شبلی اکیڈیمی صد سالہ تقاریب کا 29 نومبر کو انعقاد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-25

شبلی اکیڈیمی صد سالہ تقاریب کا 29 نومبر کو انعقاد

اعظم گڑھ
یو این آئی
نائب صدر جمہوریہ محمد حامد انصاری ، شنبہ29نومبر کو یہاں دارلمصنفین شبلی اکیڈیمی کی صد سالہ تقاریب کا افتتاح کریں گے ۔ توقع ہے کہ ان تقاریب میں ایک سو ممالک کے ممتاز اسکالرس اور دانشور شرکت کریں گے ۔ امریکہ، سعودی عرب ، پاکستان، ترکی ، سوڈان، جنوبی افریقہ اور دیگر ممالک سے ممتاز شخصیتیں یہاں پہنچ رہی ہیں ۔ اسی دوران ضلع مجسٹریٹ رنویر پرساد اور ایس ایس پی دنیش چندردوبے نے بتایا کہ نائب صدر جمہوریہ کے دورہ کے لئے تمام انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ دارالمصنفین شبلی اکیڈیمی نے گزشتہ21نومبر کو اپنے قیام کے100سال مکمل کرلئے ۔ بالخصوص ایشیائی ممالک کے اسکالرس اکیڈیمی کی اہمیت و افادیت کو تسلیم کرتے ہیں۔ یہ اکیڈیمی ، علوم اسلامیہ ، عہد وسطیٰ کی تاریخ ہند اور علوم مشرقیہ میں ریسرچ کے میدان میں ایک خصوصی مقام رکھتی ہے ۔ ہندوستان کے قدیم مرکز علم کی عالمانہ روایت کے تحت قائم کردہ اکیڈیمی اب دنیا کے معروف عصری ریسرچ اداروں کے ہم پلہ ہوگئی ہے ۔ اکیڈیمی میں بابائے قوم مہاتما گاندھی کے شخصی طور پر تحریر کردہ بعض نادر مکتوبات بھی موجود ہیں ۔ اس اکیڈیمی کا منصوبہ علامہ شبلی نعمانی نے تیار کی اتھا ، جس کو ان کے شاگردوں نے مولانا حمید الدین فلاحی کی قیادت میں عملی جامہ پہنایا اور21نومبر1914ء کو اس اکیڈیمی کا قیام عمل میں آیا۔ اس سے تین روز قبل ہی علامہ شبلی نعمانی اس جہان فانی سے رخصت ہوئے تھے ۔ اس اکیڈیمی کے قیام کا مقصد علماء و مصنفین کی حوصلہ افزائی کے لئے ایک سازگار ماحول فراہم کرنا تھا تاکہ وہ اہم عالمانہ تصانیف اور تاریخی اقدار کی حامل کتب کا ترجمہ کریں اور اہم تصانیف کی تخلیق کریں ۔ اکیڈیمی کی ادبی نگارشات کی طباعت و اشاعت بھی اس اکیڈیمی کے ذمہ ہے ۔ اب تک اس اکیڈیمی نے زائد از250کتابیں شائع کی ہیں جن میں سیرت النبی ؐ اور الفاروق جیسی اہم تصانیف و تالیفات شامل ہیں ۔

Shibli Academy Centenary Celebrations

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں