وجئے واڑہ میں امریکی قونصل خانہ کے قیام کی درخواست - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-03

وجئے واڑہ میں امریکی قونصل خانہ کے قیام کی درخواست

حیدرآباد
پی ٹی آئی
آندھرا پردیش کے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے امریکہ پر زور دیا کہ وہ وجئے واڑہ میں ایک قونصل خانہ کی کشادگی عمل می لائے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست سے امریکہ کو پرواز کرنے والے بیشتر افراد کا تعلق وجئے واڑہ سے ہوتا ہے ۔ اس لئے اگر وجئے واڑہ میں ایک قونصل خانہ کھولاجاتا ہے تو فریقین کے لئے فائدہ بخش رہے گا ۔ چندرابابو نائیڈو نے ان سے ملاقات کے لئے پہنچے امریکی اسٹیٹ ڈپارنمنٹ کے ایک وفد سے یہ بات کہی ۔ وفدمیں اسسٹنٹ سکریٹری برائے اسٹیٹ فاردی بیورو آف پولیٹکل، ملٹری افیرس یونیت تلوار، ڈپٹی اسسٹنٹ سکریٹری آف اسٹیٹ فار ساؤتھ ایشیا اتول کیشپ، ڈپٹی اسسٹنٹ سکریٹری آف اسٹیٹ فار دی بیورو آف پولیٹکل ، ملٹری افیر کیتھ بی ہینڈل مین اور قونصل جنرل مائیکل ملنس کے علاوہ دیگر موجود تھے ۔ چندرا بابو نائیڈوکے دفتر سے جاری کردہ پریس نوٹ میں امریکی عہدیدار کے حوالہ سے بتایا گیا ہے کہ وہ وجئے واڑہ میں قونصل خانہ کی شاخ کے قیام کے امکانات پر غورکریں گے ۔ عہدیداروں نے ملک کی دفاعی ٹکنالوجی میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا ۔ چیف منسٹر نے انہیں بتایا کہ وشاکھا پٹنم ، مشرقی بحری کمان کا ہیڈ کوارٹر س ہے۔ انہوں نے آندھرا پردیش میں سرمایہ کاری کا خیر مقدم کیا ۔
انہوں نے وضاحت کی کہ وہ مینو فیکچرنگ کے ساتھ ساتھ سرویس سیکٹر پر بھی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ہم آتو موبائلس ، الکٹرانکس ، اگروپراسیسنگ ، پٹرو کیمیکلز اور دیگر شعبوں کے علاوہ انفارمیشن ٹکنالوجی پر توجہ مرکوز کرنا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ آندھر اپردیش میں اس بات کی صلاحیت موجود ہے کہ وہ جنوب مشرقی ایشیاء کے لئے انصرامی مرکز بن سکے جہاں کمپنیاں نہ صرف اپنا سازوسامان تیار کرسکتی ہیں بلکہ ہماری بندرگاہوں کے ذریعہ انہیں دیگر ممالک کو برآمد بھی کیاجاسکتا ہے ۔ ریاست کے دارالحکومت کی تعمیر کے بارے میں چیف منسٹر نے وفد کو مطلع کیا کہ شہر کا ماسٹر پلان سنگا پور تیار کررہا ہے اور شہر کے تعمیر کاموں کا آئندہ دو تا تین ماہ میں آغاز ہوجائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ سنگا پور سیکنڈ منسٹر(ٹریڈ اینڈ انڈسٹری) ایس ایشورن جاریہ مان اے پی کا دورہ کریں گے ۔ اس طرح ہم آئندہ دو تا تین ماہ میں تعمیری کاموں کا آغاز کرنے والے ہیں ۔ حکومت آندھر اپردیش پہلے ہی وجئے واڑہ اور گنٹور کے درمیان تلور اور منگل گری منڈلوں میں اپنا نیا دارالحکومت تعمیر کرنے کی خواہش اور رضا مندی کا اظہار کرچکی ہے ۔
منصف نیوز بیورو کی ایک علیحدہ اطلاع کے بموجب تلنگانہ کے وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی و پنچایت راج تارک راما راؤ سے سکریٹریٹ میں آج ایک امریکی وفد نے ملاقات کی ۔ اسسٹنٹ جنرل سکریٹری برائے اسٹیٹ فار پولیٹکل، ملٹری افیرس پونیت تلوار کی قیادت میں وفد نے تلنگانہ اسٹیٹ میں سرمایہ کاری کے لئے دستیاب مواقع اور گنجائش پر تبادلہ خیال کیا۔ وفد میں اسسٹنٹ سکریٹری برائے اسٹیٹ فار دی بیورو آف پولیٹکل، ملٹری افیرس پونیت تلوار، ڈپٹی اسٹنٹ سکریٹری آف اسٹیٹ فار دی بیورو آف پولیٹکل، ملٹری افیرس کینتھ بی ہیندل مین اور قونصل جنرل مائیکل ملنس کے علاوہ دیگر موجود تھے ۔ ذرائع نے بتایا کہ وفد کے ارکان نے تلنگانہ میں دستیاب مختلف مواقع پر تبادلہ خیال کیاکیونکہ حکومت امریکہ دفاعی شعبہ میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتی ہے ۔ تارک راما راؤ نے وفد کو مطلع کیا کہ شہر حیدرآباد میں دو ایر پورٹس ہیں اور کئی مرکزی دفاعی ادارے موجود ہیں ۔ ڈیفنس اپرواسپیس کے شعبہ میں ٹاٹا کمپنی ، حیدرآباد میں پہلا یونٹ قائم کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے ۔ وزیر نے وفد کو تیقن دیا کہ ان کی حکومت ریاست کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے والی امریکی کمپنیوں کو ہر قدم پر بھرپور تعاون فراہم کرے گی ۔

US to consider setting up consulate at Vijayawada

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں