روہنگیا مسلمانوں کو مکمل حقوق دئیے جائیں - اقوام متحدہ میں متفقہ قرار داد منظور - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-31

روہنگیا مسلمانوں کو مکمل حقوق دئیے جائیں - اقوام متحدہ میں متفقہ قرار داد منظور

اقوام متحدہ
یو این آئی
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے متفقہ طور پر میانمار کی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ روہنگیا مسلمانوں کو مکمل شہری حقوق دیتے ہوئے ملک بھر میں ان کی آزادانہ طور پر نقل و حرکت پر پابندیاں اٹھالے ۔ جنرل اسمبلی نے کل ایک متفقہ قرار داد منظور کرتے ہوئے میانمار کی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ملکی قوانین کے مطابق وہاں بسنے والے1.2ملین روہنگیا مسلمانوں کو مکمل شہریت دے ۔ واضح رہے کہ میانمار حکومت ملک کی اس اقلیت کو بنگالی قرار دیتی ہے اور اس نے کہا کہ یہ مسلمان بنگلہ دیش سے غیر قانونی طور پر میانمار آکر آباد ہوئے ہیں ۔ یوروپی یونین کی طرف سے تیارہ کردہ اس غیر پابند قرار داد میں یہ زور بھی دیا گیا ہے کہ تشدد، نفرت آمیز رویوں ، اقتصادی محرومی کے خاتمہ اور نسلی بنیادوں پر امتیازی سلوک جیسے مسائل کو حل کرنے کی خاص کوشش کی جائے۔ یہ امر اہم ہے کہ جب میانمار میں2001ء میں جمہوری سفر شروع ہوا تو اس جنوب مشرقی ایشیائی ملک میں اقلیتوں کا مسئلہ شدت اختیار کرگیا تھا ۔ اس وقت مقامی بدھ اکثریت کی پرتشدد کارروائیوں کی وجہ سے کم از کم280افراد مارے گئے تھے۔ ان فسادات میں ایک لاکھ 14ہزار روہنگیا مسلمان بے گھر بھی ہوئے ، جو اب تک راکھین صوبے میں عارضی پناہ گاہوں میں رہنے پر مجبور ہیں ۔ اس اقلیت کو نسلی عصبیت جیسے رویہ کا سامنا بھی ہے ۔ جنرل اسمبلی مین193رکن ممالک کی جانب سے منظور کردہ قرار داد میں میانمار حکومت کی طرف سے مسلمانوں کے ساتھ جاری امتیازی سلوک پر سخت تحفظات کا اظہار بھی کیا گیا۔ ناقدین کے مطابق اس تنازعہ کے آغاز کے بعد پہلی مرتبہ عالمی برادری نے میانمار کو ایک سنجیدہ پیغام دیا ہے کہ وہ روہینگیا مسلمانوں کے ساتھ اپنے سلوک میں تبدیلی لائے ۔ اقوام متحدہ نے یہ بھی کہا ہے کہ اس اقلیت کو خود کو روہنگیا کہنے سے بھی نہ روکا جائے ۔ اس قرار داد میں واضح کیا گیا ہے کہ میانمار ان مسلمانوں کو برابر کے حقوق دے اور انہیں تعلیم، بنیادی صحت اور دیگر سہولیات فراہم کرے۔ مزید کہا گیا ہے کہ مسلمانو ں کے خلاف تشدد اور امتیازی سلوک کی وجوہات کو تلاش کرکے انہیں ختم کیاجائے ۔ قرار داد میں یہ مطالبہ بھی کیا گیا ہے کہ بے گھر ہونے والے روہنگیا مسلمان دوبارہ اپنے گھروں کو لوٹ سکیں اور ان کے خلاف ہونے والی مبینہ نا انصافیوں کی تفتیش کرائی جائے ۔ جنرل اسمبلی نے میانمار میں سیاسی اور اقتصادی اصلاحات کی تعریف بھی کی اور کہا کہ قومی مصالحت اور انسانی حقوق کے تحفظ پر مزید توجہ مرکوز کی جائے ۔

UN Urges Myanmar to Give Rohingya 'Full Citizenship'

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں