اورنگ آباد اسلحہ ضبطی معاملہ - اے ٹی ایس کے دباؤ میں مکوکا نافذ کیا گیا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-31

اورنگ آباد اسلحہ ضبطی معاملہ - اے ٹی ایس کے دباؤ میں مکوکا نافذ کیا گیا

ممبئی
ا یس این بی
مہاراشٹر میں ہوئے ایک دہشت گردانہ واقعہ اورنگ آباد اسلحہ ضبطی معاملے میں آج یہاں انڈین پولیس سروسیز کے ایک اعلیٰ پولیس آفیسر( ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس) کی گواہی عمل میں آئی جس نے22مسلم نوجوانوں کے خلاف مکوکا قانون کے نفاذ کا حکمنامہ صادر کیا تھا، نیز اسی افسر نے مزلمین کے درمیان ہوئی ٹیلی فون گفتگو کو بھی ریکارڑ کرنے کے احکامات متعلقہ فون کمپنیوں کو دئیے تھے ۔ لکشمی نارائین جو کہ فی الحال انسپکٹر جنرل آف پولیس کے عہدے پر فائز ہیں نے خصوصی مکوکا عدالت کے روبرو بطور سرکاری گواہ اپنا بیان درج کراتے ہوئے بتایاکہ اورنگ آباد اسلحہ ضبطی معاملے میں ملزمین کی گرفتاری کے بعد مہاراشٹرا انسداد دہشت گرد دستہ(اے ٹی ایس) نے ان سے ملزمین کے خلاف مکوکا قانون نافذ کرنے کا حکم حاصل کیا تھا جس کے لئے اے ٹی ایس نے اس کے سامنے معاملے کی تفصیلات رکھتے ہوئے تمام حقائق سے آگاہ کیاتھا جس کے بعد ہی اس نے ملزمین کے خلاف مکوکا قانون کے نفاذ کا حکنامہ دیا تھا ۔ گواہ استغاثہ سے ملزمین کو قانونی امداد فراہم کرنے والی تنظیم جمعیۃ علماء مہاراشٹرا( ارشد مدنی) کے دفاعی وکلاء نے بھی جرح کی جس کے دوران گواہ نے اعتراف کیا کہ اسے اے ٹی ایس کے عملہ نے مکمل تفصیلات فراہم کی تھی اس مقدمہ کے تعلق سے جس کے بعد ہی وہ اس نتیجہ پر پہنچا کہ ملزمین کے خلاف مکوکا قانون عائد کیاجانا ضروری ہے ۔
ایڈوکیٹ عبدالوہاب خان نے سرکاری گواہ پر الزام عائد کیا کہ اس نے اپنے ذہین کا استعمال کئے بغیر اے ٹی ایس کی جانب سے اسے ریڈی میڈ مہیا کرائے گئے ڈرافٹ پروپوزل پر دستخط کردی تھی کیوں کہ اورنگ آباد اسلحہ ضبطی معاملے میں ملزمین پر مکوکا قانون کے نفاذ کے لئے جو ضروری چیز درکار تھی وہ انہیں میسر نہیں ہورہی تھی ۔ دفاعی وکیل نے گواہ استغاثہ پر الزام عائد کیا کہ بغیر کسی پختہ ثبوت و شواہد کے اس نے اے ٹی ایس کے دباؤ میں آکر ملزمین کے خلاف مکوکا قانون کے نفاذ کی اجازت دے دی حالانکہ اسے پتہ تھا کہ مکوکا قانون کے نفاذ کے لئے ضروری چیزیں اے ٹی ایس نے اس کے سامنے پیش نہیں کی ہیں ۔ اسی درمیان سرکاری گواہ سے فریقین کی جرح مکمل ہوئی ، جس کے بعد خصوصی مکوکا عدالت کے جج جی ٹی قادری نے وکیل استغاثہ وجھے بگاڑے کو حکم دیا کہ وہ کل عدالت میں کسی دوسرے سرکاری گواہ کو حاضر کرے تاکہ اس کے بیان کا اندراج کیاجاسکے ۔ دوران کارروائی عدالت میں جمعیۃ علماء کی جانب سے ایڈوکیٹ شریف شیخ ، ایڈوکیٹ آصف نقوی ، ایڈوکیٹ شاہد ندیم انصاری ، ایڈوکیٹ افضل نواز ، ایڈوکیٹ توصیف شیخ، ایڈوکیٹ ارشد و دیگر موجود تھے ۔

Aurangabad arms seizure case ATS pressure MCOCA

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں