ریاض - ڈنمارک کے شہری پر حملہ کرنے والے 3 سعودی گرفتار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-12

ریاض - ڈنمارک کے شہری پر حملہ کرنے والے 3 سعودی گرفتار

ریاض
سعودی پریس ایجنسی
وزارت داخلہ کے ترجمان میجر جنرل منصور الترکی نے اعلان کیا ہے کہ ریاض میں ڈنمارک کے شہری پر حملہ کرنے والے تین سعودی گرفتار کرلئے گئے ۔ ان میں سے ایک نے پستول سے فائرنگ کی تھی، دوسرا گاڑی چلا رہا تھا جب کہ تیسرے نے واردات کی ویڈیو تیار کی تھی ۔ تینوں کا تعلق داعش سے ہے ۔ انہوں نے یہ واردات داعش کی تائید و حمایت میں کی۔ الترکی نے جمعرات کو مقامی اخبارات و ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ 29محرم الحرام1436ھ کو ریاض شہر میں الخرج روڈ پر کمپنی سے ڈیوٹی دے کر گھر جانے والے ڈنمارک کے شہری پر حملہ کیا گیا تھا ۔ واردات کرنے والے فرار ہوگئے تھے۔ ڈنمارک کا شہری ایک کمپنی میں ملازم ہے۔ اس کے ہاتھ اور سینے میں گولی لگی تھی ۔ جرائم کا سراغ لگانے والے ادارے کے اہلکاروں نے تکنیکی، تحقیقی اور فیلڈ جائزے کی بنیاد پر حملہ آوروں کی شناخت اور ان تک رسائی حاصل کر کے انہیں گرفتار کرلیا ۔ حملے میں استعمال ہونے والا پستول اور گاڑی بھی برآمد کرلی گئی ۔ جرائم کے شواہد جمع کرنے والے ماہرین نے پہلے ہی بتا دیا تھا کہ مذکورہ حملے میں کونسی گاڑی استعمال کی گئی ہے ۔
ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ تینوں نے واردات سے دو ہفتے قبل حملے کی باقاعدہ ٹریننگ لی تھی اور حملے کے لئے مقرر دن ڈنمارک کے شہری پر باقاعدہ نظررکھی گئی تھی۔ تینوں کمپنی کے قریب پہنچ کر اپنے ہدف کے کمپنی سے نکلنے کا انتظا رکررہے تھے ۔ انہوں نے موقع مناسب سمجھ کر ڈینش پر فائرنگ کی تو اچنبھے میں پڑ گیا تھا کیونکہ اس کی کسی سے دشمنی نہیں تھی اور نہی ہی اسے حملے کی کوئی توقع تھی ۔ حملہ آوروں نے واردات دہشت گرد تنظیم داعش کی تائید و حمایت میں کی تھی ۔ وزارت داخلہ نے انتباہ دیا ہے کہ جس طرح مذکورہ واردات کرنے والے گرفتا ر کرلئے گئے اسی طرح آئندہ بھی اس قسم کی واردات کا کوئی ارتکاب کرے گا تو اسے بھی قانون نافذ کرنے والے ادارے کے حوالے کردیاجائے گا۔ واردات کرنے والوں کو انسان نما شیطانوں نے اس فریب میں مبتلا کردیا تھا کہ نہ ان کی شناخت ہوگی اور نہ ہی انہیں گرفتار کر کے عدالت کے حوالے کیاجاسکے گا ۔ وقت نے ان کے اس گمان کو غلط ثابت کردیا کیونکہ اللہ تعالیٰ نے وطن عزیز سعودی عرب کی حفاظت کے لئے تربیت یافتہ منجھے ہوئے ایسے سیکوریٹی اہلکار عطا کررکھے ہیں جو دہشت گردی کرنے والوں کو ان کے بلوں سے نکالنے اور انہیں شریعت عدالت کے حوالے کرنے کا ہنرجانتے ہیں ۔ اب گرفتار شدگان کو پتہ چلے گا کہ ظلم کرنیو الوں کو ظلم کا خمیازہ بالآخر بھگتنا ہی پڑتا ہے ۔

Saudi Arabia arrests 3 ISIL backers for shooting Danish citizen

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں