ہندوستان اور آسٹریلیا ٹسٹ سیریز - پہلا میاچ اڈیلیڈ میں - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-02

ہندوستان اور آسٹریلیا ٹسٹ سیریز - پہلا میاچ اڈیلیڈ میں

ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹسٹ سیریز کا پہلا میاچ اڈیلیڈ میں کھیلا جائے گا اور اس کے 9دسمبر سے شروع ہونے کی پوری امید ہے۔ میزبان براڈ اسٹر چیانل نائن نے پیر کو یہ اطلاع دی۔ چیانل نائن کے مطابق اڈیلیڈ ٹسٹ کو 3 دن قبل 9دسمبر سے شروع کیا جائے گا جبکہ سیریز کا دوسرا ٹسٹ برسبن میں ہوگا جو 17دسمبر سے شروع ہوگا۔ چیانل نے یہ بھی بتایا کہ سڈنی میں آخری ٹسٹ کو تین دن آگے بڑھایا گیا ہے اور اب یہ 6جنوری سے شروع ہوگا جبکہ ملبورن میں با سنگ ڈے ٹسٹ (تیسرا) اپنے پہلے سے مقرر پروگرام کے مطابق 26دسمبر سے شروع ہوگا۔ 4 اور 5دسمبر کوا ڈیلیڈ میں ہندوستان کے دو دن کا پریکٹس میاچ بھی کھیلنے کا امکان ہے۔ چیانل نائن نے حالانکہ یہ خبر دی ہے لیکن کرکٹ آسٹریلیا (سی اے) کے ترجمان پیر کی رات تک چیانل نائن کی طرف سے پیش کئے گئے پروگرام کی تصدیق نہیں کرسکے۔ برسبین ٹسٹ جمعرات سے شروع ہونا تھا لیکن بیاٹسمن فلپ ہیوز کی آخری رسومات کی وجہ سی اے نے اس ٹسٹ کو ملتوی کردیا تھا۔ ہیوز کی آخری رسومات چہارشنبہ کو ان کے آبائی شہر می سویلے میں ادا کی جائیں گی حالانکہ اس سے پہلے تک پہلے ٹسٹ کو منسوخ کرنے سے متعلق قیاس آرائی کی جا رہی تھی کیونکہ آگے کا پروگرام بہت مصروف ہے۔ اڈیلیڈ میں پہلا ٹسٹ اور برسبین میں دوسرا ٹسٹ کھیلنے کا مطلب ہوگا کہ اڈیلیڈ، برسبین اور ملبورن ٹسٹ میاچوں کو تین ہفتے کے وقفہ میں مکمل کرلینا ہوگا۔ سڈنی ٹسٹ کو تین دن آگے کیا گیا ہے جس سے تیسرے اور چوتھے ٹسٹ کے درمیان ایک ہفتہ کا فاصلہ رہے گا۔ سیریز کے معاملہ پر دیگر حالات میں گابا اور اڈیلیڈ ٹسٹ میں کچھ دنوں کی تاخیر بھی ہو سکتی ہے یا پھر سڈنی میں نیوایر ٹسٹ کے بعد برسبین میں آخری ٹسٹ کھیلا جائے۔ حالانکہ اس سے سہ رخی سیریز کا پروگرام متاثر ہوسکتا ہے جس کے بعد عالمی کپ کھیلا جانا ہے۔ 2015ء میں ہونے والا آئی سی سی ورلڈکپ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی مشترکہ میزبانی میں کھیلا جانا ہے۔ اس سے پہلے سی اے نے ٹویٹر پر اطلاع دی تھی کہ ہندوستانی ٹیم پہلے ٹسٹ کی تاریخ طے ہونے تک ایڈلیڈ میں ہی رہے گی۔ اپنے ساتھی کھلاڑی ہیوز کی موت کی وجہ سے غمزدہ آسٹریلیائی کھلاڑی فی الحال اس بات پر متحد ہیں کہ اڈیلیڈ میں پہلا ٹسٹ کھیلا جانا صحیح فیصلہ ہے۔ اس کے ساتھ ہی بتایا جا رہا ہے کہ میزبان ٹیم ہندوستان کے خلاف تاخیر سے سیریز شروع ہونے کی وجہ سے ایک کے بعد ایک ٹسٹ میاچ کھیلنے کے لئے تیار ہے۔ اس سلسلہ میں سڈنی میں منگل تک کوئی سرکاری اعلان بھی ہوسکتا ہے۔ اس سے پہلے پیر کی دوپہر سی اے نے اس بات کی بھی تصدیق کی تھی کہ دونوں بورڈوں کے درمیان میاچوں کے تاریخ کے معاملہ پر بات چیت کی جا رہی ہے. میچ کے تاخیر سے شروع ہونے سے آسٹریلیائی ٹیم کے لیے ایک فائدہ ضرور رہے گا کہ اس کے کپتان مائیکل کلارک کوفٹ ہونے کے لئے مزید کچھ وقت مل جائے گا۔ اگر اڈیلیڈ ٹسٹ 12دسمبر کو ہوتا ہے تو انہیں مزید وقت ملے گا کیونکہ گزشتہ کچھ دنوں سے کلارک ‘ہیوز کے انتقال کی وجہ سے ری ہیبلیٹیشن میں شریک نہیں ہوسکے تھے۔ اس سے پہلے گابا ٹسٹ میں کلارک کا کھیلنا مشکوک سمجھا جارہا تھا۔

شارٹ فلم کے ذریعہ پیش کی جائے گی جوکوچ کی زندگی
کینبرا۔ یکم دسمبر (یو این آئی) عالمی نمبر ایک کھلاڑی اور نہایت پرسکون نظر آنے والے نوواک جوکووچ کی زندگی کے راز جلد ہی ایک شارٹ فلم کے ذریعہ دنیا کے سامنے آئیں گے۔ آسٹریلیا کی ایک کمپنی کی شراکت میں سربیائی کھلاڑی پر بننے والی شارٹ فلم میں جوکووچ کی زندگی کے سامنے نہ آنے والے پہلو پیش کئے جائیں گے۔ 27سالہ کھلاڑی نے پیر کو اس فلم میڈ بوائے کا ٹریلر ریلیز کیا۔ نمبر ایک کھلاڑی نے کہا کہ میری زندگی میں میری سب سے بڑی لڑائی ہمیشہ خود سے رہی ہے۔ اس شارٹ فلم کے ذریعہ مجھے اپنی زندگی کو دنیا کے سامنے رکھنے کا سنہرا موقع ملا ہے۔ میں اب دنیا کو بتا سکوں گا کہ جوکووچ کو کیسے ترغیب ملی اور کیسے وہ یہاں تک پہنچے۔

گرویندر اور منجیت شادی کریں گے
جالندھر۔ یکم دسمبر (یو این آئی) پنجاب کے ہاکی کھلاڑی گرویندر سنگھ چانڈی (25) اور ایتھلیٹ منجیت کور (30) جلد ہی شادی کریں گے۔ دونوں نے زندگی ساتھ گزارے کا فیصلہ کرتے ہوئے چار دن قبل یہاں سگائی کرلی ہے۔ ہاکی کھلاڑی چانڈی اس برس کے شروع میں ہونے والے ایشیائی کھیلوں میں اس ہندوستانی ہاکی ٹیم کا حصہ تھے جس نے فائنل میں پاکستان کو شکست دے کر 16برس کے وقفہ کے بعد سونے کا تمغہ جیتا تھا جبکہ منجیت کور دو مرتبہ اولمپک کھیلوں میں ملک کی نمائندگی کرچکی ہیں۔ 2008ء کے اولمپک کھیلوں میں وہ چار گنا 400 ریلے دوڑ کے فائنل مقابلہ تک پہنچنے میں کامیاب رہی تھیں۔ 2004ء میں 400میٹر دوڑ میں 50.05سکنڈ کا قومی ریکارڈ بھی ان کے نام ہے۔ اس وقت وہ پنجاب پولیس میں پولیس سپرٹنڈنٹ کے عہدہ پر فائز ہیں۔ فی الحال شادی کی تاریخ طے نہیں ہوئی ہے۔ منجیت کے لئے یہ رشتہ اس کے بھائی دیویندر سنگھ نے تلاش کیا جو خود بھی ایتھلیٹ ہیں۔ دیویندر اور چانڈی اچھے دوست ہیں۔ اس شادی کے لئے دونوں کے رشتہ دار بھی تیار ہیں۔

ہیوز کی آخری رسومات براہ راست نشر کی جائیں گی
سڈنی۔ یکم دسمبر (یو این آئی) آسٹریلیا بیاٹسمن فلپ ہیوز کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے چہارشنبہ کو سڈنی کرکٹ گراؤنڈ عوام کے لئے کھولا جائے گا اور ان کی آخری رسومات کو براہ راست نشر بھی کیا جائے گا۔ مقامی میڈیا کے مطابق سڈنی کرکٹ گراؤنڈ سے چیانل نائن پر اسے براہ راست نشر کیا جائے گا۔ 25سالہ ہیوز کی آخری رسومات ان کے آبائی شہر میکسویلے میں چہارشنبہ کو ادا کی جائیں گی۔ سڈنی کرکٹ گراؤنڈ کے چیف اکزیکٹیو آفیسر جیمی برکلے نے کہا کہ ہیوز نے سڈنی گراؤنڈ پر ہی اپنے فرسٹ کلاس کرکٹ کی شروعات کی تھی۔ انہوں نے اسی گراؤنڈ پر بیشتر گھریلو اور ٹسٹ کرکٹ میاچ آسٹریلیا کی جانب سے کھیلے ہیں۔ برکل نے کہا کہ ہم نیو ساؤتھ ویلس کے لوگوں کو سڈنی گراؤنڈ پر ہمارے کھلاڑی ہیوز کو خراج عقیدت پیش کرنے کی دعوت دیتے ہیں۔ یاد رہے کہ شیفلڈ شیلڈ میاچ کے دوران تیز گیند باز اسین ایبوٹ کے ایک باؤنسر سے سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں ہیوز کے چوٹ لگ گئی تھی جس کے بعد ان کا انتقال ہوگیا۔ وہ اس وقت 63 رن بناکر ناٹ آؤٹ تھے۔

ساؤپالو میں ویبر زخمی
ساؤپالو۔ یکم دسمبر (یو این آئی) آسٹریلیا کے تجربہ کار موٹر ریسنگ ڈرائیور مارک ویبر یہاں ورلڈ اینڈریوز چمپین شپ کے دوران فیراری ریسر گاڑی سے ٹکرانے کی وجہ سے زخمی ہوگئے۔ گزشتہ برس فارمولاون چھوڑنے کے بعد اتوار کو اس چمپین شپ میں پورش کی جانب سے حصہ لینے والے ویبر کی گاڑی اور فیراری کے ماٹیو کریسونی کی گاڑی کے درمیان بری طرح سے ٹکر ہوگئی۔ فوٹیج سے پتہ چلتا ہے کہ دونوں گاڑیوں کی رفتار تقریباً 300کلومیٹر فی گھنٹہ تھی اور دونوں گاڑیاں کنکریٹ کے بنے ہوئے بیریر کے ساتھ آپس میں ٹکرا گئیں۔ ٹکر کے بعد ویبر کی گاڑی میں آگ بھی لگ گئی۔ فیراری ڈرائیور کریسونی کا ٹکر کے بعد میڈیکل اسٹاف نے علاج کیا اور وہ اس دوران مکمل طورپر ٹھیک نظر آئے۔ منتظمین کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ویبر کو ٹسٹ کے بعد مزید علاج کے لئے سرکٹ کے میڈیکل سنٹر بھیج دیا گیا۔ واقعہ کے بعد 38سالہ تجربہ کار ریسر نے شائقین کی طرف تھمس اپ کا اشارہ کیا اور اس کے بعد وہ سیدھے میڈیکل سنٹر کی جانب چلے گئے۔ ویبر کی چوٹ یا اس کی سنگینی کے بارے میں فی الحال کو اطلاع نہیں ملی ہے۔ ریس میں اس کے بعد سیفٹی کار کا استعمال کیا گیا جسے پورش کے نیل جانی نے جیتا۔ ویبر کے حادثہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے 2009ء کے فارمولا ون کے چمپین جیسن بٹن نے آسٹریلیائی ڈرائیور کے تعلق سے ٹویٹر پر کہا کہ میں خوش ہوں کہ وہ ٹھیک ہیں۔

بوپنا۔ثانیہ کے شاندار کھیل سے انڈین ایسس نے جیت کی ہیٹرک بنائی
منیلا۔ یکم دسمبر (یو این آئی) ہندوستان کے دومایہ ناز کھلاڑی روہن بوپنا اور ثانیہ مرزا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے منیلا میں جاری انٹر نیشنل ٹینس پریمیر لیگ (آئی پی ٹی ایل) میں جیت کی ہیٹرک بنائی ہے۔ موصولہ اطلاع کے مطابق دونوں ہندوستانی کھلاڑیوں کی جوڑی نے یو اے ای رائلس کو آج 20-28 کے فرق سے ہراکر انٹر نیشنل ٹینس پریمیر لیگ (آئی پی ٹی ایل) میں جیت کی ہیٹرک پوری کرلی ہے۔ انڈین ایسس نے سنگاپور اسلیمرس اور منیلا میورکس کو ہرانے کے بعد یو اے ای رائلس کو بھی شکست فاش دی۔ ہندوستانی کھلاڑی بوپنا نے ہم وطن ثانیہ مرزا کے ساتھ مکسڈ ڈبلز سیٹ جیت لیا اور اس کے ساتھ ہی گائل موفلس کے ساتھ مردوں کے زمرہ کے مقابلہ میں بھی جیت درج کی۔

لالیگا میاچ سے قبل ہنگامہ میں فٹبال کے ایک مداح کی موت
میڈریڈ۔ یکم دسمبر (یو این آئی) اسپین میں ایٹلے ٹیکو میڈرڈ میں لا لیگا فٹبال میاچ سے قبل دو ٹیموں کے حامیوں کے درمیان ہونے والے جھگڑے میں ڈی پورٹیوو لا کورونا کلب کے ایک 43سالہ مداح کی موت اور 11 دیگر زخمی ہوگئے۔ ایٹلے ٹیکو میڈرڈ میں کولڈیرون اسٹیڈیم کے نزدیک میاچ سے قبل بڑی تعداد میں پہنچے کورونا اور ایٹلے ٹیکو کے حامیوں کے درمیان جم کر ہنگامہ ہوگا۔ اس دوران 43سالہ کورونا کے مداح منجاناریس ندی کو برفیلے پانی سے باہر نکالا گیا جن کی شناخت بعد میں جمی کے طورپر کی گئی۔ فٹبال کے اس مداح کو اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے بتایا کہ ہایپوتھرمیا، دل کا دورہ پڑنے اور سر میں چوٹ کی وجہ سے جمی کی موت ہوئی ہے۔ اس دوران 11 دیگر افراد کو بھی جھگڑے کے دوران چوٹیں آئیں جن کا ہاسپٹل میں علاج کیا گیا۔ ا س جھگڑے میں خواتین بھی شامل تھیں۔ پولیس نے اس سلسلہ میں 24 افراد کو گرفتار بھی کیا ہے۔

سندھو کو لوک سبھا میں مبارکباد دی گئی
نئی دہلی۔ یکم دسمبر (یوا ین آئی) لوک سبھا میں پیر کو بیاڈمنٹن کھلاڑی وی وی سندھو کو مکاؤ اوپن خطاب جیتنے کے لئے مبارکباد دی گئی۔ وقفہ سوالات کے فوراً بعد لوک سبھا اسپیکر سمترا مہاجن نے بیاڈمنٹن کھلاڑی سندھو کے مکاؤ اوپن جیتنے کا خاص طورپر ذکر کیا اور کہاکہ یہ ملک کے لئے فخر کی بات کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھو کی یہ شاندار جیت ملک کے نوجوانوں کے لئے ترغیب کا کام کرے گی۔ لوک سبھا اراکین نے اس کے بعد میزتھپتھپا کر اپنی خوشی ظاہر کی اور ملک کی نوجوان کھلاڑی کو ان کی کامیابی کے لئے مبارکباد دی۔ دو مرتبہ عالمی چمپین شپ میں کانسہ کا تمغہ جیت چکی سندھو نے سیزن کا پہلا خطاب جیتا ہے۔ انہوں نے ایک لاکھ 20ہزار ڈالر کی انعامی رقم والے ٹورنمنٹ میں کوریا کی کم ہوؤ من کو خواتین سنگلز میں ہراکر خطاب کا دفاع کیا۔

پاکستان کے خلاف ولیمسن کے ہاتھ میں کیوی ٹیم کی قیادت
ویلنگٹن۔ یکم دسمبر (یو این آئی) کین ولیمسن پاکستان کے خلاف متحدہ عرب امارات میں کھیلی جانے والی ونڈے اور ٹوئنٹی20 میاچوں میں نیوزی لینڈ ٹیم کی کپتانی کریں گے۔ برینڈن میک کلم اس سیریز میں ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے اور سری لنکا کے خلاف آئندہ گھریلو سیریز کی تیاری کے لئے ملک واپس آجائیں گے۔ ان کے علاوہ ٹم ساؤدی اور ٹرینٹ بولٹ جیسے ٹیم کے اہم تیز گیندباز بھی پاکستان کے خلاف ٹیم میں شامل نہیں رہیں گے۔ آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان 2 ٹی20‘ 4 اور 5دسمبر کو دوبئی میں ہوں گے جس کے بعد 5 ونڈے میاچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔ پہلا ونڈے 8دسمبر کو اسی گراؤنڈ پر ہوگا جبکہ سیریز کا آخری میاچ ابوظہبی میں 19دسمبر کو کھیلا جائے گا۔ گزشتہ برس نومبر میں ٹیم کا حصہ نہیں رہنے والے آل راؤنڈر اینٹن ڈویچ اور تیز گیند باز ایڈ م ملے کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

ہیوز کے لئے ریکارڈ کی فکر نہ کرتے ہوئے 408رن اننگز ڈکلیر
سڈنی۔ یکم دسمبر (یو این آئی) آسٹریلیائی بیاٹسمن فلپ ہیوز کے لئے ان کے مداحوں اور کرکٹر اپنے اپنے انداز میں محبت اور خراج عقیدت پیش کررہے ہیں۔ اسی وجہ سے پیر کو ایک کلب میاچ کے دوران گھریلو ٹیم نے ریکارڈ سے کچھ دور ہونے کے باوجود ہیوز کی ٹسٹ کیپ نمبر 408 پر اپنی اننگز ڈکلیر کردی۔ کلب ٹیم شان میک آرتھر کے کھلاڑیوں نے وی آر آئی ڈیلاکامبے ٹیم کے خلاف اپنے میاچ میں کلب کے ریکارڈ سے کچھ دور ہونے کے باوجود اپنی اننگز ڈکلیر کردی۔ ٹیم اپنے کلب ریکارڈ سے اس وقت صرف 11رن دور تھی لیکن ہیوز کو خراج عقیدت دینے کے لئے ٹیم نے ریکارڈ کی فکر نہ کرتے ہوئے کر اپنی اننگز 63اووروں میں 408رن کے اسکور پر ڈکلیر کردی۔ ہیوز کا ٹسٹ کیپ نمبر 408 ہے۔ ہیوز کی باؤنسر لگنے سے موت ہوگئی تھی اس وقت وہ 63رن بناکر ناٹ آؤٹ تھے۔ ہیوز کے اس اسکور کو بھی اسکوربورڈ پر دکھایا گیا اور انہیں ریٹائرڈ ہرٹ دینے کے بجائے ناٹ آؤٹ رکھا گیا ہے۔ میک آرتھر نے انوکھے طریقہ سے پیش کی گئی خراج عقیدت کے تعلق سے کہا کہ ہم نے سوچا تھا کہ ہم 408 کے اسکور پر پہنچ جائیں گے تو اننگز ڈکلیئر کردیں گے جو ہیوز کے لئے خراج عقیدت ہوگی لیکن جب ہم گراؤنڈ پر تھے تو اس وقت ہمیں یہ بھی معلوم نہیں تھا کہ ہم نے 63 اووروں میں یہ اسکور بنایا ہے۔ یہ اتفاق ہے کہ یہ ہیوز کا ناٹ آؤٹ آخری اسکور بھی ہے۔ اس درمیان آسٹریلیائی وزیراعظم ٹونی ایبوٹ نے بھی پارلیمنٹ میں ہیوز کو خراج عقیدت پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ ہیوز کی موت سے اہل وطن اتنے متاثر اس لئے ہوئے ہیں کیونکہ اس کرکٹر کی موت نہایت کم عمر میں ہوئی ہے۔ وہ ٹسٹ ٹیم میں واپسی کرنے والے تھے اور اپنے آخری میاچ میں 63رن پر ناٹ آؤٹ تھے۔ ہم سبھی اس نوجوان کھلاڑی کو اپنی جانب سے خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

سینئر ٹیم کی کامیابی دہرانے جونیئر ٹیم آسٹریلیا روانہ
نئی دہلی۔ یکم دسمبر (یو این آئی) ہندوستانی سینئر مرد ہاکی ٹیم کی آسٹریلیا کے خلاف 5 میاچوں کی ٹسٹ سیریز میں شاندار جیت کے بعد جونیئر مرد ہاکی ٹیم پیر کو برسبین کے لئے روانہ ہوگئی۔ جونیئر مرد ہاکی ٹیم کے کوچ رویندر سنگھ نے روانہ ہونے سے قبل کہا کہ ان کی ٹیم کے کھلاڑی بہت باصلاحیت ہیں اور وہ ان میں سے کچھ کھلاڑی جلد ہی قومی ٹیم میں دیکھتے ہیں۔ ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان 5 ٹسٹ میاچوں کی سیریز ہونی ہے۔ یہ سیریز آسٹریلیا کے گولڈ کوسٹ میں 2 سے 13دسمبر تک چلے گی اور یہ اگلے سال ہونے والے آٹھویں مرد جونیئر ایشیا کپ کے لحاظ سے اہم ہے۔ کپتان رجیت سنگھ نے آسٹریلیا کے دورہ پر روانہ ہونے سے قبل کہا کہ آسٹریلیا کے دورہ کے لئے ہمارے اندر اعتماد ہے اور ہم سیریز جیتنے پر توجہ دے رہے ہیں۔ اس سال اکتوبر میں جو ورلڈکپ میں ہندوستان کی کارکردگی کے پیش نظر ٹیم نئے چیلنجوں کا سامنا کرنے کے لئے پراعتماد ہے۔ میں خوش ہوں کہ ہمارے پاس رمن پریت جیسے کھلاڑی ہے جو ٹیم کا حوصلہ بڑھاتے ہیں۔ کوچ رویندر سنگھ نے کہا کہ یہ بہت نوجوان اور باصلاحیت ٹیم ہے اور یہ آسٹریلیا کو سخت ٹکر دے سکتی ہے۔ سلطان جو ورلڈکپ کے دوران ٹیم نے دکھایا تھا کہ وہ جیت کی بھوکی ہے اور نئے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہے۔ اگر میں ان میں سے کچھ کھلاڑیوں کو قومی ٹیم میں دیکھوں تو مجھے حیرانی نہیں ہوگی۔ قابل ذکر ہے کہ ہندوستانی سینئر ٹیم نے حال میں آسٹریلیا دورہ میں عالمی چمپین آسٹریلیا کو ٹسٹ سیریز میں شکست دی تھی اور اب جونیئر ٹیم کی نگاہیں اسی کارنامہ کو دہرانے پر لگی ہیں۔ ٹیم اس طرح ہے۔ گول کیپر ابھینو کمار پانڈے، ڈیفنڈر جگراج سنگھ، ورون کمار، رمنپریت سنگھ، دپسان ٹرکی، گریندر سنگھ، جرمنپریت سنگھ‘ آنندلاڑا مڈفیلڈر‘ رجیت سنگھ (کپتان)، عمران خان (نائب کپتان)، سنتا سنگھ، من پریت سنگھ، سمت۔ فارورڈ پرویندر سنگھ، سمرنجیت سنگھ، سمیت ٹوپو، مندیپ سنگھ اور ارمان قریشی۔

اردن کے ڈرائیور نے ’کنگ آف ڈرفٹ‘ کا تاج اپنے سر سجالیا
دبئی۔ یکم دسمبر (ایجنسیز) اردن کے ڈرائیور نے ’کنگ آف ڈرفٹ‘ کا تاج اپنے سر سجالیا۔ دبئی کے موٹر فیسٹول میں ڈرفٹنگ کا سالانہ مقابلہ ہوا۔ یو اے ای، عمان، کویت، لبنان، اردن، مصر اور تیونس سے آئے 16ماہر کار ڈرفٹرز نے ایسے کرتب دکھائے کہ دیکھنے والے دنگ رہ گئے۔ اردن کے احمد دہام نے ڈرفٹنگ چمپین شپ میں سب کو مات دے کر مقابلہ اپنے نام کرلیا۔ دبئی موٹر فیسٹول 6دسمبر تک جاری رہے گا۔

ہیوز کی المناک موت شارجہ ٹسٹ میں شکست کی وجہ بنی: مصباح
کراچی۔ یکم دسمبر (ایجنسیز) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ فلپ ہیوز کی المناک موت کی خبر شارجہ ٹسٹ میں ان کی شکست کی وجہ بنی۔ٹسٹ میاچ کے پہلے دن سب ٹھیک تھا۔اس سانحے نے ہماری ٹیم کی کارکردگی پر اثر ڈالا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے دن میاچ ہمارے کنٹرول میں تھا لیکن دوسرے دن اس خبر کے آنے سے ہمارے لئے مشکل تھا کہ میاچ پر توجہ مرکوز رکھ سکتے۔ فاتح کپتان برینڈن میک کولم نے کہا کہ جن حالات میں عالمی کرکٹ پر اس سانحہ کا اثر ہوا ہمارے لئے کھیلنا بہت مشکل تھا۔ مصباح نے کہا کہ دوسری اننگز میں جب آپ کو بڑی لیڈ کا سامنا ہو تو دباؤ میں بیاٹنگ کی جاتی ہے۔ نئی گیند پر نیوزی لینڈ نے اچھی بولنگ کی 3 وکٹ گرنے کے بعد ہماری ٹیم سنبھل نہ سکی۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ٹیم سیزن کا آخری ٹسٹ ہارنا نہیں چاہتی۔ ہمیں اپنی کارکردگی میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔ نیوزی لینڈ سے بھی کریڈٹ نہیں چھینا چاہئے۔ سر فراز احمد اور اسد شفیق نے جس طرح کی شراکت دی اسی طرح کی شراکت کی ضرورت تھی۔

62سالہ اداکار مکی رورکے کی باکسنگ رنگ میں فاتحانہ واپسی
ماسکو۔ یکم دسمبر (ایجنسیز) گولڈن گلوب ایوارڈ یافتہ امریکی اداکار مکی رورکے نے باکسنگ رنگ میں فاتحانہ واپسی کی ہے۔ 62سالہ مکی نے ماسکو میں نمائشی فائٹ میں خود سے 22برس چھوٹے حریف کو ناک آؤٹ کردیا۔ مکی نے کئی برس قبل اداکاری میں کیریئر جاری رکھنے کے لئے گھونسے بازی کے کھیل سے کنارہ کشی اختیار کرلی تھی۔ ایکسپنڈیبل اور دی ریسلر جیسی مشہور عالم فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے مکی نے اس مقابلہ کیلئے سخت ٹریننگ کی تھی اور اپنا وزن 35پونڈ تک کم کیا تھا۔ مکی نے فائٹ کے دوران 29سالہ حریف ایلیٹ سیمور کو ابتدا ہی سے مشکلات سے دوچار رکھا اور مسلسل حملوں کے انہیں دو بار چت کیا۔ ان کا جارحانہ انداز دیکھتے ہوئے ریفری نے انہیں فاتح قرار دے دیا۔ مکی رورکے نے 90کے عشرے میں بھی باکسنگ میں واپسی کی تھی اور مسلسل 8مقابلوں میں ناقابل شکست رہے تھے لیکن چہرے پر پڑنے ضربوں نے انہیں دوبارہ پردۂ سیمیں پر لوٹنے پر مجبور کردیا تھا۔

بلائنڈ کرکٹ ورلڈکپ، پاکستان نے تیسرا میاچ بھی جیت لیا
کراچی۔ یکم دسمبر (ایجنسیز) چوتھے بلائنڈ کرکٹ ورلڈکپ میں اتوار کو کیپ ٹاؤن میں پاکستان نے انگلینڈ کو 207رن جبکہ سری لنکا نے آسٹریلیا کو 7وکٹوں سے شکست دے دی۔ پاکستان کے کپتان ذیشان عباسی نے ٹاس جیت کر پہلے بیاٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا پاکستان نے مقررہ 40اوورس میں 9وکٹوں کے نقصان پر 446رن اسکور کئے۔ اوپنر محمد جمیل نے 95گیندوں پر 188رن کی شاندار اننگز کھیلی محمد جمیل کی اننگز میں 32چوکے اور 2 چھکے شامل تھے محمد اکرم نے 49 گیندوں پر 96رن بنائے عامر اشفاق نے 60 جبکہ نثار علی نے 25 ناٹ آؤٹ بنائے لیوک نے 78رنز دے کر 2وکٹیں حاصل کی۔ انگلینڈ کی ٹیم 40اوورس میں 7وکٹوں کے نقصان پر 239 رن بنا سکی۔ میتھیو پیج 68 جبکہ جسٹن نے 40 رن بنائے اسرار حسن نے 27 رن جبکہ ساجد نواز نے 55 رن دے کر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ دوسرے میاچ میں سری لنکا نے آسٹریلیا کو 7 وکٹوں سے ہرادیا پہلے بیاٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا کی ٹیم 233رن بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ سری لنکا نے مطلوبہ ہدف 25.1 اوورس میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ پیر کو پاکستان کا مقابلہ بنگلہ دیش، آسٹریلیا کا ساؤتھ افریقہ سے اور ہندوستان کاسری لنکا سے ہو گا۔

شارجہ ٹسٹ میں مجموعی طور پر 35چھکے مارے گئے
کراچی۔ یکم دسمبر (ایجنسیز) شارجہ ٹسٹ میں مجموعی طور پر 35 چھکے مارے گئے یہ کسی بھی ایک ٹسٹ میاچ میں عالمی ریکارڈ ہے۔ اس سے قبل 2006ء میں پاکستان اور ہندوستان کے درمیان فیصل آباد ٹسٹ میں 27 چھکے مارے گئے تھے۔ حالیہ سیریز کے تیسرے ٹسٹ کی پہلی اننگز میں نیوزی لینڈ کے بیاٹسمنوں نے پاکستان کے خلاف 19 چھکے مارکر نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا۔ 2003ء میں آسٹریلیا نے زمبابوے کے خلاف ایک اننگز میں سب سے زیادہ 17 چھکے مارے تھے۔ میک کولم نے 202 کی اننگز کے دوران 11 چھکے مارے۔ 1996ء میں شیخوپورہ ٹسٹ میں وسیم اکرم نے 257رن کی اننگز کے دوران 12 چھکے مارے تھے۔ میک کولم نے 33سال کی عمر میں ڈبل سنچری بنائی۔ ان سے قبل 1951ء میں جنوبی افریقہ کے خلاف انگلینڈ کے ایرک روان نے 42سال کی عمر میں ڈبل سنچری بنائی تھی۔ ٹسٹ کرکٹ میں 3 بیاٹسمن ایسے ہیں جنہوں نے 100 کے اسٹرئیک ریٹ سے ٹسٹ میاچ میں ڈبل سنچری بنائی ہے۔ میک کولم 202رن 188گیندوں پر بنائے اور 107 کے اسٹرائیک ریٹ سے سنچری بنائی۔ ان سے قبل ناتھن ایسٹل اور وریندر سہواگ نے ڈبل سنچری بناکر 100 کا اسٹرائیک ریٹ حاصل کیا تھا۔

یونس خان 16ویں بار صفر پر آؤٹ ہوئے
شارجہ۔ یکم دسمبر (ایجنسیز) یونس خان ٹسٹ کرکٹ میں پاکستان کے ٹاپ7 بیاٹسمنوں میں سے زیادہ بار صفر پر آو ٹ ہونے والے کھلاڑی بن گئے۔ وہ نیوزی لینڈ کے خلاف شارجہ ٹسٹ میں دوسری اننگز میں ٹرینٹ بولٹ کی گیند پر بغیر کوئی رن بنائے ایل بی ڈبلیو ہوگئے تھے۔

محمد طلحہ ٹسٹ کرکٹ میں بدترین بولنگ ریکارڈ کے مالک بن گئے
شارجہ۔ یکم دسمبر (ایجنسیز) شارجہ میں نیوزی لینڈ کے خلاف آخری ٹسٹ کی پہلی اننگز میں پاکستانی بولرس مکمل طور پر ناکام دکھائی دیئے تاہم طلحہ نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا، پاکستانی فاسٹ بولر ٹسٹ کرکٹ میں بدترین بولنگ ریکارڈ کے مالک بن گئے۔ انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف آخری ٹسٹ کی پہلی اننگز میں 22 اوورس میں 136رن دیئے اور کوئی وکٹ نہ لے سکے۔ اس سے قبل یہ منفی ریکارڈ بنگلہ دیش کے شہادت حسین کے پاس تھا جنہوں نے 2005ء میں انگلینڈ کے خلاف میاچ میں 12 اوورس میں 101رن دیئے تھے اور وکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے تھے۔ ساتھ ہی انہوں نے ابتدائی 10اوورس کا منفی ریکارڈ بھی حاصل کیا۔ انہوں نے پہلے 11 اوورس میں 95رن دیئے اور کوئی وکٹ نہ لے سکے، انہوں نے 2 چھکے اور 16 چوکے بھی کھائے اور 3 نوبال اور وائیڈ بال بھی کرائی۔

باؤنسرس پر پابندی کا امکان نہیں: آئی سی سی
لندن۔ یکم دسمبر (رائٹر) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے کہا ہے کہ فلپ ہیوز کے واقعہ کے باوجود باؤنسرس پر کسی قسم کی پابندی لگانے کا کوئی امکان نہیں ہے۔ آئی سی سی کے چیف اکزیکٹیو ڈیورچرڈسن ایک انٹرویو میں اس حوالہ سے سوال پر کہا کہ اس قسم کی باتیں کرنا ابھی قبل از وقت ہے لیکن میرا ذاتی خیال ہے کہ باؤنسرس پر کوئی پابندی نہیں لگائی جائے۔ البتہ میں سمجھتا ہوں کہ ہم ہیلمٹ کو مزید بہتر بنانے پر غور کرسکتے ہیں۔ اس سلسلہ میں ہیلمٹ کی لمبائی کو گردن تک کیا جاسکتا ہے۔ یاد رہے کہ فلپ ہیوز بیاٹنگ کرتے ہوئے ہیلمٹ پہنے ہوئے تھے لیکن گیند ان کے سر پر نہیں بلکہ گردن کے پر لگی تھی۔

اسد شفیق اننگز میں 6 چھکے لگانے والے پانچویں پاکستانی بیاٹسمن
شارجہ۔ یکم دسمبر (ایجنسیز) پاکستان کے میڈل آرڈر بیاٹسمن اسد شفیق نے نیوزی لینڈ کے خلاف آخری ٹسٹ میں شاندار سنچری کی۔ یہ ان کے کیریئر کی پانچویں سنچری ہے۔ اس اننگز میں انہوں نے 6 چھکے لگائے اور ایک اننگز میں زیادہ چھکے لگانے والے پاکستانی بیاٹسمنوں کی فہرست میں جگہ بنالی۔ ان کی اننگز میں 18چوکے بھی شامل تھے۔ اس سے قبل وسیم اکرم، انضمام الحق، ہارون رشید اور شاہد آفریدی بھی یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔

ویمنس ہاکی: ارجنٹائن، ہالینڈ، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کا فاتحانہ آغاز
بیونس آئرس۔ یکم دسمبر (ایجنسیز) ایف آئی ایچ ویمنس چمپینس ٹرافی ہاکی ٹورنمنٹ میں دفاعی چمپین ارجنٹائن، ہالینڈ، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا نے اپنے اپنے میاچس جیت کر ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کیا۔ ابتدائی دن کھیلے گئے گروپ اے کے میاچ میں ہالینڈ کی ویمن ٹیم نے چین کو 2-0گول سے ہرا کر پہلی کامیابی حاصل کی۔ دوسرے میاچ میں نیوزی لینڈ نے جاپان کو 2-1 گول سے ہرایا، گروپ بی کے پہلے میاچ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 2-1 گول سے شکست دی جبکہ ارجنٹائن نے جرمنی کو زبردست مقابلہ کے بعد 1-0 گول سے ہرایا۔

سلمان بٹ کو کرکٹ بورڈ کے خط کا انتظار
۔ یکم دسمبر (ایجنسیز)
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلمان بٹ کو دو ہفتے گزر جانے کے باوجود پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے وہ خط نہیں ملا جس میں ان کی بحالی سے متعلق ہدایات ہیں جن پر عمل کر کے ہی وہ کرکٹ کے میدانوں میں لوٹ سکیں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہر یارخان نے 17نومبر کو سلمان بٹ سے ملاقات کے بعد کہا تھا کہ یہ خط آئندہ چند دن میں انہیں مل جائے گا۔ سلمان بٹ نے بتایا کہ اس طرح کا کوئی خط انھیں ابھی تک موصول نہیں ہوا۔ سلمان بٹ کو دو دیگر کرکٹروں محمد عامر اور محمد آصف کے ساتھ اسپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے کی پاداش میں 5 سالہ پابندی کا سامنا ہے۔ یہ پابندی آئندہ سال ختم ہورہی ہے تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ محمد عامر کے معاملہ میں غیرمعمولی دلچسپی کا مظاہرہ کرتا رہا ہے کہ آئی سی سی محمد عامر کے سلسلہ میں نرمی برتتے ہوئے انھیں ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت دے دے۔ آئی سی سی کے اینٹی کرپشن کوڈ میں ترمیم کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے محمد عامر کو ڈومیسٹک کرکٹ کھلانے کی اجازت حاصل کرنے کے لئے آئی سی سی کو درخواست دے دی ہے۔ میں 13ماہ سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چکر لگا رہا ہوں اور بحالی پروگرام کے لئے اپنی دستیابی سے کرکٹ بورڈ کو آگاہ کرچکا ہوں۔ میں اس پروگرام کا بڑا حصہ مکمل کرچکا ہوں اب صرف ایک مرحلہ باقی ہے جس میں مجھے پاکستان کرکٹ بورڈ کے بلائے گئے شرکاء کے سامنے اپنے کئے کی معافی مانگنی ہے، لیکن بورڈ ابھی تک اس بارے میں مجھے کوئی مثبت جواب نہیں دے رہا ہے۔ اس حوالہ سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہر یار خان کا کہنا ہے کہ دیگر 2 کرکٹروں سلمان بٹ اور محمد آصف نے کرکٹ میں واپسی کے لئے درکار آئی سی سی اور پاکستان کرکٹ بورڈ کی شرائط پوری نہیں کی ہیں۔ ان دونوں کرکٹروں نے اپنے کئے پر جو معافی مانگی ہے وہ کافی نہیں ہے بلکہ انہیں اس سے زیادہ کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔ سلمان بٹ کا کہنا ہے کہ وہ 13 ماہ سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چکر لگا رہے ہیں اور انہیں بحالی کے پروگرام کے لئے اپنی دستیابی سے آگاہ کرچکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اس پروگرام کا بڑا حصہ مکمل کرچکے ہیں اب صرف ایک مرحلہ باقی ہے جس میں انہیں پاکستان کرکٹ بورڈ کے بلائے گئے شرکاء کے سامنے اپنے کئے کی معافی مانگنی ہے، لیکن بورڈ ابھی تک اس بارے میں انہیں کوئی مثبت جواب نہیں دے رہا ہے۔ سلمان بٹ کا کہنا ہے کہ وہ ٹیم میں منتخب کرنے کی بات نہیں کررہے ہیں کیونکہ اس کا انحصار ان کی کارکردگی پر ہوگا، فی الحال وہ چاہتے ہیں کہ بحالی کے پروگرام کو مکمل کر کے وہ ڈومیسٹک کرکٹ میں اپنی واپسی یقینی بناسکیں۔

کبڈی عالمی کپ: فائنل ہارنے کی روایت توڑ دیں گے
۔ یکم دسمبر (ایجنسیز)
ہندوستان کبڈی کا موجودہ عالمی چمپین ہے اور وہی پانچویں کبڈی ورلڈکپ کی بھی میزبانی کررہا ہے۔ پاکستانی کھلاڑی بھی دودھ دہی کے علاوہ من پسند کھانے کھا رہے ہیں۔ وہ پلٹنے جھپٹنے اور جھپٹ کر پلٹنے کے لئے تیار ہیں۔ عالمی کبڈی ٹورنمنٹ کے میاچس جالندھر، ہوشیارپور، لدھیانہ اور امرتسر سمیت شمالی ہندوستان کے 14 مختلف مقامات پر کھیلے جائیں گے۔ عالمی کپ کے لئے مدعو کی گئی 15 ممالک کی ٹیموں میں گز شتہ 4 ورلڈکپ فائنل کھیلنے والی پاکستانی کبڈی ٹیم بھی شامل ہے۔ تاہم پاکستانی کبڈی ٹیم کے مایہ ناز کھلاڑی لالہ عبیداللہ کو یقین ہے کہ اس بار ٹیم فائنل ہارنے کی روایت توڑ دے گی۔ انہوں نے کہا کہ 2014ء عالمی کپ میں پاکستان فائنل ہارنے کا سلسلہ ختم کر دے گا۔ لالہ نے کہا کہ گز شتہ برسوں میں فائنل شام کی نمی میں کھیلے گئے تھے، رواں برس ہم نے شام اور رات کے سیشن میں بھی تیاری کی ہے۔ ٹریننگ کیمپ میں کھلاڑیوں کی ٹیکنیک اور فٹنس پہلے سے کہیں بہتر دکھائی دے رہی ہے۔ اس لئے پاکستانی ٹیم اس سال فائنل میں روایتی حریف ہندوستان کے سامنے تر نوالہ ثابت نہیں ہوگی۔ سرکل اسٹائل کبڈی کے اس عالمی کپ میں لالہ عبید کے علاوہ اکمل شہزاد ڈوگر، عرفان مانا اور شفیق چشتی پر مشتمل پاکستانی ریڈر لائن حریفوں کے پالے میں پلٹنے جھپٹنے اور جھپٹ کر پلٹنے کو تیار ہے۔ عصر حاضر میں کبڈی کے سب سے مشہور پاکستانی کھلاڑی شفیق چشتی کہتے ہیں کہ پاکستان کا اصل مقابلہ ہندوستان سے ہوگا اور ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھ کر پاکستانی ٹیم اس کے لئے تیار ہے۔ حکام نے بھی اس سال پاکستانی کبڈی ٹیم کی تیاریوں میں کوئی کسر نہیں چھوڑی اور پنجاب اسٹیڈیم لاہور میں کئی ہفتوں سے جاری تربیتی کیمپ میں دیہی پس منظر کے حامل کھلاڑیوں کے تمام ناز نخرے اٹھائے جا رہے ہیں۔ اس ضمن میں لالہ عبید اللہ نے اپنی اور ساتھی کھلاڑیوں کی خوش خوراکی کا معصومانہ انداز میں ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پہلی بار ہو رہا ہے کہ دہی دودھ کے علاوہ کھلاڑیوں کو منہ مانگا کھانا مل رہا ہے اور وہ خوش ہیں۔ عالمی کپ میں پاکستان اور ہندوستان کے علاوہ کینیڈا، انگلینڈ اور امریکہ جیسی ٹیمیں بھی کبڈی میں اپنا لوہا منوانے کی کوشش کریں گی تاہم لالہ عبید کے مطابق پاکستان کو ایران کے خلاف زیادہ محتاط رہنا ہوگا جس کے ہاتھوں رواں برس پاکستانی ٹیم حیران کن طور پر ایشین گیمس اور ایشین بیچ گیمس میں ہار چکی ہے۔ مردوں کے شانہ بشانہ پاکستانی خواتین کبڈی ٹیم بھی دوسری بار عالمی کپ کھیلنے ہندوستان جا رہی ہے۔ گزشتہ ورلڈکپ کبڈی میں پاکستانی خواتین نے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔ پاکستانی ٹیم کی کپتان مدیحہ لطیف کہتی ہیں کہ حریفوں کی چالوں کو سمجھنے اور نئے داؤ پیچ سیکھنے کے بعد اس بار پاکستانی خواتین ایک قدم اور آگے جانے کو تیار ہیں۔ مدیحہ لطیف نے، جو پنجاب یونیورسٹی میں ایم اے سال اوّل کی طالبہ ہیں نے بتایا کہ رواں برس ٹیم نے فائنل کھیلنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ پاکستانی ٹیم کی نائب کپتان سائرہ شاہ کہتی ہیں کہ کبڈی عالمی کپ کھیلنے کے بعد پاکستانی خواتین میں کبڈی کے کھیل کو غیر معمولی پذیرائی ملی ہے اور ٹرائلز میں 100 کھلاڑی آگئی تھیں، جس سے سلیکشن مشکل ہوگئی تھی۔ پانچویں کبڈی ورلڈکپ کے لئے منتظمین نے ریکارڈ 6کروڑ روپے کی انعامی رقم کا اعلان کیا ہے۔ فائنل جیتنے والی مردوں کی ٹیم 2 اور خواتین ٹیم ایک کروڑ کی حق دار بن جائے گی۔

جگتیال۔ یکم دسمبر (اعتماد نیوز) رکن اسمبلی جگتیال ٹی جیون ریڈی نے آج پرنس گارڈن فنکشن ہال میں ابوالکلام بیاڈمنٹن چمپین شپ ٹورنمنٹ 2014ء کے ونر اور نر ٹیم کو ٹرافی کے علاوہ نقد رقم پر مشتمل انعام عطا کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جیون ریڈی نے کہا کہ دورحاضر میں تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیل کود ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی سے پہلے مسلمانوں کا سرکاری ملازمتوں میں 9فیصد تناسب تھا جو آج گھٹ کر ایک فیصد بھی نہیں رہا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے دی جانے والی مراعات سے مسلمان استفادہ کرنے میں دیگر اقوام کی بہ نسبت بہت پیچھے ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں میں صلاحیتوں کا فقدان نہیں ہے مگر باصلاحیت افراد کو آنے لانا وقت کا تقاضہ ہے۔ انہوں نے مسلمانوں کو دیگر پسماندہ طبقات کی طرح تمام شعبہ حیات میں تحفظات کی فراہمی پر زور دیا اور کہا کہ آنجہانی راج شیکھر ریڈی کے دور میں مسلمانوں کو تعلیم اور روزگار کے میدان میں 4فیصد تحفظات فراہم کئے گئے تھے۔ جیون ریڈی نے موجودہ ٹی آر ایس حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ مسلمانوں کو 12فیصد تحفظات فراہم کرنے کے اپنے وعدہ پر جلدازجلد پورا کرے۔ انہوں نے مسلم شادی خانہ کا بھی تفصیلی دورہ کیا اور 15 سال سے شادی خانہ غیرکارکرد ہونے پر اظہار افسوس کیا۔ انہوں نے شادی خانہ کی عاجلانہ تعمیر اور اس کو اندرون ایک ماہ کارکرد بنانے کا تیقن دیا۔ جیون ریڈی نے مسلم شادی خانہ میں موجود ایک شیڈ کو انڈور اسٹیڈیم میں تبدیل کرنے کا تیقن دیا۔ اس موقع پر ابوالکلام آزاد بیاڈمنٹن چمپین شپ کی ونر ٹیم کے ڈاکٹر ضمیر علی عدنان‘ محمد شبیر الدین کو ٹرافی کے علاوہ نقد رقم اور رنرٹیم کے متعصب علی‘ ماجد کو بھی ٹرافی اور نقد رقم جیون ریڈی کے ہاتھوں دی گئی۔ اس موقع پر ابوالکلام آزاد یوتھ کے صدر عبدالمجاہد عادل‘ سابق کونسلر ساجد پٹواری‘ جرنلسٹ لیاقت علی محسن اور عبدالحمید عابد نے جگتیال میں مسلم نوجوانوں کے لئے انڈور اسٹیڈیم کی تعمیر پر رکن اسمبلی کو توجہ دلوائی۔ اس موقع پر وائس چیمین بلدیہ سراج الدین منصور‘ کونسلر عبدالباری اور دیگر موجود تھے۔

India-Australia first Test to be held in Adelaide from December 9

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں