بہار جے ڈی یو کے چار ارکان اسمبلی کی رکنیت ختم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-02

بہار جے ڈی یو کے چار ارکان اسمبلی کی رکنیت ختم

بر سر اقتدار جنتادل یو نائٹیڈ( جے ڈی یو) کے 4ارکان کی رکنیت ہفتہ کو ختم کردی گئی ۔ اسمبلی اسپیکر اودے نارائن چودھری نے اس معاملے میں سماعت پوری کرنے کے بعد ہفتہ کو اپنا فیصلہ سنایا ۔ چودھری نے جے ڈی یو کے باڑھ حللقہ سے ایم ایل اے اور سابق وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے ایک وقت میں کافی قریب رہے گیانیندر سنگھ گیانو ، مہوا اسمبلی حلقے کے ایم ایل اے رویندررائے ، چھاتا پور حلقے کے ایم ایل اے نیرج کمار ، ببلو اور گھوسی کے ایم ایل اے ، راہل شرما کی اسمبلی کی رکنیت ختم کردی۔ اسپیکر نے جب فیصلہ سنایا اس وقت ان کے چیمبر میں4میں سے3ایم ایل اے ہی موجود تھے ۔ گھوسی کے ایم ایل اے راہل شرما وہاں موجود نہیں تھے ۔ اسپیکر کے چیمبر میں ارکان کے وکیل کے علاوہ وزیر پی کے شاہی اور اسمبلی کے سکریٹری موجود تھے ۔ فیصلہ سنائے جانے کے بعد اسپیکر کے چیمبر کے باہر مسٹر گیانوے نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ اسپیکر نے ایک نکسلی لیڈرکی طرح فیصلہ سنایا ہے اور کہا ہے کہ چاروں ارکان اب سابق ایم ایل اے بھی نہیں رہیں گے ۔ اس کی وجہ سے وہ سابق ایم ایل اے کی شکل میں ملنے والی سہولتوں کے بھی حقدار نہیں ہوں گے ۔ گیانونے کہا کہ اسمبلی اسپیکر کے تغلقی فیصلے کو وہ پٹنہ ہائی کورٹ میں چیلنج کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ سابق وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے اشارے پر کیا گیا ہے ۔وزیر اعلیٰ جتین رام مانجھی ایک جمہوری شخصیت کے مالک ہیں اور وہ چاہتے تھے کہ یہ فیصلہ جمہوری طریقے سے ہو، لیکن مہادلت ہونے کی وجہ سے ان کی بات نہیں سنی گئی ۔ باغی لیڈر نے کہا کہ سابق وزیر اعلیٰ نتیش کمار جیتن رام مانجھی کو بدنام کرنا چاہتے ہیں، لیکن جے ڈی یو میں بڑی تعداد میں ایم ایل اے مانجھی کے ساتھ ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ اگلا اسمبلی انتخاب مانجھی کی قیادت میں لڑا جائے گا ۔ وہیں نیرج کمار ببلو نے بھی کہا کہ نتیش کمار کے اشارے پر اسمبلی اسپیکر نے غیر قانونی فیصلہ سنایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسپیکر سے انہیں انصاف نہیں ملا، لیکن عدالت پر ان کا پورا بھروسہ ہے اور انہیں یقین ہے کہ وہاں ضرور انصاف ملے گا ۔ جے ڈی یو کے باغی لیڈر رویندررائے نے کہا کہ اخلاقیات کا سبق پڑھانے والے مسٹر نتیش کمار غیر اخلاقی کام کرہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح بد عنوانی کے معاملے پر مسٹر کمار صرف بڑی بڑی باتیں ہی کرتے رہتے ہیں، لیکن جب وہ وزیر اعلیٰ کے عہدہ پر تھے اور محکمہ مالیات ان کے ذمہ تھا تو بہار کے عوام کی گاڑھی کمائی ان کے قریبی لوگوں نے لوٹ لی۔

Bihar Assembly Speaker terminates membership of four rebel Bihar JD(U) MLAs

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں