ویراٹ کوہلی کی سنچری سے ہندوستان کی مقابلے میں واپسی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-12

ویراٹ کوہلی کی سنچری سے ہندوستان کی مقابلے میں واپسی

آسٹریلیا کے خلاف بولرس کی ناکامی کے بعد قائم مقام کپتان ویراٹ کوہلی کی 115رن کی سنچری اور مرلی وجے،چیتشور پجارا اور اجنکیا رہانے کی تین نصف سنچریوں کی بدولت ہندوستان نے پہلے ٹسٹ کے تیسرے دن جمعرات کو اپنی پہلی اننگز میں369کا مضبوط اسکور بنا لیا ہے۔ آسٹریلیا نے میاچ کے تیسرے دن اپنی پہلی اننگز کل کے 120 اوورز میں سات وکٹ پر 517 رن کے اسکور پر ڈکلئیرڈکر دی۔ لیکن میزبان ٹیم کے بڑے اسکور کے سامنے ہندستانی بیاٹنگ کہیں بھی ڈگمگائی نہیں اور دن کا کھیل ختم ہونے تک ایک سنچری اور 3 نصف سنچریوں کی مدد سے ہندوستان نے 97 اوورز میں پانچ وکٹ پر 369 کا اسکور کھڑا کر اپنی پوزیشن کو مضبوط بنا لیا۔ہندوستان اب میزبان ٹیم کے اسکور سے 148 رن پیچھے ہے اور اس کے 5 وکٹ باقی ہیں۔ بیاٹسمن روہت شرما (33) اور ردھمن ساہا (01) ناٹ آؤٹ کریز پر ڈٹے ہوئے ہیں۔ ہندوستان کی جانب سے کپتان ویراٹ نے زبردست کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے چوتھے نمبر پر کھیلتے ہوئے سب سے زیادہ 115 رنز کی اننگز کھیلی۔ ویراٹ نے 184 گیندوں میں 12 چوکے بھی لگائے۔ ویراٹ نے رہانے کے ساتھ مل کر چوتھے وکٹ کے لیے 101 رنز کی مضبوط پارٹنرشپ کی۔ دن کی دوسری بڑی شراکت داری دو جوڑیوں نے کی۔ اوپنر مرلی نے پجارا کے ساتھ دوسرے وکٹ کے لیے 81 اور پھر پجارا نے ویراٹ کے ساتھ تیسرے وکٹ کے لیے 81 رنز کی شراکت نبھا ر اسکور 300 کے پار پہنچا دیا۔میاچ میں ہندوستانی بیاٹسمنوں نے کافی سنبھل کر مظاہرہ کیا۔ اوپنر مرلی نے ٹیم کو اچھی شروعات دلائی اور 88 گیندوں میں تین چوکے اور دو چھکے لگا کر اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ ان کے جوڑی دار شکھر دھون دیر تک میدان پر ٹک نہیں سکے حالانکہ شکھر نے اپنی مختصر اننگز کافی زبردست شروع کی اور 24 گیندوں 5 چوکو ں کی مدد سے ہی یہ اسکور بنایا۔ لیکن آسٹریلیائی بولر ریان ہیرس کے ہاتھوں وہ بولڈ ہو کر ہندوستان کا پہلا شکار بنے۔شکھر کے آؤٹ ہونے کے بعد قابل اعتماد کھلاڑی پجارا نے اپنی موجودگی کو بامعنی بنایا۔ عالمی کپ ٹیم سے باہر رکھے گئے پجارا نے 135 گیندوں میں نو چوکے لگا کر 73 رنز کی مفید اننگز کھیلی۔ انہوں نے اوپنر مرلی کے ساتھ اہم شراکت نبھائی لیکن پھر حریف ٹیم کے فاسٹ بولر مچل جانسن نے ہندوستان کا دوسرا وکٹ نکالا۔ مشیل نے بریڈ ہیڈن کے ہاتھوں مرلی کو کیاچ کراکر پویلین بھیجا۔آسٹریلیائی اسپنر ناتھن لیون نے پجارا کو بولڈ کیا لیکن قائم مقام کپتان ویراٹ اور رہانے کریز پر ڈٹے رہے اور چائے کے وقفہ تک ہندوستان کے اسکور کو 3 وکٹ کے نقصان پر 223 تک لے گئے۔ دونوں بیاٹسمنوں نے 101 رنز کی سب سے بڑی شراکت کی لیکن لیون نے ایک بار پھر کامیابی حاصل کی اور بولرس پر بنے دباؤ کو کم کرنے کی کوشش کر کے رہانے کے طور پر ہندوستان کا بڑا وکٹ نکالا۔رہانے چوتھے وکٹ کے طور پر 293 کے اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ پانچویں نمبر پر بیاٹنگ کر نے والے ہندوستانی بیاٹسمن نے 76 گیندوں میں 10 چوکے لگا ر 62 رنز کی بہترین کھیلی ۔ لیکن لیون نے انہیں آل راؤنڈر شین واٹسن کے ہاتھوں کیاچ کراکر ویراٹ کے ساتھ ان کی شراکت پر بریک لگایا۔آسٹریلیائی فاسٹ بولر جانسن نے ویراٹ کو ہیرس کے ہاتھوں آؤٹ کر کے ہندوستان کو دن کا کھیل ختم ہونے سے پہلے سب سے بڑا جھٹکا دیا۔ اوپننگ آرڈر کے آؤٹ ہو جانے کے بعد ونڈے میں سب سے زیادہ رنز کا ریکارڈ اپنے نام کرنے والے روہت شرما نے چھٹے نمبر پر اترکر بیاٹنگ کی کمان سنبھالی۔ دن کا کھیل مکمل ہونے تک روہت نے 61 گیندوں میں چار چوکے لگا کر ناٹ آؤٹ 33 رنز بنائے۔ ان کے ساتھ ردھمن 16 گیندوں میں 01 رنز بنا کر فی الحال کریز پر ڈٹے ہوئے ہیں۔ اس سے پہلے ویراٹ نے روہت کے ساتھ پانچویں وکٹ کے لیے 74 رنز کی شراکت کی۔ ٹسٹ میں پہلی بار کپتانی کرنے والے ویراٹ ہندوستان کے چوتھے کھلاڑی ہیں جنہوں نے کپتانی ڈیبو میں سنچری لگائی ہے۔ اس سے پہلے سنیل گواسکر، وجے ہزارے اور دلپ وینگسر ر یہ کامیابی اپنے نام کر چکے ہیں۔ آسٹریلیائی فلپ ہیوز کے انتقال کے بعد کھیلے جا رہے اس میاچ میں ایک وقت دونوں ٹیمیں ویراٹ کو لے کر اس وقت فکر میں پڑ گئیں جب فاسٹ بولر جانسن نے ویراٹ کا استقبال شارٹ بال سے کیا جو براہ راست ہندوستانی بیاٹسمن کے ہیلمیٹ پر جاکر لگی۔سر پر باؤنسر لگنے سے ہیوز کی موت کی یادیں سب کے ذہن میں تازہ ہیں اور اسی فکر سے کھلاڑی ویراٹ کی طرف بھاگے جبکہ آسٹریلیائی کپتان مائیکل کلارک نے جانسن کو دلاسہ دیا۔ اگرچہ اس واقعہ کے بعد جانسن کافی فکر مند دکھائی دئے۔ فی الحال ہندوستانی ٹیم آسٹریلیا کے بڑے اسکور سے 148 رن پیچھے ہے اور اس کے پاس 5 وکٹ باقی ہیں۔

پسٹوریئس مقدمہ میں استغاثہ کو اپیل دائر کرنے کا اختیار
۔11 ۔ دسمبر (ایجنسیز) جنوبی افریقہ میں جج نے ایتھلیٹ آسکر پسٹوریئس کو قتل کے الزام سے بری کرنے کے خلاف استغاثہ کو اپیل دائر کرنے کا اختیار دے دیا ہے۔جج تھوکوسیل ماسیپا کا کہنا تھا کہ استغاثہ آسکر پسٹوریئس کو قتل کے الزام سے بری کرنے کے خلاف اپیل دائر کرسکتے ہیں تاہم وہ انھیں دی جانے والی5 برس کی سزا کے خلاف اپیل دائر نہیں کرسکتے۔ واضح رہے کہ جنوبی افریقہ کے ایتھلیٹ آسکر پسٹوریئس کو گذشتہ برس اپنی گرل فرینڈ ریوا سٹین کیمپ کو غلطی سے قتل کرنے کے جرم میں 5 برس قید کی سزا سنائی گئی تھی۔دوسری جانب پسٹوریئس کے وکلا نے اس اپیل کی مخالفت کی ہے۔آسکر پسٹوریئس مقدمے کی سماعت اب جنوبی افریقہ کی سپریم کورٹ آف اپیل میں کی جائے گی۔جنوبی افریقہ کے ایتھلیٹ کے والد ہینکی پسٹوریئس نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ یہ مقدمہ اس حد تک نہیں جانا چاہیے۔انھوں نے کہا آسکر ایک مضبوط انسان ہیں، انھیں مضبوط ہونا چاہیے کیونکہ وہ ایسے ہی پلے بڑھے ہیں۔ زندگی میں ایسی بہت سی چیزیں ہیں خاص طور پر آسکر جیسے انسان کیلئے اور یہ مناسب نہیں ہے۔ اس مقدمے کے استغاثہ نے دلیل دی کہ جج تھوکوسیل ماسیپا نے آسکر پسٹوریئس کو قتل کے مقدمے سے بری کرتے وقت قانون کو سمجھنے میں غلطی تھی کہ انھوں نے اپنی گرل فرینڈ ریوا سٹین کیمپ کو غلطی سے قتل کیا۔ چہارشنبہ کو ہونے والی اس مقدمے کی سماعت کے موقع پر آسکر پسٹوریئس عدالت میں موجود نہیں تھے۔جج کا مزید کہنا تھا کہ وہ نہیں کہہ سکتیں کہ سپریم کورٹ آف اپیل میں اس مقدمے کی کامیابی کا امکان کم ہے۔تاہم تھوکوسیل ماسیپا نے استغاثہ کی اس دلیل کو مسترد کر دیاکہ آسکر پسٹوریئس کو دی جانے والی سزا کا دوبارہ جائزہ لینا چاہیے کیونکہ ریوا سٹین کیمپ کے والدین پسٹوریئس کو دی جانے والی سزا پر خوش ہیں۔ خیال رہے کہ اس مقدمے کی طویل سماعت کے بعد جج نے پسٹوریئس کو ارادتاً قتل کے الزام سے بری کیا تھا لیکن انھیں قتل خطا کا مجرم قرار دیا تھا۔

حیدرآباد ۔ 11 ۔ دسمبر (اعتماد نیوز) منیجنگ ڈائرکٹر و سی ای او اسپورٹس کلٹ بابی ریڈی نے آج کہا کہ ان کا ادارہ ‘ اسپورٹس کے فروغ کیلئے پابند عہد ہے اور کھیل کود کو فروغ دینے کیلئے بھرپور کوششیں کرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں آج اسپورٹس ایک کلچر بن گیا ہے اور منظم انداز میں کھیلوں کے مقابلہ ہوتے ہیں ۔ ہمارے لئے یہ ایک بڑا موقع ہے کہ ہم بھی ہندوستان میں اسپورٹس کلچرل فروغ دینے کا عزم رکھتے ہیں ۔ بابی ریڈی نے آج یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ کھیل کود کی سہولتوں کی فراہمی نئی کمپنی کی ذمہ داری ہوگی اور کھلاڑیوں کی مہارت کو عالمی سطح کا بنانے کیلئے اور ہندوستان کو بین الاقوامی سطح پر شایان شان موقف دلانے کیلئے اسپورٹ کلٹ پوری کوشش کرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اسپورٹس میں حصہ لینے کیلئے 3 امور جیسی سہولتیں ‘ مہارت اور تندرستی ضروری ہوتے ہیں ۔ حکومت اپنے سطح پر تنہا کچھ نہیں کرسکتی ۔ خانگی اداروں کو اہم رول ادا کرنا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ ان کے ادارہ کی اولین ترجیح ٹینس ‘ کرکٹ اور اسکیٹنگ پر بھی اس کے بعد دیگر کھیلوں پر توجہ دی جائے گی۔

پلیکل ۔11 ۔ دسمبر (ایجنسیز) جوروٹ نے غیر مفتوح سنچری بنائی اور اس سے پہلے کرس ووکس نے خطرناک بولنگ کی ۔ ان دونوں کھلاڑیوں کے نمایاں مظاہرہ کے ساتھ انگلینڈ نے آج یہاں 5 ویں ونڈے انٹرنیشنل میں میزبان سری لنکا کو 5 وکٹ سے ہرادیا اور 7 میاچس کی سیریز میں میزبان کو 3-2 سے کم کیا ۔ یہ میاچ کل کھیلا جانا والا تھا لیکن بارش کے باعث انگلینڈ کی اننگز شروع نہیں ہوسکی ۔ میاچ کو آج محفوظ دن مکمل کیا گیا ۔ سری لنکا نے کل پہلے بیاٹنگ کی دعوت قبول کی اور ساری وکٹیں کھوکر 239 رن بنائے ۔ انگلینڈ نے آج 49.1 اوورس میں 5 وکٹ پر 240 رن بناتے ہوئے سیریز میں دلچسپی برقرار رکھی ۔ کامیابی کیلئے درکار رنوں کے تعاقب میں انگلینڈ نے اگرچہ 2 وکٹیں الیسٹر کک (20رن) اور معین علی (4) جلد ہی گنوائیں تاہم ڈبلیو اے ٹیلر (68رن) نے جوروٹ کے ساتھ تیسری وکٹ کیلئے 104 رن بناکر ٹیم کو کامیابی کی راہ پر لگایا ۔ بعد ازاں روٹ نے روہن بوپارا کے ساتھ 86 رن کی پارٹنرشپ چوتھی وکٹ کیلئے نبھائی اور جیت کو آسان کردیا ۔ روٹ 117 گیندوں میں 104 رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے جس میں 7 باؤنڈریاں اور ایک چھکہ شامل ہیں ۔ ٹیلر نے 5 چوکے اور ایک چھکہ لگایا ۔ جو روٹ کے ساتھ وکٹ کیپر جے سی بٹلر 2 رن پر ناٹ آؤٹ رہے ۔ سینا نائیکے نے 2 وکٹیں لیں ۔ دلشان ‘ اجنتا مینڈس اور تھسارا پریرا کو ایک ایک وکٹ ملی ۔ قبل ازیں انگلینڈ کے فاسٹ بولر کرس ووکس نے یہاں خطرناک بولنگ کرتے ہوئے 5ویں ونڈے انٹرنیشنل میں میزبان سری لنکا کو پورے 50اوورس میں کھیلنے نہیں دیا جیسا کہ ساری ٹیم 49اوورس میں 239رن بنا کر آؤٹ ہوگئی ۔تاہم سری لنکا کیلئے کمارسنگاکارا نے ایک اور عمدہ اننگز کھیلتے ہوئے سب سے زیادہ 91رن بنائے ۔انگلینڈ کے کپتان السٹر کک نے ٹاس جیتی اور اپنے حریف ہم منصب اینجیلو میتھوز کو پہلے بیاٹنگ کی دعوت دی ۔سری لنکا کی شروعات ٹھیک نہیں تھی جیسا کہ ایک مرحلہ پر اسکور 3وکٹ پر 59رن تھا ۔سنگاکارا اور میتھیوز نے چوتھی وکٹ کے لئے 85رن بناتے ہوئے لڑکھڑاتی اننگز کو سنبھال لیا ۔سنگاکارا نے ونڈے میاچس میں اپنی 91ویں نصف سنچری اسکور کی جنہیں 91رن بنانے کے بعد ووکس نے جوروٹ کے ہاتھوں کیاچ کروایا۔7میاچس کی سیریز میں سری لنکا کو 3-1سے برتری حاصل ہے ۔اینجیلو میتھیوز نے 40، تلک رتنے دلشان 35اور تھسارا پریرا نے 27رن کے ساتھ قابل ذکر اسکور کیا ۔ووکس نے 8اوورس میں 47رن دے کر 6وکٹیں لیں جب کہ جارڈن کو 2وکٹیں ملیں۔اسٹیون فن اور ٹریڈ ویل نے 1-1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا ۔بارش کے باعث انگلینڈ جیت کے نشانہ کا تعاقب شروع نہیں کرسکی اس طرح محفوظ دن یعنی 11دسمبر کو انگلینڈ کھیلے گی ۔

ہالینڈ کو ہراکر پاکستان سیمی فائنل میں داخل
بھونیشور۔ 11 دسمبر (یو این آئی) تین بار کے سابق چمپئن پاکستان نے گروپ مرحلے کے بے حد مایوس کن مظاہرے سے نکل ر جمعرات کو حیرت انگیز کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی کپ سلور میڈلسٹ ہالینڈ پر4-2 کی زبردست کامیابی حاصل کر کے چمپئنس ٹروفی ہاکی ٹورنمنٹ کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ۔سال 1998 سے اب تک چمپئنس ٹروفی میاچ میں 12 بار ہالینڈ کے خلاف کھیل چکی پاکستانی ہاکی ٹیم کی یہ ڈچ ٹیم پر پہلی جیت ہے۔ گروپ بی میں 3 میں سے 2 میاچ جیت کر سر فہرست ہالینڈ کو اس سے پہلے ہندوستان نے بھی آخری گروپ میاچ میں 3-2 سے شکست دی تھی۔ دوسری طرف پاکستان کا گروپ اے میں بے حد خراب مظاہرہ رہا تھا اور اس نے تینوں میاچ ہارے تھے ۔ اسے ایک میاچ میں تو انگلینڈ کے ہاتھوں 2۔8کی شکست برداشت کرنی پڑی تھی۔ٹورنمنٹ کی مضبوط ٹیموں میں سے ایک اور خطاب کی اہم دعویدار ہالینڈ نے وارٹرفائنل میں پاکستان کے خلاف جارحیت کے ساتھ شروعات کی اور جیروئن ہڈز برگر نے چھٹے منٹ میں پہلا گول کر کے ٹیم کو1-0 کی برتری دلا دی۔ لیکن اس کے کچھ دیر بعد ہی پاکستان کے محمد عمر بھٹ نے 16 ویں منٹ میں میدانی گول سے اسکور 1-1 کر دیا۔میاچ کے دوسرے کوارٹر میں ہالینڈ اور پاکستان دونوں ہی جانب سے اچھا کاؤنٹر اٹیک دیکھنے کو ملا اور برابری پر پہنچنے کے بعد پاکستانی ٹیم کی جانب سے محمد عمران نے 30 ویں منٹ میں پنالٹی ارنر پر گول کر کے سکور 2-1 کر دیا۔مقابلے میں وقفے کے بعد 38 ویں منٹ میں ہالینڈ کی ٹیم نے اچھا کھیل دکھایا اور میاچ پر گرفت بنا کر رکھی۔ ڈچ ٹیم کے وسٹنجن جی ر نے میدانی گول کر کے اسکور 2۔2 کر کے پاکستان پر دباؤ بنایا۔ لیکن ٹورنمنٹ میں جیت کو ترس رہی پاکستانی ٹیم نے آخری وقت میں اپنا حملہ تیز کیا اور محمد عرفان نے 51 ویں منٹ میں ملے پنالٹی کارنر پر گیند کو زبردست فل کر کینیٹ میں پہنچایا۔میاچ میں 3۔2 سے برتری بناکر حوصلہ افزاپاکستانی ٹیم کو ایک منٹ بعد ہی 52 ویں منٹ میں محمد عرفان نے ایک اور کامیابی دلائی اور پنالٹی کارنر پر اپنا دوسرا گول کر کے سکور 4۔2 کر دیا۔دریں اثناء دفاعی چمپئن آسٹریلیا لگاتار چھٹی بار ٹروفی جیتنے کی اپنی امیدوں کو برقرار رکھتے ہوئے آج ارجنٹائن کو دوسرے کوارٹر فائنل میں 4-2 سے ہرادیا اور سیمی فائنل میں جگہ بنالی ۔ آسٹریلیا کے لئے سائمن رچرڈ‘ جرمی ہیوورڈ ‘ ڈانیل بیل اور کرس سریلو نے فی کس ایک گول اسکور کیا جبکہ ارجنٹائن کیلئے میتیس پیریڈس اور مینویل برنٹ نے ایک ایک گول بنائے ۔ فائنل میں پہونچنے کیلئے آسٹریلیا کا مقابلہ اب انگلینڈ یا جرمنی سے ہوگا ۔

دلیپ کمار سے اسکالرشپ موسوم
ممبئی ۔ 11 ۔ دسمبر (پی ٹی آئی) فلم ساز سبھاش گھئی نے آج اعلان کیا کہ اپنے فلم اسکول ویزلنگ ووڈس انٹرنیشنل میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کو افسانوی اداکار دلیپ کمار سے موسوم اسکالرشپ دیں گے ۔ رام لکھن کے ہدایت کار جو آج یہاں دلیپ کمار کی 92 ویں سالگرہ کے موقع پر خطاب کررہے تھے کہا کہ اسکالرشپ سے استفادہ کنندہ ان کے انسٹی ٹیوٹ میں مفت تربیت حاصل کرے گا ۔ دلیپ کمار جنہیں حال ہی میں ناسازی مزاج کی بنا پر دواخانہ میں شریک کیا گیا تھا آج ڈسچارج کردیا گیا ۔ سبھاش گھئی نے دلیپ کمار کے ساتھ تین ہٹ فلموں ودھاتا ‘ کرما اور سوداگر کی ہدایت دی تھی ۔

چینائی میں ہوگا اجمل کی قسمت کا فیصلہ
کراچی، 11 دسمبر (یو این آئی) مشتبہ بولنگ ایکشن کے الزامات کا سامنا کر نے والے پاکستان کے آف اسپنر سعید اجمل کو چینائی میں ہونے والے آخری بائیو میکنک ٹسٹ سے پہلے کینیا کے خلاف دو ونڈے مقابلوں میں مشق کے طور پر کھیلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ آئی سی سی ورلڈ کپ 2015 کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم کا اہم حصہ مانے جا رہے اجمل کا چینائی میں واقع آئی سی سی کی منظور شدہ لیبارٹری میں آخری بائیو میکنک ٹسٹ ہونا ہے۔ پی سی بی کے عہدیدار شکیل شیخ نے کہاکہ کینیا کے خلاف سیریز کے میاچ بین الاقوامی نہیں ہیں اس لئے اجمل کو لاہور میں اس کے آخری 2میاچس میں مشق کے طور پر اتارا جائے گا ۔شیخ نے ساتھ ہی تصدیق کی ہے کہ اجمل اور ایک دوسرے پاکستانی کھلاڑی محمد حفیظ کو چینائی بائیو میکنک ٹسٹ کیلئے بھیجا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ حفیظ اس ہفتے غیر سرکاری ٹسٹ کیلئے دبئی سے چینائی جائیں گے جبکہ اجمل لاہور میں کینیا کے خلاف کھیلنے کے بعد چینائی پہنچیں گے ۔مارچ 2009ء میں پاکستان میں سری لنکا کی کرکٹ ٹیم پر دہشت گردوں کے حملہ کے بعد کینیا پاکستان کا دورہ کرنے والا پہلا ملک ہے البتہ اس کے تمام مقابلے پاکستان’اے‘کے خلاف ہیں یعنی کسی میاچ کو بین الاقوامی مقابلے کا درجہ حاصل نہیں ہوگا۔ یہی وجہ ہے کہ ان میاچس میں سعید اجمل کو کھلانے کا فیصلہ کیا جا رہا ہے، کیونکہ سعید کے بین الاقوامی مقابلے کھیلنے پر پابندی ہے جب تک کہ وہ اپنے بولنگ ایکشن کو شفاف نہیں قرار دلواتے۔سعید اجمل پر اگست میں دور سری لنکا میں شکوک کا اظہار کیا گیا تھا اور ان کے بالنگ ایکشن کی رپورٹ موصول ہونے کے بعد بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے آسٹریلیا کے شہر برسبین میں ان کی جانچ کی تھی۔ جس کے بعد پایا گیا تھا کہ’’دوسرا‘‘سمیت ان کی تمام گیندیں قانونی حدود سے تجاوز کرتی ہیں، جس پر انہیں فوری طور پر بین الاقوامی کرکٹ سے معطل کردیا گیا تھا۔ پاکستان کو عالمی کپ سے قبل دوسرا بڑا دھچکا ابھی گزشتہ ہفتے لگا ہے جب اس کے دوسرے اہم ترین اسپنر محمد حفیظ بھی مشکوک بالنگ ایکشن کی وجہ سے معطل کردیے گئے۔ اب پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ وہ دونوں گیندبازوں کو ہندوستان کے شہر چینائی میں واقع بایومکینکس لیبارٹری بھیجے گا، جہاں ان کی باقاعدہ جانچ کی جائے گی۔ محمد حفیظ دبئی سے براہ راست ہندوستان جائیں گے جبکہ سعید اجمل ویزے کی وجہ سے 30 دسمبر تک چینائی روانہ ہوں گے۔ تب تک وہ کینیا کے خلاف دو مقابلوں میں پاکستان’اے‘کی نمائندگی کریں گے۔کینیا اور پاکستان’اے‘کے مابین پہلا مقابلہ 13 دسمبر کو قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

ریال میڈرڈ کی ریکارڈ انیسویں جیت
میڈرڈ،11 دسمبر (یو این آئی) ریال میڈرڈ نے چیمپئنز لیگ میں بلغارین کلب لڈوگوریٹس ریزگریڈ کو خون کے آنسو رلا دیا۔ دفاعی چمپئن ریال میڈرڈ نے مسلسل 19ویں فتح حاصل کر کے ریکارڑ قائم کر دیا۔ آرسنل نے گلاٹسارے، مناکو نے زینٹ سینٹ پیٹر برگ اور اولمپکوز نے الماو کیخلاف کامیابی حاصل کر لی جبکہ یوونٹس اور ایٹلیٹکو میڈرڈ، لیور پول اور ایف سی باسل، بورشیا ڈورٹمنڈ اور اینڈرلیچنٹ اور بینفیکا اور لیور کوسین کے درمیان میاچ برابر ہو گیا۔ چمپئنس لیگ میں کھیلے گئے گروپ میاچ میں ہسپانوی کلب ریال میڈرڈ اور بلغارین کلب لڈوگوریٹس ریزگریڈ مدمقابل ہوئے۔ پورے میاچ میں ریال میڈرڈ کی ٹیم چھائی رہی۔ میاچ کے 20ویں منٹ میں ریال میڈرڈ کو پنالٹی اسٹروکس ملا جس کا فائدہ کرسٹیانو رونالڈو نے بخوبی اٹھایا اور ٹیم کو برتری دلا دی۔ 38ویں منٹ میں گیراتھ بیل نے ٹیم کی جانب سے دوسرا گول کیا۔ میاچ کے دوسرے ہاف میں بھی فاتح ٹیم حریف ٹیم کے خلاف تابڑ توڑ حملے کرتی رہی۔ 79ویں منٹ میں الیورو اربیلو اور 88ویں منٹ میں الیورو میڈران نے گول داغ کر کے ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ ریال میڈرڈ نے بلغارین کلب کو0۔4سے شکست دے کر مسلسل 19 میاچس میں کامیابی حاصل کر کے ریکارڑ قائم کر دیا۔

میاچ کے دوران آسمانی بجلی سے کھلاڑی زخمی
ریوڈی جنیرو۔11دسمبر(یو این آئی)برازیل میں پیرو فٹبال کپ کے لیے حال ہی میں دو ٹیموں کے درمیان میاچ کے دوران اچانک موسم کی خرابی کے بعد آسمانی بجلی گرنے سے ایک فٹبالر سمیت متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق اگویلا اسپورٹس اور نیون فورزا مینیرا کے درمیان فٹبال کا مقابلہ پورے زور وشور سے جاری تھا۔ اس دوران اچانک گرج چمک شروع ہوئی اور آسمانی بجلی گرنے سے اسٹیڈیم میں موجود ایک فٹبالر سمیت متعدد دیگر افراد جھلس گئے۔آسمانی بجلی گرنے سے 21 سالہ فٹبالر خواؤ کونٹریاس کے جسم کا کچھ حصہ جھلس گیا ہے تاہم وہ رو بہ صحت ہے۔ اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ آسمانی بجلی گرنے سے متاثرہ دیگر افراد کی زندگیاں خطرے سے باہر ہیں تاہم وہ نفسیاتی طور پر متاثر ہوئے ہیں۔کونٹریراس اسپورٹ کلب کی جانب سے جاری ایک ویڈیو فوٹیج میں آسمانی بجلی گرنے اوراس کے نتیجے میں گراؤنڈ میں موجود فٹبالر کے زخمی ہونے کا منظر بھی دکھایا گیا ہے۔ آسمانی بجلی گرنے سے کھلاڑی کے جسم سے دھواں اٹھتا دکھائی دیتا ہے۔

ویراٹ کپتانی ڈیبو میں سنچری بنانے والے چوتھے ہندوستانی بنے
ایڈیلیڈ۔11دسمبر(یو این آئی) قائم مقام کپتان ویراٹ کوہلی ٹسٹ کرکٹ میں کپتانی ڈیبو میں سنچری بنانے والے چوتھے ہندوستانی کھلاڑی بن گئے ہیں۔ ویراٹ نے آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹسٹ کے دوسرے دن 115 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ مہندر سنگھ دھونی کے زخمی ہونے کی وجہ سے ویراٹ کو ایڈیلیڈ ٹسٹ میں ٹیم انڈیا کی کپتانی کرنے کا موقع ملا اور انہوں نے بہترین سنچری لگا کر خود کو ثابت کیا۔کپتانی ڈیبو میں سنچری بنانے کی کامیابی اس سے پہلے سنیل گواسکر، دلیپ وینگسرکر اور وجے ہزارے کو حاصل تھی۔ ویراٹ کی یہ ساتویں ٹسٹ سنچری تھی اور ان کا تیسرا بہترین اسکور تھا۔ ان 7 سنچریوں میں ان کا بہترین اسکور 119 رنز ہے جو انہوں نے دسمبر2013میں جوہانسبرگ میں جنوبی افریقہ کے خلاف بنایا تھا۔ویراٹ کی 7 سنچریوں میں چار غیر ملکی زمین پر بنی ہیں اور 3 ہندوستانی زمین پر بنی ہیں۔ آسٹریلیا کے خلاف ان کا یہ تیسری ا یڈیلیڈ میں دوسری سنچری تھی۔ ویراٹ نے جنوری 2012 میں ایڈیلیڈ میں ہی 116 رن بنائے تھے۔ ویراٹ اب ٹسٹ کرکٹ میں 2000 رن پورے کرنے سے صرف 30 رن دور رہ گئے ہیں۔

پراسپر اتسیا کو بولنگ کی اب مشروط اجازت
دوبئی۔11دسمبر (یو این آئی)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پولس کی مانند کارروائی کرنے کے بعد اب ملزمان کی ضمانت کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔آئی سی سی میں تین دنو ں میں تین ایسے گیند بازوں کو عالمی کرکٹ میں بولنگ کی اجازت دی ہے جو اپنے مشکوک بولنگ ایکشن کی وجہ سے قانونی دائرے میں آگئے تھے۔ ان میں زمبابوے کے آف اسپنر پراسپر اتسیا بھی شامل ہیں۔ پراسپر اتسیا رواں سال جنوبی افریقہ کے خلاف ایک روزہ سیریز میں شک کی نگاہوں میں آئے تھے جس کے بعد انہوں نے اپنے بالنگ ایکشن کی باقاعدہ جانچ کروائی تھی اور نتائج کے مطابق وہ بالنگ کراتے ہوئے کہنی میں 15 درجے تک کے خم کی مقررہ اجازت سے تجاوز کرتے ہیں، اس لیے انہیں فوری طور پر معطل کردیا گیا۔ البتہ دیگر تمام بالرز کی طرح انہیں بھی قانون کے مطابق اپنے بالنگ ایکشن کو بہتر بنا کر دوبارہ جانچ کے ذریعہ واپس آنے کا موقع دیا گیا، جس پر عملدرآمد کرتے ہوئے اتسیا نے گزشتہ ہفتے بالنگ ایکشن کی جانچ کروائی اور اب تازہ ترین نتائج کے مطابق ان کی دیگر تمام گیندیں تو قانونی حدود کے اندر ہیں، لیکن آف اسپن اب بھی 15 درجے کی حد سے تجاوز کررہی ہے، جس کی وجہ سے انہیں آف اسپن کرانے کی اجازت نہیں ہوگی، دیگر گیندیں وہ پھینک سکتے آئی سی سی دو روز قبل سری لنکا کے سچترا سینانائیکے اور نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن کو بولنگ ایکشن کو قانونی حدود کے اندر لانے پر بالنگ کی اجازت دی ہے اور آئندہ چند ہفتوں میں پاکستان کے سرفہرست دو اسپن گیندباز سعید اجمل اور محمد حفیظ بھی جانچ کے مراحل سے گزریں گے۔ غیر سرکاری تجربات کے مطابق سعید اجمل کی’’دوسرا‘‘ کے علاوہ تمام گیندیں اب قانونی حدود کے اندر ہیں اور اگر وہ اس وقت بھی باضابطہ جانچ کرائیں تو ان کو بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کی اجازت مل سکتی ہے۔

آنکھ میں چوٹ کے سبب کریگ کا عالمی کپ میں کھیلنا مشکوک
لندن ۔11دسمبر(یو این آئی) انگلینڈ کے ونڈے وکٹ کیپر کریگ یسویٹر میاچ کے دوران آنکھ میں لگی شدید چوٹ سے اب تک نکل نہیں پائے ہیں جس سے ان کا اگلے سال آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں ہونے والے آئی سی سی ورلڈ کپ میں کھیلنا مشکوک ہو گیا ہے۔ کریگ نے ایک بیان میں کہامیرے لیے یہ بہت دکھ کی بات ہے لیکن میری آنکھ 100 فیصد ٹھیک نہیں ہے اور میں خود سے جس طرح کے مظاہرے کی امید کرتا ہوں اسے قائم رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ میں خود کو فٹ رکھوں۔ میں فی الحال خود کی صحت کیلئے ماہرین کی ہر ممکن مدد لے رہا ہوں تاکہ اس مسئلہ سے نجات پا سکوں ۔ کریگ کو اگلے سال ہونے والے عالمی کپ کے لیے انگلینڈ کے ممکنہ کھلاڑیوں میں شامل کیا گیا ہے۔ وہ انگلینڈ کے لیے 46 ونڈے اور25ٹوئنٹی 20 بین الاقوامی میاچ کھیل چکے ہیں۔ سال 2010 میں ٹوئنٹی20ورلڈ کپ فاتح ٹیم کا حصہ رہے کریگ نے فائنل میں آسٹریلیا کے خلاف 63 رن بنائے تھے اور وہ میان آف دی میاچ رہے تھے۔انگلینڈ اور سمرسیٹ کاؤنٹی کے وکٹ کیپر بلے باز کریگ کیسویٹر آنکھ پر چوٹ لگنے کے پانچ مہینے بعد بھی مکمل طور پر صحت یاب نہیں ہو سکے، اور اب ان کا کیریئر ہی خطرے سے دوچار ہوگیا ہے کیونکہ انہیں بصارت میں دشواری کا سامنا ہے اور کہتے ہیں کہ ان کی آنکھ اب بھی100فیصد ٹھیک نہیں ہوئی ہے۔ کیسویٹر نے آئندہ بگ بیش لیگ میں شرکت سے معذرت کرلی ہے اور شاید اب 2015ء سیزن میں بھی حصہ نہ لے پائیں۔جولائی کے مہینے میں کیسویٹر کے زخمی ہونے کے بعد کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر آئی تھی جس میں ان کی دائیں آنکھ سوجی ہوئی دکھائی دے رہی تھی۔ نارتھمپٹن شائر کے خلاف ایک مقابلے میں حریفبولر ڈیوڈ ولی کی ایک گیند کریگ کے ہیلمٹ میں گھس گئی تھی اور ان کی دائیں آنکھ اور ناک کے درمیان جالگی۔ جس کے نتیجے میں ناک، گال اور آنکھ کے گرد کی ہڈی کو سخت نقصان پہنچا لیکن وہ صحت یاب ہوئے اور بعد ازاں سمرسیٹ کاؤنٹی کے علاوہ جنوبی افریقہ کی ریم سلیم ٹی20 میں بھی شرکت کی۔ البتہ کیزویٹر سمجھتے ہیں کہ وہ اب بھی مکمل طور پر صحت یاب نہیں ہوئے۔ اس لیے انہوں نے آئندہ بگ باش میں شرکت سے معذرت کرلی ہے۔انگلینڈ کی جانب سے 46 ایک روزہ اور 25 ٹی 20 مقابلے کھیلنے والے کیسویٹر چند روز قبل ہی عالمی کپ 2015ء کے لیے اعلان کردہ 30 رکنی انگلینڈ کے دستے میں شامل کیے گئے تھے۔

ویراٹ کو باؤنسر لگتے ہی میدان پر مچی کھلبلی
ایڈیلیڈ۔11دسمبر(یو این آئی) آسٹریلیائی بیاٹسمن فلپ ہیوز کی موت کا حادثہ اب بھی آسٹریلیائی کھلاڑیوں کے دلوں دماغ پر حاوی ہے اور اس کا نظارہ اس وقت دیکھنے کو ملا جب پہلے ٹسٹ کے تیسرے دن ہندوستان کے قائم مقام کپتان ویراٹ کوہلی کے ہیلمٹ پر مچل جانسن کا باؤنسر لگنے پر تمام فیلڈرس دوڑتے ہوئے ان کا حال پوچھنے پہنچ گئے ۔ جانسن نے ہندوستانی کھلاڑی کی طرف پہلی گیند باؤنسر ڈالی جو ان کے ہیلمٹ پر جاکر لگی۔ کوہلی کو باؤنسر لگتے ہی ڈیوڈ وارنر، بریڈ ہیڈن، کپتان مائیکل کلارک، کرس روجرس اور خود جانسن ان کے پاس یہ جاننے پہنچے کہ کیا وہ ٹھیک ہیں۔ یہ واقعہ مظہر ہے کہ آسٹریلیائی کھلاڑیوں کی ذہنی کیفیت میں گزشتہ دنوں کتنی تبدیلی ہوئی ہے۔یہ وہی فیلڈرس اور بولر ہیں جنہوں نے فاف ڈو پلیسس کے خلاف نازیبا زبان کا استعمال کیا تھا۔ اس وقت جانسن نے پلیسس کو کہا تھا کہ اب وہ اپنے ہاتھ کے ٹوٹنے کیلئے تیار رہیں۔ لیکن اس بار وہ حریف کھلاڑی کو باؤنسر لگنے سے فکر مند نظر آئے اور نہ ہی انہیں نقصان پہنچانے کی دھمکی دی۔واضح رہے کہ ایک گھریلو میاچ کے دوران سین ایبوٹ کے باؤنسر سے ہی ہیوز کی موت سے آسٹریلیائی کھلاڑی صدمے میں تھے جس کی وجہ سے ہندوستان کے خلاف پہلے ٹسٹ میاچ کو ٹال دیا گیا تھا۔ یوز حادثے کے بعد باؤنسر کو لے کر ایک لمبی بحث چل پڑی تھی۔ویراٹ کو باؤنسر لگنے سے نہ صرف کھلاڑی بلکہ منتظمین اور پرستار بھی پریشان ہو گئے۔ چاروں طرف سے آسٹریلیائی کھلاڑیوں سے گھرے کوہلی نے چھ سیکنڈ کیلئے ہیلمیٹ اتارا اور سر کو ہلایا۔اس کے بعد ہندوستانی کپتان نے ہاتھ سے امپائر کو کھیلنے کا اشارہ کیا اور جانسن بولنگ کیلئے چل پڑے۔ ویراٹ نے میاچ میں جانسن کی مہلک بولنگ کے باوجود شاندار115رن بنائے۔ اگرچہ دن کی اننگز ختم ہونے سے چار اوور پہلے ہی ویراٹ جانسن کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔

India fights back with a defiant century by Kohli

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں