قبائلی علاقوں میں پاکستانی فوج کی کارروائی - 36 ہلاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-03

قبائلی علاقوں میں پاکستانی فوج کی کارروائی - 36 ہلاک

پاکستان کے قبائلی علاقہ شمالی وزیرستان میں جیٹ طیاروں کی بمباری جب کہ خیبر ایجنسی اور اور کزئی ایجنسی میں عسکریت پسندوں کے ساتھ جھڑپوں میں36عسکریت پسند ہلاک ہوئے ہیں ۔ مقامی ذرائع نے بتایا کہ فوجی آپریشن ضرب عضب میں سیکوریٹی فورسز نے منگل کو شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائی کی ۔ جیٹ طیاروں نے دتہ خیل میں کد امداخیل کے مقام پر دو ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ اس کارروائی میں مقامی ذرائع کے مطابق8عسکریت پسند ہلاک ہوئے ہیں۔ مہلوکین میں غیر ملکی شامل ہیں ۔ تاہم سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دتہ خیل میں کی جانے والی کارروائی میں17جنگجو پسند مارے گئے ہیں ۔ مقامی ذرائع کے مطابق دتہ خیل کے اس علاقے میں عام لوگ موجود نہیں ہیں بلکہ زیادہ تر جنگجو ہیں جن کے خلاف یہ کارروائی کی گئی۔
شمالی وزیرستان میں فوجی آپریشن ضرب عضب اس سال جون میں شروع کیا گیا تھا جس میں حکام کے مطابق اب تک1200سے زیادہ جنگجو ہلاک ہوچکے ہیں ۔ ہلاک ہونے والے عسکریت پسندوں میں اب تک کوئی زیادہ اہم شدت عسکریت پسندوں کے نام سامنے نہیں آئے ہیں۔ خیبر ایجنسی میں وادی تیراہ کے دوردراز علاقے اکا خیل میں عسکریت پسندوں نے سیکوریٹی فورسز کی چوکی پر حملہ کیا جس پر سیکوریٹی فورسز نے جوابی کارروائی کی ۔ اس کارروائی میں چار جنگجو ہلاک اور چھ زخمی ہوئے ہیں۔ خیبر ایجنسی میں17اکتوبر سے فوجی آپریشن خیبرون شروع کیا گیا تھا جہاں اطلاعات کے مطابق سیکوریٹی فورسز کو سخت مزاحمت کا سامنا ہے ۔ اکاخیل کا یہ علاقہ اور کزئی ایجنسی کی سرحد کے قریب واقع ہے ۔ اور کزئی ایجنسی میں ذرائع کے مطابق شدت پسندوں نے شیرین درہ اور خزینہ کے مقام پر سیکوریٹی فورسز کی چوکیوں پر حملے کئے ۔ اطلاعات کے مطابق سیکوریٹی فورسز نے جوابی کارروائی کی اور اس جھڑپ میں متعدد شدت پسدن ہلاک جب کہ چار سیکوریٹی اہلکار زخمی ہوئے ہیں ۔ یہ علاقے خیبر ایجنسی کی سرحد کے قریب واقع ہیں۔

Zarb-e-Azb: Army killed 36 militants in NWA

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں