مصر میں 188 افراد کو سزائے موت - پولیس پر حملہ کا الزام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-04

مصر میں 188 افراد کو سزائے موت - پولیس پر حملہ کا الزام

قاہرہ
یو این آئی
مصر کی ایک عدالت نے11پولیس عہدہ داروں کے قتل کے معاملہ میں188افراد کوموت کی سزا سنائی ہے ۔ عدالت نے معاملے کی سماعت کے بعد اخوان المسلمون سے وابستہ188افراد کو قصور وار ٹھہراتے ہوئے موت کی سزا سنائی ۔ حالانکہ عدالت نے اپنے فیصلہ میں کہا کہ ملزمین فیصلے کے خلاف اپیل کرسکتے ہیں ۔ سزا یافتگان میں اخوان المسلمون کے اہم عہدیدار بھی شامل ہیں ۔ مقامی میڈیا رپورٹوں کے مطابق مصر کے پہلے جمہوری طور پر منتخب صدر محمد مرسی کے کئی حامیوں نے گزشتہ سال14اگست2013ء کو کرداسہ پولیس اسٹیشن پر حملہ کردیا تھا ۔ اس حملہ میں گیارہ ملازمین پولیس وار دو راہگیر مارے گئے تھے۔ ان پر دہشت گردی، قتل ، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور ہتھیار رکھنے کے الزام میں فرد جرم عائد کی گئی تھی اور انہوں نے گزشتہ سال جولائی میں منتخب صدر ڈاکٹر محمد مرسی کی مسلح افواج کے سربراہ عبدالفتاح السیسی کے ہاتھوں برطرفی کے بعد تشدد کا ارتکاب کیا تھا۔ ان تمام مدعا لیہان نے جیزہ گورنری میں واقع قصبہ کرادسہ میں سیکوریٹی فورسس کی جنگجوؤں کے ایک ٹھکانہ پر دھاوا کرکے پولیس اسٹیشن پر جوابی حملہ کردیا تھا ، جس کے نتیجہ میں جیزہ کے ڈپٹی سیکوریٹی ہیڈ میجر جنرل نبیل فراج مارے گئے تھے ۔ مدعا علیہان پر سیکوریٹی ارکان کو ہلاک کرنے کے لئے ایک دہشت گردگروہ کی تشکیل کا بھی الزام عائد کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ ان پر دہشت گردی کے لئے رقوم اکٹھا کرنے ، غیر قانونی گروپ کی تشکیل اور اسلحہ رکھنے کے الزامات میں فرد جرم عائد کی گئی تھی ۔
مصری قانون کے تحت مدعا لیہان کو ان سزاؤں کے خلاف اپیل کاحق حاصل ہے اور عدالتی فیصلہ کو توثیق کے لئے ملک کے مفتی کے پاس بھی بھیجاجائے گا ۔ پھر اس پر عمل درآمد کیاجائے گا۔ یہ واقعہ جیزہ اور قاہرہ میں ڈاکٹر محمد مرسی کے حامیوں کے دو دھرنوں کے خلاف سیکوریٹی فورسس کے خونیں کریک ڈاؤن کے بعد پیش آیا تھا۔ واضح رہے کہ مارچ2014ء میں مصر کی ایک عدالت نے ڈاکٹر مرسی کے529حامیوں کو ایک پولیس افسر کو قتل کرنے کے الزام میں سزائے موت سنائی تھی لیکن بعد میں عدالت نے ان میں سے37افراد کو پھانسی کی سزا بحال رکھی تھی اور باقی افراد کی سزا کم کرکے عمر قید میں تبدیل کردی تھی ۔ اس کے ایک ماہ کے بعد اپریل میں عدالت نے ڈاکٹر مرسی کے683حامیوں کو ایک پولیس اسٹیشن پر حملے اور ایک پولیس افسر کو قتل کرنے کے الزام میں قصور وار قرار دے کر سزائے موت سنائی تھی ۔

Egyptian court issues death sentence to 188 people 'who massacred 11 policemen'

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں