پشاور میں دلیپ کمار کے آبائی مکان کے منہدم ہو جانے کا خدشہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-13

پشاور میں دلیپ کمار کے آبائی مکان کے منہدم ہو جانے کا خدشہ

پشاور
پی ٹی آئی
بالی ووڈ کے افسانوی ادارکار شہنشاہ جذبات دلیپ کمار کے آبائی مکان (موقوعہ پشاور) کی حالت خستہ ہوگئی ہے اور اس کے منہدم ہوجانے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے ۔ اس عمارت کی دو منزلیں بیٹھ گئی ہیں۔ حکومت پاکستان نے قبل ازیں اس مکان کو قومی ورثہ قرار دیا تھا ۔ قصہ خوانی بازار کے پڑوسی علاقہ خداداد کے مکینوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ اس قومی ورثہ کو نقصان سے بچانے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں ۔ مذکورہ مکان کو سال گزشتہ قومی ورثہ قرار دیا گیا تھا ۔ یہ بات پشاورکے عوام کے لئے باعث فخر ہوئی ۔ دلیپ کمار کو جنہوں نے کل ہی اپنی92ویں سالگرہ منائی ہے ، ماضی میں پاکستان کا اعلیٰ ترین سیویلین اعزاز’’ نشان امتیاز‘‘ عطا کیا گیا تھا ۔ پشاور میں ان کا آبائی مکان130مربع میٹر پر ہے ۔ اس مکان کو ایک محفوظ یادگار قرار دیا گیا تھا ، اور حکومت نے اس کو ایک میوزیم میں تبدیل کرنے کا منصوبہ بنایا تھالیکن اب تک کچھ نہیں ہوا ۔
دلیپ کمار کے آبائی مکان کے قریب رہنے والے ایک شخص شاہ حسین نے بتایا کہ ’’یہ مکان انتہائی مخدوش حالت میں ہے اور کسی بھی وقت بیٹھ سکتا ہے ۔ یہ ایک قومی یادگار ہے اور اس کا منہدم ہوجانا ، تباہ کن ثابت ہوسکتا ہے ۔ دو منزلیں پہلے ہی گر چکی ہیں ۔ اس مکان کی حالت دیکھ کر وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی لاپررواہی کا اندازہ ہوتا ہے ۔‘‘یہاں یہ تذکرہ بی جا نہ ہوگا کہ دلیپ کمار پشاور میں پیدا ہوئے اور اپنی زندگی کے7اولین سال انہوں نے یہیں گزارے ۔ 1930ء کے دہے کے اواخر میں ان کا خاندان ممبئی منتقل ہوا۔ اس دوران سماجی کارکن رخشندہ ناز نے کہا ہے کہ حکومت دلیپ کمار کی اس جائیداد کو ایک ثقافتی میوزیم میں تبدیل کردے ۔ اسی دوران صوبہ خیبر، پختون خوا کے محکمہ ثقافتی امور کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا ہے کہ مذکورہ مکان کو عدالتی کشاکش کے سبب قومی میوزیم بنانے میں تاخیر ہوئی ہے ۔

Dilip Kumar's Ancestral Home in Pakistan at Risk of Collapse

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں