صاف بھارت مہم کے تحت سڑکیں صاف کرنے والے ملک میں زہر پھیلا رہے ہیں - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-14

صاف بھارت مہم کے تحت سڑکیں صاف کرنے والے ملک میں زہر پھیلا رہے ہیں

نئی دہلی
یو این آئی
نائب صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج الزام لگایا کہ وہ لوگ جو ’’سوچھ بھارت مہم‘‘ کے تحت سڑکوں کی صفائی کررہے ہیں ، ملک میں واقعتا’’ برہمی اور زہر‘‘ پھیلا رہے ہیں ۔ صرف کانگریس ہی محبت اور اخوت کی اپنی آئیڈیالوجی کے تحت اس زہر کو روک سکتی ہے ۔ راہول گاندھی نے ملک کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو کے125یوم پیدائش کے موقع پر زبردست تقاریب کا ، یہاں تال کٹورہ اسٹیڈیم میں آغاز کرتے ہوئے کہا کہ حکمراں بی جے پی نے 2014کے عام انتخابات سے قبل اقتدار پر قبضہ کے لئے بڑے بلند بانگ دعوے کئے تھے لیکن عمل کچھ نہیں کیا ۔ راہول گاندھی نے اعتراف کیا کہ ان کی پارٹی نے بعض غلطیاں کی تھیں تاہم وہ(پارٹی) ہمیشہ ہی محبت ، اخوت اور احترام کے نظریہ پر کاربند رہی ہے جو پنڈت نہرو کا ورثہ ہے ۔‘‘ بات ایسی نہیں ہے کہ کانگریس نے کوئی غلطی نہیں کی ۔ ہم سے غلطیاں ہوئی ہیں لیکن ہمارے پاس مناسب نظریات کی کوئی کمی نہیں ہے ۔ اسی نظریات اور ورثہ پر عمل کرتے ہوئے کانگریسی ارکان پھر ایک بار اٹھ کھڑے ہوں گے اور پورے جوش و جذبہ کے ساتھ فرقہ پرست قوتوں کا مقابلہ کریں گے ۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ہندوستان وہ پہلا ملک ہے جس نے محبت کے ساتھ اپنی جدو جہد آزادی کی تحریک چلائی اور جنگ آزادی لڑی ۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ ملک کو آگے بڑھانے کانگریس کے پیام اخوت اور بھائی چارہ کو پھیلائیں۔ گاندھی نے کہا کہ’’ہندوستان وہ واحد ملک ہے جس کی جدو جہد آزادی محبت اور اخوت پر مبنی ہے ۔ ہم نے لاٹھیاں کھائیں لیکن برہمی کے رد عمل کا اظہار نہیں کیا ۔‘‘
راہول گاندھی نے ماضی کے لمحات کی یاد دلاتے ہوئے کہا کہ جب انہوں نے اتر پردیش کی نینی جیل میں کتاب الرائے پڑھی تھی تب انہیں معلوم ہوا کہ پنڈت نہرو نے انہیں گرفتار کرنے پر انگریزوں کا شکریہ ادا کیا تھا کیونکہ اس سے ان کا غصہ محبت میں تبدیل ہوگیا تھا ۔ (پنڈت نہرو نے تحریک آزادی کے دوران مذکورہ جیل میں کئی برس گزارے تھے)۔ ہندوستان کی ترقی میں پنڈت نہرو کے رول کی ستائش کرتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ پنڈت جی کی سخت محنت اور بلند فکر کے سبب ملک مریخ تک پہنچ پایا ہے ۔’’مریخ مشن سے جو کچھ بھی اس قوم نے ہماری جمہوریت کو دلایا ہے وہ پنڈت نہرو کے نظریہ کی بدولت ہے ۔‘‘ راہول گاندھی کی تقریر کے بعد سینئر کانگریسی رہنما و سابق چیف منسٹر دہلی شیلا دکشت نے پارٹی قائدین اور ورکرس کو پنڈت نہرو کے ورثہ ،نظریات اور اقدار کی حفاظت کرنے کا حلف دلایا ۔ قبل ازیں سونیا گاندھی ، راہول گاندھی ، منموہن سنگھ (سابق وزیر اعظم) شکیل احمد ، ہارون یوسف(سینئر کانگریسی قائدین) اور صدر دہلی پردیش کانگریس ارویندر سنگھ لولی نے اس موقع پر پنڈت نہرو کو خراج عقیدت پیش کیا۔ تال کٹورہ اسٹیڈیم میں ریالی کے بعد پنڈت نہرو کی سمادھی شانتی ون پر دعائیہ اجتماع منعقد ہوا ۔ دیگر تہذیبی پروگرام بھی منعقد کئے جارہے ہیں ۔ یہاں یہ تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ کانگریس نے بی جے پی پر اور نریندر مودی حکومت پر ، سردار پٹیل کے ورثہ کو ہڑپ کرنے کی کوشش کرنے کا الزام لگایا ۔ کانگریس نے نہرو جینتی تقاریب کے لئے این ڈی اے قائدین کو مدعو نہیں کیا ہے۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کانگریس نے سوائے بی جے پی کے دیگر جماعتوں کو مدعو کیا ہے۔ یہاں یہ تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ مودی حکومت نے گزشتہ31اکتوبر کو سردار پٹیل کے یوم پیدائش کو یوم قومی اتحاد کے طورپر منایا تھا۔ اب کانگریس کی جانب سے پنڈت نہرو کے یوم پیدائش کی تقاریب کا ، عظیم الشان پیمانہ پر انعقاد کو ، مودی حکومت کی مذکورہ کوشش کا جواب دینے کے مترادف سمجھاجارہا ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ ملک کی تحریک آزادی کے قائدین مہاتما گاندھی ، سردار پٹیل اور پنڈت نہرو کے تہذیبی ورثہ پر کانگریس اور حکمراں بی جے پی کے درمیان ایک کشمکش چل رہی ہے ۔ پنڈت نہرو کے یوم پیدائش کی تقاریب سال بھر جاری رہیں گی۔ شیلا ڈکشت ان تقاریب کی نگراں کمیٹی کی صدر نشین ہیں ۔ ان تقاریب کے حصہ کے طور پر17-18نومبر کو ایک بین الاقوامی کانفرنس منعقد ہوگی ، جس میں ممتا ز قائدین ، نوبل انعام یافتگان ، مفکرین ، مختلف تنظیموں اور سیاسی جماعتوں کے نمائندہ وفود شرکت کریں گے ۔
مودی حکومت پر راہول کی تنقید کانگریس کی جھنجھلاہٹ کی عکاس: شاہنواز حسین
نئی دہلی
یو این آئی
وزیر اعظم نریندر مودی اور این ڈی اے پر راہول گاندھی کی تنقیدوں پر انہیں جوابی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے بی جے پی نے کہا کہ ان کا تبصرہ ان کی پارٹی کی مایوسی اور جھنجھلاہٹ کی عکاسی کرتا ہے ۔ بی جے پی ترجمان شاہنواز حسین نے یہاں نامہ نگارون کو بتایا کہ کانفریس کو اپوزیشن میں بیٹھنے کی عادت نہیں ہے اور اب چونکہ وہ اپوزیشن میں آگئی ہے ، ان کی جھنجھلاہٹ اور مایوسی جھلک رہی ہے ۔ شاہنواز حسین نے کہا کہ راہول گاندھی نے وزیر اعظم کے پراجکٹ سوچھ بھارت مشن پر تنقید کی ہے اور اسے تصویر کشی کا موقع قرار دیا ہے ۔ بی جے پی ترجمان نے کہا کہ نریندر مودی اور حکومت صاف ستھرے ہندوستان کے مہاتما گاندھی کے مشن کی تکمیل کے لئے کام کررہے ہیں ۔ کانگریس نے مہاتما گاندھی کے یوم پیدائش کو محض ایک رسمی چیز بنادیا تھا ۔ لیکن مودی نے صاف ستھرے ہندوستان کی مہم کے ذریعہ عوام کو آج کے دن سے جوڑ دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس گزشتہ60سال کے دوران ملک میں کرپشن ، بے روزگاری اور فرقہ پرستی کی گندگی پھیلاتی رہی ہے۔ مودی حکومت اس گندگی کو صاف کررہی ہے ۔ شاہنواز حسین نے کانگریس کو نشانہ تنقید بناتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن جماعت ہر اس چیز سے نفرت کرتی ہے جس سے مودی پیار کرتے ہیں ۔ شاہنواز حسین نے کہا کہ مودی کی مخالفت کے لئے راہول، ہندی زبان کی بھی مخالفت کرنے لگے ہیں۔ بی جے پی کسی بھی زبان کی مخالفت نہیں کرتی ہے ۔ وہ تمام جماعتوں کا احترام کرتی ہے ۔ راہول کو انگریزی زبان سے محبت کرنے کا پورا حق حاصل ہے لیکن انہیں ہندی زبان کی توہین کا کوئی حق حاصل نہیں ہے ۔ راہول گاندھی کے اس اعتراف پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہ کانگریس نے غلطیاں کی ہیں، بی جے پی لیڈر نے کہا کہ بعض غلطیاں قابل معافی ہوتی ہیں، کانگریس کی غلطیوں کی وجہ سے اسے مرکزمیں قائداپوزیشن کا عہدہ تک نہیں مل سکتا ہے ۔ مہاراشٹرا میں بھی وہ اس سے محروم رہی ہے ۔ عوام ، پارٹی کی غلطیوں کے لئے کانگریس کو کبھی معاف نہیں کریں گے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں