اتر پردیش میں گہرا کہر اور سخت سردی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-30

اتر پردیش میں گہرا کہر اور سخت سردی

لکھنو
یو این آئی
ساری ریاست اتر پردیش میں آج کہرے کی چادر میں لپٹ گئی ہے۔ پچھلے کئی روز سے ریل سڑک اور فضائی آمد و رفت میں رخنہ پڑ رہاہے ، شدید سردی کی وجہ سے ریاست میں پچھلے 24گھنٹوں کے دوران30 سے زیادہ جانیں جاچکی ہیں ۔ اس سردی نے اب تک180لوگوں کی جان لے لی ہے ۔ افسران نے بتایا کہ تقریباً پوری ریاست میں گہری دھند چھائی ہے ۔ ریاست کے مشرقی علاقوں اور این سی آر میں ریلوں کی آمد و رفت بالکل درہم برہم ہوچکی ہے ۔یوپی سے گزرنے والی2000سے زیادہ ٹرینیں دوسے لے کر20گھنٹہ تک تاخیر سے چل رہی ہیں ۔ لکھنو میں چار درجن ٹرینیں دیر سے چل رہی ہین، کوٹنہ پٹنہ ایکسپریس نے38گھنٹے تاخیر کا ایک نیاریکارڈ بنایا ہے ۔ دہلی اور لکھنو دونوں جگہ گہرے کہرے کی وجہ سے پروازیں آج سہ پہر تک جاکر ریاستی راجدھانی کے چودھری چرن سنگھ ہوائی اڈے پر اتر پائیں ۔ کل پانچ پروازیں بھی منسوخ کرنی پڑی تھیں چوں کہ دھندابھی بھی کم نہیں ہوئی ہے اور تھوڑی دور کے فاصلے پر بھی کچھ نظر نہیں آتا، اس لئے آج بھی حالات ایسے ہی رہیں گے ۔ علاقائی محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ابھی یہ سرد لہر جاری رہے گی بلکہ آئندہ چند روز کہرا اور بھی شدید ہوگا ۔ ریاست کے بیشتر حصوں میں دن کا درجہ حرارت بھی محض11اور12 ڈگری گر گیا ہے، ہر گزرتے دن سرد لہر زیادہ شدید شکل اختیار کررہی ہے ۔ شہر کے تمام کالجوں میں سردی کی تعطیلات میں مزید توسیع کردی گئی ہے اور اب وہ یکم جنوری2015کو کھلیں گے۔ اسی دوران آج گہری دھند کی وجہ سے ضلع خورجہ علاقہ میں20کے قریب گاڑیاں ایک دوسرے سے ٹکراتی چلی گئیں جس میں کم از کم25افراد زخمی ہوگئے ۔ ان میں سے14بری طرح مجروح ہوئے ہیں۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ یہ واقعہ قومی شاہراہ91پر واقع فلائی اوور پر اس وقت پیش آیا جب ایک منی بس اور ٹرک کا تصادم ہوگیا ۔ اورپیچھے آنے والی گاڑیاں بھی ٹکراتی چلی گئیں ۔ پولیس نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ کہرے کی وجہ سے 20 گاڑیاں ایک دوسرے سے ٹکرائی ہیں۔ زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرادیا گیا ہے ۔ 14افراد کی حالت نازک ہے ۔

Extreme cold and dense fog brings life to halt in Uttar Pradesh

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں