آندھرا کے نئے دارالحکومت کی تعمیر میں شامل ہونے جاپانی کمپنیوں کا اتفاق - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-02

آندھرا کے نئے دارالحکومت کی تعمیر میں شامل ہونے جاپانی کمپنیوں کا اتفاق

حیدرآباد
آئی اے این ایس ؍ پی ٹی آئی
چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو نے آج کہا کہ جاپانی کمپنیاں ریاست کے نئے دارالحکومت کی تعمیر میں شامل ہونے تیار ہیں، جس کا نقشہ سنگاپور کی جانب سے تیار کیاجائے گا ۔ نائیڈو نے اپنے پانچ روزہ دورہ جاپان کو کامیاب قرار دیتے ہوئے یہاں نامہ نگاروں کوبتایا کہ کئی جاپانی کمپنیوں نے ریاستی دارالحکومت کی تعمیر میں شراکت دار بننے پر آمادگی ظاہر کی ہے ۔ نائیدو نے جو گزشتہ ماہ سنگاپور گئے تھے کہا کہ سنگاپور ، دارالحکومت کے لئے ماسٹر پلان تیار کرے گا۔ جاریہ ماہ سنگاپور کے وزیر تجارت و کامرس ایس ایشورم کے دورہ ہند کے موقع پر اسے قطعیت دئیے جانے کا امکان ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ جاپانی کمپنیاں تعمیر ماحولیات اور شہر کی دیگر ضروریات میں شامل ہونے تیار ہیں ۔ یہ ایک شاندار امتزاج ہوگا ، حکومت آئندہ پانچ سال کے دوران گنٹور ، وجئے واڑہ علاقہ میں 30 ہزار ایکڑ پر دارالحکومت تعمیر کرنے کامنصوبہ رکھتی ہے جس پر ایک لاکھ کروڑ روپے کے مصارف کا امکان ہے۔ نائیدو نے کہا کہ حکومت جاپان کے اداروں ، صنعتی تنظیموں اورکمپنیوں کے ساتھ ان کی بات چیت ثمر آور رہی ہے اور اس توقع کا اظہار کیا کہ اس کی وجہ سے ریاست میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری ہوگی۔ چیف منسٹر نے اعلان کیا کہ صنعتی شعبہ میں جاپانی کمپنیوں کے لئے ایک علیحدہ سل قائم کیاجائے گا ، تاکہ سرمایہ کاری کرنے سے دلچسپی رکھنے والوں کو تیزی سے منظوری دی جاسکے اور ان کی ہر ممکن مدد کی جاسکے ۔ مجوزہ سل میں جاپانی زبان بولنے کی اہلیت رکھنے والے اگزیکٹیو ز کا تقرر کیاجائے گا۔
پی ٹی آئی کے بموجب نائیڈو نے کہا کہ جاپان کی سرکردہ کمپنیوں نے ہی نہیں بلکہ وہان کی حکومت نے بھی ہمارے ساتھ کام کرنے اور ’’طلوع آفتاب کی ریاست‘‘ کی ترقی میں مدد کرنے سے اتفاق کیا ہے ۔ انہوں نے گزشتہ ہفتہ ایشیاء میں اقتصادی ترقی کے مرکز(جاپان) کے اپنے دورہ پر اطمینان کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ مشرقی ساحلی منطقہ میں آندھرا پردیش کے محل ووقوع کی بنا پر نائیڈو اسے’’طلوع آفتاب والی ریاست‘‘ کے طور پر فروغ دینے کی کوشش کررہے ہیں ۔ منقسم ریاست کے چیف منسٹر کی حیثیت سے عہدہ کا جائزہ لینے کے بعد اپنے دوسرے بیرونی دورہ کی تفصیلات سے میڈیا کے نمائندوں کو واقف کراتے ہوئے نائیڈو نے کہا کہ ان کے دورہ کا اصل مقصد آندھرا پردیش کی طویل مدتی ترقی کے منصوبے تیار کرنا تھا ۔ انہوں نے بتایاکہ میں ریاست کے لئے طویل مدتی منصوبے تیار کررہا ہوں اور فوری فائدے پر نظر نہیں رکھ رہا ہوں۔ حکومت جاپان نے ہماری ریاست کو ترقی میں مدد کرنے اور اس میں شامل ہونے کا وعدہ کیا ہے، جبکہ بڑی جاپانی کمپنیوں اور اداروں نے بھی سرمایہ کاری اور دیگر امداد سے اتفاق کیا ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ریاست کے ترقیاتی منصوبوں سے واقفیت حاصل کرنے کے بعد جاپانی وزیر اعظم شنزو آبے نے بے حد مثبت ردعمل کا اظہار کیا ۔ میں نے شنزو آبے سے درخواست کی ہے کہ وہ آئندہ سال اپنے دورہ ہند کے موقع پر آندھرا پردیش کا بھی دورہ کریں اور انہوں نے اس سے اتفاق کرلیا ہے ۔

Singapore to plan, Japan to build Andhra capital: Chandrababu Naidu

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں