئی ممالک ویزا فراہم کرنے کم از کم6ماہ کے لئے کار آمد پاسپورٹ ہی قبول کرتے ہیں ۔ اس لئے پاسپورٹ کے حامل تمام افراد کو چاہئے کہ اجرائی پاسپورٹ کے9برس کی تکمیل کے فوری بعد تجدید پاسپورٹ کے لئے درخواست دیں ۔ اس طرح بچوں کے پاسپورٹ کا بالغوں کے پاسپورٹ میں تبدیل کرنے پر بھی نظر رکھیں ۔ عموماً بچوں کے لئے صرف پانچ سال کی مدت کے لئے پاسپورٹ جاری کیاجاتا ہے ۔ اس مدت کی تکمیل کے فوری بعد بالغوں کے پاسپورٹ کے لئے درخواست داخل کریں ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پاسپورٹ میں ویزا اسٹامپ کرنے کے لئے صرف دو صفحات بچ جانے سے قبل ہی دوسرے پاسپورٹ کے لئے درخواست دیں چونکہ بہت سارے ممالک صرف دو صفحات باقی رہنے پر پاسپورٹ قبول نہیں کرتے ۔ایسا ہونے سے قبل نئی بک لیٹ کے لئے درخواست داخل کرتے ہوئے امکانی پریشانیوں سے بچا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ایسے افرادجو بار بار سفر کرتے ہیں معمول کے مطابق36صفحات پر مشتمل پاسپورٹ کے بجائے60صفحات پر مبنی جمبو پاسپورٹ کے لئے درخواست دے سکتے ہیں۔ حج2015پرجانے والے عازمین کو قبل از وقت پاسپورٹ درخواست داخل کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے اشونی ستارونے کہا کہ کل ہی حج کمیٹی تلنگانہ و آندھرا پردیش کے عہدیداروں نے ان سے ملاقات کی تھی ۔
انہوں نے عازمین کو مقدس سفر پر روانگی کے لئے درکار پاسپورٹ سہولتوں کی فراہمی کا تیقن دیا ہے ۔ پاسپورٹس کی مقررہ مدت میں اجرائی کو یقینی بنانے میں محکمہ پولیس کے تعاون کو اہم قرار دیتے ہوئے ریجنل پاسپورٹ آفیسر نے کہا کہ پولیس کے فعال کردار کے باعث یومیہ4000تصدیق شدہ درخواستیں وصول ہورہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع محبوب نگر و میدک میں پاسپورٹ درخواست پر پولیس8دن میں کلیرنس دے رہی ہے جب کہ عادل آباد میں 9 دن کے ساتھ دوسرے اور کھمم10دن کے ساتھ تیسرے مقام پر ہے ۔ حیدرآباد میں پولیس کلیرنس کے لئے21اور سائبرآباد میں30دن لگ جاتے ہیں ۔ اسی طرح آندھر اپردیش میں6دن کے ساتھ ضلع کرشنا کو پہلا ، 7دن کے ساتھ کڑپہ اور تروپتی کو دوسرا اور 10دن کے ساتھ چتور کو تیسرا مقام حاصل ہے ۔ پاسپورٹ کی اجرائی و دیگر امور کی تکمیل کی کارروائی میں شفافیت اختیار کرنے کا تیقن دیتے ہوئے انہوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ ایجنٹوں سے دورہ رہیں ۔ اشونی ستارو نے کہا کہ پاسپورٹ آفس کا عملہ جذبہ خدمت سے سرشار ہے اور عوام کو چاہئے کہ ان کی خدمات سے بہتر استفادہ کریں۔ اس موقع پر ڈپٹی پاسپورٹ آفیسر ایل مدن کمار ریڈی بھی موجود تھے ۔

RPO Hyderabad on top for issuing nearly 7 lakh passports in 2014

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں