ہندوستانی ریلوے نجی کاری کی جانب گامزن - کانگریس - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-30

ہندوستانی ریلوے نجی کاری کی جانب گامزن - کانگریس

نئی دہلی
آئی اے این ایس
کانگریس نے وزیر اعظم کو دھوکہ باز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریلوے کی نجی کاری نہ کرنے کے ان کے تیقن کے باجود نجی کاری کا یہ عمل جاری ہے جیسا کہ کابینہ نے ریلوے میں صد فیصد ایف ڈی آئی کی منظوری دے دی ہے ۔ کانگریس ترجمان ابھیشیک منوسنگھوی نے میڈیا ارکان کو بتایا کہ حکومت خفیہ طور پر ریلوے کی نجی کاری کررہی ہے جس میں کوئی شفافیت نہیں ہے ۔ صرف نجی کاری کا نام نہیں لیاجارہا ہے ورنہ ہر لحاظ سے ہندوستانی ریلوے نجی کاری کی جانب گامزن ہے۔ صرف ٹرین انجن کا ڈرائیور ہی سرکاری نوکر رہے گا ۔ باقی سب کی نجی کاری ہوجائے گی ۔ اس کو ایک اور ’’قلا بازی‘‘ قرار دیتے ہوئے سنگھوی نے کہا کہ بھارتی جنتا پارٹی کی زیر قیادت حکومت کی سرگرمیاں ان وعدوں سے قطعی میل نہیں کھاتیں جو پارٹی نے جنرل الیکشن کے وقت اور حکومت کی باگ ڈور سنبھالتے وقت کئے گئے تھے ۔ سنگھوی نے کہاکہ مودی نے مارچ2013میں ریلوے کی نجی کاری کی حمایت کی اور اس ماہ وارانسی دورے کے دوران اس قسم کی کسی بھی سر گرمی سے انکار کیا ۔ ہندوستانی ریلوے پر حکومت کا موقف دراصل یوٹرن کی فہرست میں ایک اور اضافہ ہے اور مودی نے اپنی مہم کے دوران جو کچھ کہا ، اقتدار میں آنے کے بعد جو کچھ کہا اور اب وہ جو کچھ کہہ رہے ہیں ان میں زبردست تضاد پایاجاتا ہے ۔

Indian Railways Already Heading For Privatization: Congress

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں