عوامی فلاحی اقدامات پر ترنمول کانگریس مرکزی حکومت کی مکمل تائید کرنے تیار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-07

عوامی فلاحی اقدامات پر ترنمول کانگریس مرکزی حکومت کی مکمل تائید کرنے تیار

کولکتہ
پی ٹی آئی
ترنمول کانگریس ، نریندر مودی حکومت کو مرکز میں اپنی مکمل حمایت دینے کے لئے تیار ہے بشرطیکہ وہ عوام کے تمام طبقات کے لئے تعمیری کارروائیاں انجام دے۔ مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے ہفتہ کے دن یہ بات کہی ۔ بنرجی نے کہا کہ میرا یہ احساس ہے کہ اگر آپ حکمرانی کا عمل بہتر انداز میں جاری رکھیں اور اگر آپ کی حکمرانی حقیقت پر مبنی اور عوام کے تمام طبقات کی فلاح و بہبود کے لئے ہوتو ہمارا مکمل تعاون اور تائید آپ کے ساتھ ہے ۔ دوسری جانب بی جے پی پر واضح انداز میں حملہ کرتے ہوئے ترنمول کانگریس سربراہ نے کہا کہ عوام کو مذہب کی بنیاد پر بانٹنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ہمیں تفرقہ کی سیاست کو تحقیر کی نگاہوں سے دیکھنا چاہئے جو ہماری ثقافت کے بھی منافی ہے اور حکمرانی اور سیاست کے درمیان فرق پایاجاتا ہے جنہیں ایک دوسرے میں خلط ملط نہیں کیاجانا چاہئے ۔ ٹی ایم سی کی جانب سے منظم کردہ ایک فرقہ وارانہ ہم آہنگی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے بنرجی نے یہ بات کہی جہاں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے مذہبی رہنماؤں نے شرکت کی تھی ۔ اگر میں کچھ غلط کروں تو آپ مجھے بھی گوارا نہ کریں ۔ لیکن جھوٹ ، بے ہودہ و من گھڑت کہانیاں پھیلانا، بد گوئی اور رسوا کن مہم چلانا اور فرقہ وارانہ فسادات برپا کرنا ، کسی مذہب کا حصہ نہیں ۔ ایک بات بالکل واضح ہوجانا چاہئے کہ ہم تفرقہ پر مبنی مندر کو منہدم کرنے اور مسجد کو جلانے کی سیاست کو کبھی بھی قبول نہیں کریں گے ۔ انہوں نے یہ استفسار کیا کہ دہلی کے چرچ میں مسئلہ پیدا کرنے کیا ضرورت ہے ؟ گاندھی مجسمہ کے قریب بابری مسجد کی سالانہ برسی کی یاد میں منعقد ہ ایک ترنمول کانگریس کی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے بنرجی نے یہ بات کہی ۔ نیز بنرجی نے بی جے پی زیر قیادت حکومت پر ملک کو بیرون ممالک فروخت کردینے کا الزام بھی عائد کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملک کو دوسرے ممالک کے ہاں فروخت کررہے ہیں اور ہم سب سماجی طور پر ذمہ دار ہیں ۔ ریلوے اور دفاع میں ایف ڈی آئی کے سلسلہ میں حکومت نے کیا کیا؟ ڈیزل قیمتوں کے سلسلہ میں حکومت نے کیا کیا؟ ہم نے عوام سے کی گئی تمام یقین دہانیوں اور منشور میں ذکر کئے گئے تمام وعدوں کو پورا کیا اور کررہے ہیں ۔ مرکز کی جانب سے پارٹی پر مختلف مسائل پر جاری حملوں کے ضمن میں بنرجی نے یہ بات کہی ۔ میں ہمیشہ عوام کے لئے ہی کام کرتی رہی ہوں اور مجھے یقین ہے کہ ذمہ داری کا احساس رکھنے والے کوئی غلط فیصلہ نہیں لیں گے ۔

Trinamool Congress ready to support Union government if it does 'constructive work'

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں