عارف مجید سے امریکی عہدیدار پوچھ تاچھ کریں گے - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-02

عارف مجید سے امریکی عہدیدار پوچھ تاچھ کریں گے

نئی دہلی
پی ٹی آئی
امریکہ کی انٹلی جنس ایجنسیوں کے عہدیدار امکان ہے کہ عارف مجید سے پوچھ تاچھ کریں گے جو عراق میں داعش سے وابستہ رہنے کے بعد وطن واپس لوٹا ہے ۔ سمجھاجاتا ہے کہ اس کے پاس اس گروپ کے بارے میں کافی معلومات ہیں۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ داعش کے خلاف جنگ لڑنے والا امریکہ اس گروپ کی سر گرمیوں کے بارے میں جاننا چاہتاہے اور عارف اس علاقہ کی صورتحال کے بارے میں جہاں اس تنظیم کا کنٹرول ہے بہت سی معلومات دے سکتا ہے ۔ عارف نے تفتیش کنندوں کو بتایا ہے کہ اگرچہ وہ ایک سیول انجینئر ہے لیکن اسے داعش لیڈرس کی ہدایات پر موصل ڈیم میں ایک میسن کی حیثیت سے تعینات کیا گیا ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ وہ فضائی حملہ میں ڈیم پر کام کرتے ہوئے زخمی ہوگیا ۔ یہ عراق کا سب سے بڑا ڈیم ہے جو دریائے دجلہ پر واقع ہے ۔ ذرائع کے بموجب عارف نے تفتیش کنندوں کو تبایا کہ اس نے داعش کی طرف سے لڑنے کے لئے عراق اور شام جانے پر کوئی افسوس نہیں ہے لیکن وہ خاندان کے دباؤ میں ملک واپس آیا تاہم اس نے کہا کہ اس کا دل ٹوٹ گیا کیونکہ اس سے بیت الخلاء صاف کرائے گئے اور میسن کا کام لیا گیا اور لڑائی میں اسے کوئی رول نہیں دیا گیا ۔ عارف نے بتایا کہ ممبئی کے مضافات کو جانے والے3دوسرے نوجوانوں کو مختلف شہروں میں رکھا گیا ہے ۔ اس نے اس بارے میں تفصیلات دی ہیں کہ یہ تین دوسرے لڑکے فی الحال کہاں ہیں ۔ اس نے ادعا کیا کہ یہ تینوں بھی لڑائی میں حصہ نہیں لے رہے ہیں بلکہ انہیں داعش جنگجوؤں کے لئے پکوان جیسے معمولی کام دئیے گئے ہیں ۔ عارف نے بتایا کہ داعش لیڈرس نے اس سے کہا کہ یہ ہندوستانی نوجوان جسمانی اعتبار سے جنگ لڑنے کے قابل نہیں ہیں ۔

US agencies may question alleged ISIS fighter Arif Majeed

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں