جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کا آج دوسرا مرحلہ - غیر معمولی سیکوریٹی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-02

جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کا آج دوسرا مرحلہ - غیر معمولی سیکوریٹی

سری نگر
یو این آئی
جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلہ میں 2دسمبر کو 18 اسمبلی حلقوں میں رائے دہی ہوگی ۔ آزادانہ، منصفانہ اور پرامن رائے دہی کو یقینی بنانے غیر معمولی سیکوریٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔مرکزی دفتر موسمیات نے کل موسم خشک اور خوشگوار ہونے کی پیش قیاسی کی ہے ۔ طوفانی انتخابی مہم کل شام اختتام کو پہنچی جس کے بعد مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین نے آج صبح سے گھرگھر پہنچ کر رائے دہندوں سے ربط قائم کرنے کی مہم شروع کردی ہے ۔ پہلے مرحلہ میں رائے دہی کے ریکارڈتناسب کے سبب ان قائدین کے حوصلہ بلند ہوئے ہیں ۔ 18حلقے، اس ریاست کے پانچ اضلاع میں پھیلے ہوئے ہیں ۔ انتہائی شددی سردی کے باوجود سیاسی قائدین ، رائے دہندوں کو اپنا ہمنوا بنانے کی کوششیں آخری لمحات میں بھی جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ ریاستی حکمراں نیشنل کانفرنس سب سے زیادہ6نشستوں پر اپنے امیدواروں کو دوبارہ کامیاب بنانے کوشاں ہے ۔ پی ڈی پی نے مذکورہ18 کے منجملہ 4حلقوں سے اپنے امیدوار ٹھہرائے ہیں۔
کانگریس نے3امیدوار میدان میں اتارے ہیں ، نیشنل پنتھرس پارٹی(این پی پی) کے دو امیدوار بھی مقدر آزمارہے ہیں ۔ بی جے پی اور سی پی آئی ایم کا ایک ، ایک امیدوار بھی میدان میں ہے ۔ ایک آزاد امیدوار بھی انتخاب لڑ رہا ہے ۔ سرحدی ضلع کپوارہ کے پانچ حلقوں میں یہ الیکشن اور بھی زیادہ دلچسپ ہوگیا ہے کیونکہ علیحدگی پسند سے سیاستداں بنے سجاد غنی لون(پیپلز کانفرنس ، سجاد) نے نئی دہلی میں حال ہی میں وزیر اعظم نریندر مودی سے اپنی ملاقات کے بعد انتخابی میدان میں کودنے کا قدم اٹھایا ۔ الکٹرانک ووٹنگ مشینس اور دیگر انتخابی میٹریل کو لے کر انتخابی عہدیدار اپنے اپنے متعلقہ علاقوں کو پہنچ گئے ہین۔ جملہ2181پولنگ اسٹیشنس قائم کئے گئے ہیں ۔ رائے دہندوں کی تعداد15.35.087ہے جن میں خواتین رائے دہندوں کی تعداد7,22,269ہے۔18حلقوں میں امیدواروں کی تعداد175ہے۔ امیدواروں میں چار وزراء شامل ہیں جن میں خاتون وزیر سکینہ ایٹو بھی ہیں جو حلقہ نور آباد سے دوبارہ انتخاب لڑ رہی ہیں ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں