مرکزی کابینہ میں تبدیلی کے امکان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-06

مرکزی کابینہ میں تبدیلی کے امکان

نئی دہلی
پی ٹی آئی
مرکزی کابینہ میں تبدیلی کی قیاس آرائیاں آج رات اس وقت تیز ہوگئیں جب گوا کے وزیر اعلیٰ منوہر پاریکر نے وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی ۔ دونوں لیڈروں کی ملاقات ایسے وقت میں ہوئی جب سیاسی حلقوں میں اس بات کا ذکر ہے کہ پاریکر کو ملک کا وزیر دفاع بنایاجاسکتا ہے ۔ یہ بھی کہا جارہا ہے کہ تقریباً10وزراء کو کابینہ میں جگہ مل سکتی ہے ۔ ہریانہ کے جاٹ لیڈرویندر سنگھ ، بہار سے بی جے پی کے ایم پی گری راج سنگھ ، راجستھان سے ایم پی جی ایس شیخاوت کو مرکزی وزارتی کونسل میں شامل کئے جانے کی قیاس آرائیاں زوروں پر ہے۔ یہ بھی کہا جارہا ہے کہ نجمہ ہپت اللہ کی چھٹی ہوسکتی ہے اور مختار عباس نقوی کو کابینہ میں جگہ مل سکتی ہے ۔ کابینہ کی توسیع کی بات اس وقت سامنے آئی جب پاریکر دن میں گوا میں کیبنٹ کی ایک میٹنگ چھوڑ کردہلی پہنچے اور امت شاہ سے ملاقات کی ۔ بعد میں وہ وزیر اعظم مودی سے ملے۔ واضح رہے کہ پاریکر اور مودی کے درمیان اچھے رشتے ہیں ۔ دو تین موقعوں پر میڈیا سے مختصرملاقات کے دوران وزیر اعلیٰ نے اس بات سے انکار نہیں کیا کہ ان کا نام وزیر دفاع کے عہدے کے لئے سب سے آگے تسلیم کیاجارہا ہے ۔ اگرچہ مودی سے ملاقات کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صرف گواسے متعلق ایشوز پر انہوں نے مودی سے ملاقات کی اور مرکزی کابینہ میں شامل کئے جانے پر ابھی کوئی بات چیت نہیں ہوئی۔ پاریکر نے کہا کہ نہ تو میں نے اور نہ ہی انہوں نے اس بارے میں بات چیت کی ، اس لئے فی الحال یہ ایشو ختم ہوچکا ہے ، یہ پوچھے جانے پر کہ کیا وہ وزیر اعلیٰ کے عہدے پر قائم رہنا چاہیں گے ، اس پر انہوں نے کہا کہ یقینی طور پر واضح رہے کہ وزارت دفاع کی ذمہ داری عارضی طور پر ابھی مرکزی خزانہ ارون جیٹلی کے پاس ہے ۔جیٹلی کمپنی معاملوں کی وزارت کا عہدہ بھی سنبھال رہے ہیں ۔6سے زائد وزیر ابھی ایک سے زیادہ عہدہ سنبھال رہے ہیں ۔ سڑک ٹرانسپورٹ اور جہاز رانی کے وزیر نتن گڈ کری دیہی ترقیات کی وزارت سنبھال رہے ہیں، جب کہ مرکزی وزیر قانون روی شنکر پرساد کے پاس انفارمیشن ٹکنالوجی اور مواصلات کی وزارت کی بھی ذمہ داری ہے ۔ کابینہ میں تبدیلی کرتے وقت کافی زور بہار جیسی ریاست پر ہوگا ، جہاں آنے والے وقت میں اسمبلی الیکشن ہونے والے ہیں۔ ذات پات کی توازن کو دیکھتے ہوئے بی جے پی بہار سے ایک بھومیہار ممبر پارلیمنٹ کو وزیر بنا سکتی ہے ۔ گوا کے وزیر اعلیٰ منوہر پاریکر کے دہلی کانے کی صورت میں شری پدنایک گوا کے اگلے وزیر اعلیٰ ہوسکتے ہیں ۔ نایک اس وقت مرکز میں سیاحت اور کلچر کے وزیر مملکت ہیں۔ اگر نئے وزراء کو شامل کیاجاتا ہے تو مئی کے مہینے میں مودی سرکارکے بننے کے بعد یہ پہلا کابینہ میں ردو بدل ہوگا۔ اس بات کی قیاس آرائی کی جارہی ہے کہ اتوار کو کابینہ میں تبدیلی کی جاسکتی ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں