مرکز و ریاست کے درمیان پل کا کام کروں گا - تلنگانہ مرکزی وزیر دتاتریہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-16

مرکز و ریاست کے درمیان پل کا کام کروں گا - تلنگانہ مرکزی وزیر دتاتریہ

حیدرآباد
یو این آئی
حکومت تلنگانہ نے آج مرکزی مملکتی وزیر محنت و روزگار بنڈارودتاتریہ کو سکریٹریٹ کے قریب جل وہار کامپلکس میں تہنیت پیش کی ۔ تقریب میں سیاسی قائدین ، مرکزی وزراء و عہدیداروں کی کثیر تعداد شریک تھی ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ ، اسپیکر اسمبلی مدھو سدن چاری ، تلنگانہ اسمبلی میں قائد اپوزیشن کے جانا ریڈی، صدر نشین قانون ساز کونسل سوامی گوڑ ان شخصیتوں میں شامل ہیں جو تقریب میں موجود تھے ۔ دونوں ڈپٹی چیف منسٹرس محمد محمود علی اور ٹی راجیا، ریاستی وزراء اور اعلیٰ عہدیداربھی شریک تھے ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے بنڈارو دتاتریہ کو ایک شال اڑھاتے ہوئے تہنیت پیش کی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ بنڈارو دتاترتیہ ایک اچھے دل والے انسان ہیں۔ انہوں نے دتاتریہ کو تلنگانہ کا سپوت قرار دیا ، مرکزی کابینہ میں شمولیت پر ہمیں خوشی ہے کیونکہ تلنگانہ کا ایک قائد مرکز کاحصہ ہے ۔اسپیکر نے اپنے خطاب میں کہا کہ دتاتریہ کا کوئی دشمن نہیں ہے کیونکہ وہ ہر ایک کے لئے قابل رسائی ہیں ۔ ہر کوئی ان تک پہنچ کر بات کرسکتا ہے ۔ بی جے پی فلور لیڈر کے لکشمن نے یقین ظاہر کیا کہ بنڈارو دتاتریہ ، ریاست اور مرکز کے درمیان ایک پل کا کام کریں گے اور عوام کے مفاد میں دونوں کے درمیان بہتر تعلقات کو فروغ دیں گے۔
پی ٹی آئی کے بموجب بنڈارو دتاتریہ نے کہا کہ وہ مرکز میں اپنے نئے رول کے ذریعہ تلنگانہ عوام کی خواہشات کو پوری کرنے کے لئے جدو جہد کریں گے ۔، انہوں نے کہا کہ میں ریاست اور مرکز کے درمیان ایک پل کی حیثیت سے کام کروں گا اور تلنگانہ کی ترقی کے لئے ہر ممکن اقدامات روبہ عمل لاؤں گا ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤنے بنڈارو دتاتریہ کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ وہ تلنگانہ کے لئے بنڈارو نہیں بلکہ بنگارو(سونا) ہیں۔ مرکز میں اب تک ایک خلا موجود تھی کیونکہ مرکزی کابینہ میں تلنگانہ کا کوئی نمائندہ نہیں تھا۔ اب یہ خلا بنڈارو دتاتریہ کے ذریعہ پر ہوچکی ہے اس لئے وہ اب مرکز میں ہماری آواز ہوں گے ۔ بنڈارو دتاتریہ نے کہا کہ کے سی آر جہاں تلنگانہ کے پہلے چیف منسٹر ہیں وہیں میں تلنگانہ سے تعلق رکھنے والا پہلا مرکزی وزیر ہوں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹی انجیا ، جی وینکٹ سوامی اور یہاں تک کے کے سی آر نے بھی مرکز میں وزیر لیبر کی حیثیت سے خدمات انجام دی ہیں اور اس فہرست میں شامل ہوتے ہوئے مجھے بھی خوشی محسوس ہورہی ہے ۔ سینئر بی جے پی قائد نے سابق گورنر سکم وی وی راما راؤ سے اظہار تشکر کیا جو تقریب میں موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ راما راؤ ہی تھے جنہوں نے مجھے سیاست میں حصہ لینے کی ترغیب دی اور ہر قدم پر میری حوصلہ افزائی کی ۔

Will act as bridge between Centre and Telangana: Dattatreya

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں