مہاراشٹرا حکومت کو گرانے کا ارادہ نہیں - شرد پوار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-20

مہاراشٹرا حکومت کو گرانے کا ارادہ نہیں - شرد پوار

علی باغ
پی ٹی آئی
مہاراشٹرا میں وسط مدتی انتخابات کے بارے میں ریمارکس کے ایک دن بعد این سی پی صدر شردپوار نے آج کہا کہ ریاست میں دیویند ر فڈ نویس کی زیر قیادت بی جے پی حکومت کو گرانے کا ان کا کوئی ارادہ نہیں ہے ۔، پوار نے این سی پی کے سینئر قائدین کے دو روزہ اجلاس میں اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ’’ ہمیں ان کی حکومت کو بے دخل کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں ہے ۔‘‘ خیال رہے کہ وسط مدتی انتخابات کے تعلق سے پوار کے ریمارکس سے سیاسی ہلچل پیدا ہوگئی ہے ۔ شیو سینا نے این سی پی سربراہ شرد پوار کو یہ کہتے ہوئے تنقید کا نشانہ بنایا کہ وہ بے اعتمادی کی سیاست کھیل رہے ہیں اور موجودہ عدم استحکام کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہے ہیں ۔ سینا نے الزام عائد کیا کہ پوار عدم اعتماد کی سیاست کھیلنے کے لئے جانے جاتے ہیں اسی لئے انہوں نے سب سے پہلے بی جے پی کو حمایت کی پیشکش کی اور اب بظاہر دستبرداری کی دھمکی دے رہے ہیں ۔ شرد پوار نے کہا کہ میں نے پہلے جو بات کہی تھی اس سے کوئی مختلف بات نہیں کی ہے ، ہمیں حکومت کو گرانے میں کوئی دلچسپی نہیں ہے لیکن اگر مہاراشٹرا کے مفادات کا تحفظ نہ کیاجائے تو کوئی بھی پارٹی اسی طرح کا موقف اختیار کرے گی۔ اسکا یہ مطلب نہیں ہے کہ ہم حکومت کو گرانے جارہے ہیں۔
شرد پوار نے کہا’’اگر ریاستی حکومت صحیح فیصلہ نہ لے یا کوئی قانون قابل اتفاق نہ ہوتو ہم پرزور موقف اختیار کرسکتے ہیں ، لیکن کل کی میری تقریر کو مبالغہ آرائی کے ساتھ پیش کیا گیا ہے ۔ ہمیں اپوزیشن میں بیٹھنے کا مینڈیٹ ملا ہے ہم کسی بھی مسئلہ کو سڑکوں پر لے جانے کے لئے تیار ہیں ، جو عوام کے مفاد میں ہو۔‘‘ نریندر مودی کی کارکردگی کے انداز کے بارے میں انہوں نے کہا کہ’’ہم پراڈکٹ کے بارے میں نہیں جانتے ‘ لیکن مارکٹنگ شاندار ہے ۔‘‘ پوار نے وزیر اعظم کے امریکہ اور آسٹریلیا کے دوروں کا بھی حوالہ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ مودی نے جن آدھار اسکیم شروع کی ہے، لیکن ایک آر ٹی آئی درخواست پر معلوم ہوا کہ اس اسکیم کے تحت74فیصد اکاؤنٹس صفر بیالینس پر کھولے گئے ۔ تاہم ہم اس کے بارے میں بہت کچھ سن رہے ہیں، ہمیں قبول کرنا پڑے گا کہ ایک چھوٹا سا پراڈکٹ ہی کیوں نہ ہو مارکٹنگ کے معاملہ میں کوئی بھی مودی کو شکست نہیں دے سکتا ۔ بارہ متی میں ایک انتخابی ریالی میں مودی نے عوام سے اپیل کی تھی کہ وہ پوار کی غلامی ترک کریں لیکن کامیابی کا فرق بڑھ کر 90ہزار تک پہنچ گیا ۔ تسگاؤں میں جہاں مودی نے انتخابی ریالی سے خطاب کیا تھا آر آر پاٹل کی کامیابی کا فرق20ہزار تھا حالانکہ عام طور پر وہاں پر 3ہزارتا4ہزار ووٹوں کے فرق سے کامیابی ملتی ہے ۔ پوار نے مزید کہا کہ ہمیں لازماً یہ قبول کرنا پڑے گا کہ مودی نے میڈیا کاموثر استعمال کیا اور خاص طور پر سوشل میدیا پر وہ بہت زیادہ سرگرم ہے۔

We are not out to pull down Maharashtra govt, Pawar

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں