دتاتریہ اور سوجنا چودھری کی مرکزی کابینہ میں شمولیت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-09

دتاتریہ اور سوجنا چودھری کی مرکزی کابینہ میں شمولیت

حیدرآباد
یوا ین آئی
مرکزی کابینہ میں کل ہونے والی توسیع میں سکندرآباد کے بی جے پی رکن پارلیمنٹ بنڈاردتاترتیہ اور تلگو دیشم کے رکن راجیہ سبھا سوجنا چودھری کو جگہ دی جائے گی۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے خو د ان دونوں کو فون کرتے ہوئے اس بات کی اطلاع دی ہے ۔ دتاترتیہ کا تعلق تلنگانہ ریاست سے ہے جب کہ سوجنا چودھری بی جے پی کی حلیف جماعت تلگو دیشم کے راجیہ سبھا رکن ہیں، ان کا تعلق آندھرا پردیش سے ہے۔ اس طرح کل ہونے والی مرکزی کابینہ میں توسیع میں تلنگانہ اور آندھرا پردیش کو نمائندگی دی جائے گی ۔ یہ دونوں ارکان پارلیمنٹ کل دوپہر مرکزی وزراء کے طور پر حلف لیں گے۔ بنڈاردتاترتیہ قبل ازیں واجپائی کی کابینہ میں مرکزی مملکتی وزیر ریلوے کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں ۔ دو دن قبل دہلی کے دورہ کے دوران آندھرا پردیش کے چیف منسٹر چندرابابونائیڈو نے مرکزی کابینہ میں توسیع کے لئے سوجنا چودھری کا نام پیش کیا تھا ۔ مرکزی کابینہ میں شمولیت کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی کے فون کے بعد سوجنا چودھری نے آج صبح آندھرا پردیش کے چیف منسٹر این چندرابابونائیڈو سے ان کی قیامگاہ پر ملاقات اور اظہار تشکر کیا۔
اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے سوجنا چودھری نے کہا کہ انہیں جوبھی وزارت دی جائے گی وہ اس سے انصاف کریں گے اور مرکزسے ریاست کو ملنے والے فنڈس کے لئے جدو جہد کی جائے گی ۔ دوسری طرف بنڈاردتاتریہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے عہدہ کے لئے کبھی خواہش نہیں کی ۔ دتاتریہ نے کہاکہ وہ مرکزی وزیر کے طور پر تلنگانہ سے انصاف کرنے کی کوشش کریں گے ۔ دتاتریہ کو مرکزی کابینہ میں شامل کرنے کی اطلاعات کے بعد ریاستی بی جے پی قائدین نے مسرت کا اظہار کیا ۔ ان دونوں ارکان پارلیمنٹ کومرکزی کابینہ میں شامل کرنے کے بعد تلگو زبان بولنے والے مرکزی وزراء کی تعداد میں اضافہ ہوجائے گا ۔ پہلے ہی مرکزی کابینہ میں تلگو زبان بولنے والے وزراء میں بی جے پی کی طرف سے وینکیا نائیڈو ،نرملا سیتا رامن اور تلگو دیشم کی طرف سے ااشوک گجپتی راجو ہیں۔ سوجنا چودھری اور دتاتریہ آج شام قومی دارالحکومت کے لئے روانہ ہوگئے ۔

Ex-NDA minister and Naidu's man Friday to join Modi cabinet

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں