کولکاتا میں یوم عاشورہ پر برقرارئ امن کے لئے انتظامیہ میٹنگ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-02

کولکاتا میں یوم عاشورہ پر برقرارئ امن کے لئے انتظامیہ میٹنگ

کولکاتا
ایس این بی / شیخ ضیاء الدین
فرقہ پرستوں کے ہاتھوں حافظ امیر الدین کی ہلاکت کے بعد خود کا قلیت نواز کہنے والی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی اور ان کے مسلم وزراء جاوید احمد خان اور فرہاد حکیم کو بنگال میں فرقہ وارانہ کشیدگی پھیلنے کا خیال نہیں آیا لیکن اپنی سیاسی دکانیں چمکانے اور مسلمانوں کی حمایت حاصل کرنے کے لئے اکھاڑہ اور تعزیہ نکالنے کے دوران پر امن فضا قائم اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقرار رکھنے کے لئے شہر کی اکھاڑی کمیٹیوں کے اراکین کے ساتھ میٹنگ کرنے کا وقت مل گیا ۔
کولکاتا پولیس کے تقریباً69تھانوں سے تعلق رکھنے والے کم وبیش اکھاڑوں کے ذمہ داروں ، تعزیہ داروں اور خلیفوں کے ساتھ جمعہ کی شام پولیس ہیڈ کوارٹر لال بازار میں کولکاتا پولیس کے کمشنر سرجیت کور پر کائستھ جوائنٹ کمشنر لیول کے افسران اور ڈویژنل ڈپٹی کمشنروں کی موجودگی میں ریاستی وزیر برائے شہری ترقیات فرہام حکیم ریاستی وزیر برائے دمکل جاوید احمد خان ، ممبران پارلیمنٹ سیدپ بندھو پادھیائے ، اروپ بسواس ، سبرتو بخشی اور کولکاتا کارپوریشن کے میئر شوبھن چٹر جی نے میٹنگ کی ۔ اس میٹنگ میں خصوصی طور پر ممتا بنرجی کے قریب رہنے والے جاوید احمد خان اور فرہاد حکیم نے اکھاڑوں کے ذمہ داروں سے کہا کہ یوم عاشورہ کے روز امن و سکون کے ساتھ تعزیہ داری کا اہتمام کریں ۔ اکھاڑہ بازی میں حصہ لیں کسی طرح کی افواہ پر کان نہ دیں اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا ثبوت دیتے ہوئے یوم عاشورہ منائیں ۔
ممتا بنرجی کی جانب سے بھیجے گئے ان لیڈروں نے پولیس کو ہدایت دی کہ وہ ہر طرح سے یوم عاشورہ منانے والوں کا بھرپور تعاون کریں اور ان کے ساتھ پیش پیش رہیں۔ اس ضمن میں جوائنٹ کمشنر آف پولیس(ہیڈ کوارٹر) راجیو مشرا نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ محرم الحرام کے تعلق سے پہلے ڈویژنل سطح پر علاقے کے اکھاڑہ دارں کے ساتھ میٹنگ کی جاتی تھی لیکن پہلی بار پولیس ہیڈ کوارٹر لال بازار میں وزراء کی موجودگی میں تعزیہ داروں کے ساتھ پولیس کمشنر کی قیادت میں میٹنگ ہوئی ۔ انہوں نے بتایا کہ یوم عاشورہ کے دن پولیس کی جانب سے ہر طرح کا تعاون اکھاڑہ داروں کو دیاجائے گا اور اکھاڑہ داروں سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ بھی ڈسپلن کے ساتھ اکھاڑہ اور تعزیہ نکالیں ۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں شیعہ حضرات ماتم کرتے ہیں اور جلوس کا اہتمام کرتے ہیں ۔ اس دوران بھی پولیس وہاں موجود رہے گی اور ہر طرح کا خیال رکھے گی ۔ انہوں نے کہا کہ یوم عاشورہ کے دن جن علاقوں میں ماتم اور جلوس نکالیں جائیں گے وہاں سے گزرنے والی گاڑیوں کا رخ تبدیل کردیاجائے گا۔

peace Retention in Kolkata on Ashura

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں