مہاراشٹرا کے پہلے مسلم وزیر اعلیٰ عبدالرحمن انتولے کا انتقال - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-03

مہاراشٹرا کے پہلے مسلم وزیر اعلیٰ عبدالرحمن انتولے کا انتقال

ممبئی
آئی اے این ایس، یو این آئی
مہاراشٹرا کے پہلے مسلم چیف منسٹر ، سینئر کانگریس رہنما عبدالرحمن انتولے کا طویل عالالت کے بعد آج انتقال ہوگیا ۔ وہ ماضی میں مرکزی وزیر بھی رہے تھے۔ ان کی عمر85سال تھی۔ چند روز قبل انہیں بریچ کینڈی ہسپتال میں شریک کرایا گیا تھا جہاں انہوں نے آخری سانس لی ۔ مرحوم انتولے کے بھتیجہ اور داماد مشتاق انتولے ے یہ بات بتائی ۔ پسماندگان میں اہلیہ نرگس، فرزند نوید اور دخٹران نیلم، شبنم اور مبینہ شامل ہیں۔ انتولے ’’بیرسٹرانتولے‘‘ کے نام سے بھی جانے جاتے تھے ۔ وہ جون1980سے جنوری1982تک مہاراشٹرا کے پہلے مسلم چیف منسٹر رہے۔ وہ اس وقت کی صدر کانگریس اور وزیر اعظم اندرا گاندھی کے وفادار رہے ۔ علاقہ کونکن میں وہ کانگریس کے ایک اہم ترین قائد شمار کئے جاتے تھے۔ انہوں نے1995میں مرکزی وزیر کی حیثیت سے اور بعد میں یوپی اے Iدور حکومت میں وزیر اعظم منموہن سنگھ کابینہ میں بھی وزارت کے عہدے پر فائز رہے ۔ مشتاق انتولے نے بتایا کہ مرحوم کی نماز جنازہ اور تدفین 3دسمبر کو ان کے آبائی موضع امبیٹ (ضلع رائے گڑھ) میں عمل میں آئے گی ۔ اسی دوران وزیر اعظم نریندر مودی نے عبدالرحمن انتولے کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے اور انہیں مہاراشٹرا کے قد آور کانگریسی قائدین میں سے ایک قائد قرار دیا ۔وزیر اعظم نے غمزدہ خاندان کے ارکان سے تعزیت کا اظہار کیا اور عوامی زندگی میں انتولے کی خدمات کی یاد تازہ کی ۔ صدر کانگریس سونیا گاندھی نے سینئر پارٹی قائد انتولے کے انتقال پر گہرے رنج کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تعزیتی پیام میں انہوں ںے کہا کہ’’انتولے‘‘ مہاراشترا کے ایک انتہائی ممتاز قائدین میں شامل تھے جنہوں نے ایک طویل عرصہ تک عوامی زندگی میں نمایاں خدمات انجام دیں ۔ دریں اثناء نائب صدر کانگریس راہول گاندھی نے بھی انتولے کے انتقال پر دلی رنج کا اظہار کیا ہے اور اپنے تعزیتی پیام میں کہا کہ’’انتولے کے انتقال پر مجھے دلی صدمہ ہوا ۔ مرحوم نے پارٹی اور قوم کے لئے زبردست خدمات انجام دی تھیں ۔ پارٹی اور قیادت انہیں یاد رکھے گی ۔ دریں اثناء چیف منسٹر مہاراشٹرا دیویندر پھڈ نویس نے انتولے کے انتقا ل پر تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔ مختلف قائدین بشمول سابق چیف منسٹر منوہر جوشی (شیو سینا) نے پارٹی وابستگیوں سے بلند ہوتے ہوئے مرحوم انتولے کو خراج عقیدت پیش کیا۔

AR Antulay, Maharashtra's first Muslim CM, is dead

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں