رکن پارلیمنٹ بننے کے بعد اداکاری کو چھوڑ دیا - سمرتی ایرانی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-25

رکن پارلیمنٹ بننے کے بعد اداکاری کو چھوڑ دیا - سمرتی ایرانی

نئی دہلی
پی ٹی آئی
مرکزی وزیر سمرتی ایرانی نے جو مقبول ٹی وی اداکارہ کے طور پر مشہور ہوئی ہیں، کہا کہ رکن پارلیمنٹ بننے کے بعد انہوں نے اداکاری چھوڑ دی ہے تاکہ سیاست داں کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریوں پر توجہ دے سکیں ۔ مرکزی وزیر فروغ انسانی وسائل نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ رکن پارلیمنٹ کی حیثیت سے اپنے عہدہ پر فائز ہونے کے بعد میں نے ثقافت اور فنون لطیفہ کے لئے زیادہ سے زیادہ وقت دیا۔38سالہ اداکارہ سے سیاست داں بنی سمرتی ایرانی2000ء کے وسط میں یکتا کپور کے ٹی وی سیریل’’کیوں کہ ساس بھی کبھی بہو تھی‘‘ میں تلسی کے اپنے رول کی وجہ سے گھر گھر پہچانی جانے لگی تھیں۔ وہ ایک فلم’’آل از ویل‘‘میں بھی نظر آئیں گی، جس میں ابھیشیک بچن ہیرو ہیں اور یہ فلم جلد ریلیز ہونے والی ہے ۔ سمرتی ایرانی نے وضاحت کی کہ وزیر بننے سے پہلے انہوں نے یہ فلم شروع کی تھی ۔ انہوں نے اس بات پر افسوس ظاہر کیا کہ فلم کی تشہیر کے لئے انہیں وقت نہیں مل رہا ہے ۔ سمرتی ایرانی نے جو گجرات سے راجیہ سبھا کی رکن ہیں ، کہا کہ یہ کوئی نئی فلم نہیں ہے ۔ جب میرے پاس وقت ہوتا تو دوسروں کے پاس نہیں ہوتا تھا اور اب بدبختی سے ہمارے شیڈول نہیں مل پارہے ہیں ۔ میں ابھیشیک کی اس بات کی ستائش کرتی ہوں کہ وہ وقت نہ نکال پانے کی میری مجبوری کو سمجھتے ہیں ۔ میرے پاس اتنا بھی وقت نہیں کہ میں اپنے ٹوٹے ہوئے ہاتھ کا علاج کراسکوں ۔ سمرتی ایرانی نے1998ء میں مس انڈیا مقابلہ میں حصہ لیا تھا اور فائنلسٹ میں شامل ہوئی تھیں بعد ازاں انہوں نے کئی ٹیلی ویژن شوز جیسے تھوڑی سے زمین تھوڑا آسمان، ورودھ ، تین بہو رانیاں میں بھی اداکاری کی تھی۔2003ء میں وہ بھارتیہ جنتا پارٹی میں شامل ہوگئی تھیں ۔ وہ مسلسل5انڈین ٹیلی ویژن اکیڈیمی برائے بہترین اداکارہ جیتنے کا اعزاز رکھتی ہیں۔ اس کے علاوہ انہیں چار انڈین ٹیلی ایوارڈ ،8اسٹار پریوار ایوارڈس سے بھی نوازا گیا ہے۔ سمرتی ایرانی 2004ء میں مہاراشٹرا بی جے پی یوتھ ونگ کی نائب صدر بنیں ۔ 2004کے لوک سبھا انتخابات میں انہوں نے دہلی کے چاندنی چوک حلقہ سے کپل سبل کے خلاف مقابلہ کیا تھا لیکن ناکام رہی تھیں۔ حالیہ لوک سبھا انتخابات میں انہوں نے امیٹھی سے کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی کے خلاف مقابلہ کیا لیکن اس مرتبہ بھی انہیں شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔

Gave up my job as an actor when I became MP: Smriti Irani

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں