ملک کی سیکوریٹی کا اسلحہ پر نہیں انٹلی جنس پر انحصار - وزیر اعظم مودی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-01

ملک کی سیکوریٹی کا اسلحہ پر نہیں انٹلی جنس پر انحصار - وزیر اعظم مودی

گوہاٹی
پی ٹی آئی
وزیر اعظم نریندر مودی نے ’’اسمارٹ‘‘پولیس کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک کی سیکوریٹی کی ضرورت کے لئے انٹلی جینس معلومات کا حصول سب سے ضروری ہے ۔ ملک کو اپنے شہید پولیس عہدیداروں کو اعزاز سے نوازنے کے علاوہ ان کی بہبود کو بھی یقینی بنانا چاہئے ۔ وزیر اعظم نے زور دے کر کہا کہ ملک کا تحفظ محض ہتھیاروں پر نہیں بلکہ انٹلی جنس معلومات کے حصول پرہوتا ہے ۔ چانکیا کاحوالہ دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ’’ ملک کے تحفظ کا ہتھیاروں پر انحصار نہیں ہوسکتا ۔ کیونکہ ہتھیاروں کی تعداد ہمارے پاس کتنی ہے لیکن تحفظ کا انحصار انٹلیجنس معلومات پر ہوتا ہے ۔‘‘ وزیر اعظم نے کہا کہ وہ ایک ایسی فورس چاہتے ہیں جو ملک کے قانون کی پوری مستعدی کے ساتھ نگرانی کرے ۔انہوں نے اسمارٹ کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کو سخت حساس، جدید و متحرک مستعد اور جواب دہ ، قابل انحصار ہونے کے علاوہ تکنیکی اعتبار سے تربیت یافتہ ہونا چاہئے ۔پولیس کو چاہئے کہ وہ ان اقدار کو اپنائے تاکہ بہترین نگرانی ہوسکے ۔ وزیر اعظم نے آزادی کے بعد سے شہید ہونے والے33ہزار پولیس عہدیداروں کو خراج عقیدت پیش کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہاکہ ان پولیس عہدیداروں نے ملک اور شہریوں کے تحفظ و امن کے لئے اپنی جانوں کی قربانیاں دی ہیں ۔ ان قربانیوں کو بھلایا نہیں جانا چاہئے ۔ یہ سوال کیاجاتا ہے کہ پولیس عہدیداروں کی قربانیوں کا تذکرہ کیوں نہیں کیا جاتا؟ پولیس عہدیدار بھی یہ نہیں جانتے کہ شہید کون ہے ۔ ایک ٹاسک فورس کی تشکیل کی ضرورت ہے جو شہید ہونے والے پولیس عہدیداروں کی آخری رسومات کی پورے اعزازات کے ساتھ ادائیگی کو یقینی بنائے ۔ انہوں نے کہا کہ ہر ریاست میں ایک پولیس اکیڈیمی قائم ہے جہاں بھرتی ہونے والوں کو تربیت دی جاتی ہے ، ان کے نصاب میں ایک ایسی کتاب بھی شامل کی جائے جو اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران ہلاک عہدیداروں سے متعلق ہو ۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ بعض ریاستوں کے پولیس محکموں کی جانب سے سالانہ کلچرل پروگرام منعقد کئے جاتے ہیں ، بالخصوص ممبئی پولیس فلمی شخصیات کی خدمات حاصل کرتے ہوئے ایسے پروگرام منعقد کرتی ہے ، انہوں نے کہا کہ ریاستیں ایسے سوینیر تیار کریں جن میں شہید ہونے والے پولیس عہدیداروں کی زندگی پرلکھا ہو۔ پولیس کی بہبود کی اہمیت پرزور دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پولیس عہدیدار کی زندگی تناؤ سے پُر ہوتی ہے ۔ ان کے خاندانوں میں امن و استحکام آنے تک یہ پولیس عہدیدار سماج کی پوری طرح خدمت نہیں کرسکتے ۔
Modi Bats for SMART Policing, Stronger Intelligence Gathering

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں