حزب اختلاف کے لیڈر کا انتخاب - شیو سینا کی کانگریس کو حمایت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-07

حزب اختلاف کے لیڈر کا انتخاب - شیو سینا کی کانگریس کو حمایت

ممبئی
پی ٹی آئی
شیو سینا کے لیڈر ایکناتھ شندے نے مہاراشٹرا اسمبلی میں حزب اختلاف کے رہنما کے عہدے سے استعفیٰ دینے کے بعد اس عہدے کے لئے کانگریس اور این سی پی کے درمیان ہونے والی رسہ کشی کے درمیان شیو سینا نے کانگریس کو اس عہدے کے حاصل کرنے کے لئے اپنی حمایت دی ہے ۔ شیو سینا نے کہا کہ کانگریس کو حزب اختلاف کے لیڈر کے عہدے سے محروم کرنا نامناسب ہوگا ۔ شیو سینا کے بی جے پی کے ساتھ اختلافات ختم ہونے اور ریاستی حکومت کا حصہ بننے کے بعد کانگریس اور این سی پی کی نظریں اسمبلی میں حزب اختلاف کے لیڈر قانون ساز کونسل کے چیئرمین کے عہدے پر ٹکی ہیں۔ شیو سینا نے اپنے ترجمان’سامنا‘ کے اداریہ میں لکھا ہے قانون کے مطابق سب سے زیادہ ممبر اسمبلی والی دوسری بڑی پارٹی اسمبلی میں حزب اختلاف کے لیڈر کے عہدے کا دعویٰ کرسکتی ہے۔ سوال یہ نہیں ہے کہ کانگریس کے پانچ رکن اسمبلی نا اہل ٹھہرائے گئے ہیں یا نہیں ، لیکن اگر آپ (این سی پی) نااہل ٹھہرائے جانے کو اپنے لیڈر اپوزیشن کے دعوے کی شکل میں استعمال کریں گے تو یہ کانگریس کے ساتھ نا انصافی ہوگی۔ پارٹی نے کہا کہ این سی پی اکتوبر میں ہوئے انتخابات کے بعد ریاست میں چوتھے مقام پر آگئی ہے اس لئے اسے ریاست میں زیادہ مداخلت نہیں کرنی چاہئے ۔
شیو سینا نے سامنا کے اداریہ میں لکھا ہے ، اس پارٹی (این سی پی) نے اقتدار کے قریب رہنے کے لئے بی جے پی کو باہر سے حمایت دی تھی اور اب وہ اپنی نظریں اپوزیشن کے لیڈر کے عہدے پر ٹکائے ہوئے ہے۔ دوسروں کے معاملات میں مداخلت کرنا اس پارٹی کی پرانی عادت ہے لیکن اسے اب یہ حرکت روکنی چاہئے اور یہ احساس کرنا چاہئے کہ لوگوں نے اسے چوتھے مقام پر لا کھڑا کیا ہے ، این سی پی نے3دسمبر کو کہا تھا کہ وہ حزب اختلاف کے رہنما کے عہدے اور قانون ساز کے چیرمین کے عہدے پر دعویٰ کرے گی۔ اس دوران شیو سینا اہم اپوزیشن پارٹی تھی ۔ اگرچہ این سی پی کی سابق اتحادی کانگریس نے شرد پوار کی قیادت والی پارٹی کے دعوے کو غلط بتایا اور کہا کہ اس کے پاس اس عہدے کے لئے ضروری تعداد نہیں ہے ۔

Shiv Sena backs Congress claim for LoP status in Maharashtra assembly

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں