امریکہ قابل اعتبار دوست نہیں - پاکستانی وزیر دفاع - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-27

امریکہ قابل اعتبار دوست نہیں - پاکستانی وزیر دفاع

اسلام آباد
یو این آئی
امریکہ اور پاکستان کے درمیان تعلقات میں سرد مہری اور اعتماد کی کمی کا ایک اور واضح ثبوت اس وقت کھل کر سامنے آگیا جب پاکستانی وزیر دفاع نے کہا کہ امریکہ ہمارا قابل اعتبار دوست نہیں رہا ،۔ اس اعتراف کے ساتھ ہی پاکستانی وزیر دفاع خواجہ آصف نے واشنگٹن کے پاکستان کے قابل اعتماد دوست ہونے پر ایک بڑا سوالیہ نشان لگادیا ہے ۔ خواجہ آصف نے اسلام آباد میں انسٹی ٹیوٹ آف اسٹراٹیجک اسٹیڈیز سے خطاب کرتے ہوئے کہا’’امریکی طویل عرصے سے ہمارے دوست ہیں مگر ان کا قابل اعتبار ہونا ایک الگ معاملہ ہے ۔‘‘خواجہ آصف نے آج کہا کہ امریکہ1960ء اور1970کی دہائی سے ہمارا دوست ملک ہے لیکن اس کی دوستی کی صداقت پر اب بہت زیادہ اعتماد نہیں کیاجاسکتا ۔ انہوں نے مزید کہا’’امریکی خارجہ پالیسی ہمارے خطے کے لئے تباہ کن ہے ۔‘‘انہوں نے جنوبی ایشیاء اور مشرق وسطیٰ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا’’ ہر بار جب بھی وہ یہاں آئے خطے کا جغرافیہ تبدیل ہوکر رہ گیا ۔‘‘ انہوں نے خبر دار کیا کہ پاکستان کو بہت محتاط رہنا ہوگا ۔’’ہم ابھی تک افغانستان میں مداخلت کی قیمت ادا کررہے ہیں اس خطہ میں انتشار کی وجہ فرقہ واریت اور نسلی اختلافات ہیں ۔‘‘ پاکستانی وزیر دفاع نے کہا کہ امریکہ کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کوششوں پر’مایوس‘ ہے جو کہ غیر منصفانہ سوچ ہے۔‘‘ آزادی کے بعد سے ہی ہمارے امریکہ سے تعلقات قائم ہیں جس میں اونچ نیچ آتی رہتی ہے ۔ خواجہ آصف نے کہا’’حال ہی میں چیف آف آرمی اسٹاف نے امریکہ کا ایک اہم دورہ کیا، وہ ایک اچھا دورہ تھا اور ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم تعلقات کو آگے بڑھاتے ہوئے باہمی اعتماد قائم کریں جو کہ ابھی سوفیصد نہیں۔‘‘
انہوں نے تسلیم کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ کے سلسلے میں اسلام آباد نے واشنگٹن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات نہیں نکی ۔ انہوں نے امریکی محکمہ دفاع کے حالیہ بیان کا بھی ذکر کیا جس میں قبائلی علاقوں میں جاری فوجی آپریشن کے مقاصد کو’’بہت پریشان کن‘‘ قرار دیا گیاتھا ۔ انہوں نے کہا ’’اس سے ثابت ہوتا ہے کہ ہماری قربانیوں کے باوجود امریکی ابھی بھی ہم پر مکمل اعتبار نہیں کررہے ہیں ، یہ افسوسناک ہے ۔ مگر یہ واضح ہونا چاہئے کہ پاکستان کے قومی مفادات ہماری نظر میں سب سے اہم ہیں ۔‘‘ پاکستانی وزیر دفاع نے کہا کہ دنیا میں واحد سپر پاور رہ جانے سے عالمی عدم استحکام میں اضافہ ہوا ہے، کئی قطبی نظام طاقت کے عالمی توازن کے لئے بہترین ہے ۔، انہوں نے مزید کہا کہ روس اور چین خطہ کی دو بڑی طاقتیں ہیں ۔’’ہمیں خطے کے مسائل کا حل باہر جاکر نہیں بلکہ اندر رہ کر تلاش کرنا چاہئے ۔‘‘ خواجہ آصف نے روس کو ’’ابھرتی ہوئی سوپر پاور‘‘ قرار دیا جو کہ پابندیوں کے باوجود اقتصادی طور پر بھی ابھر رہی ہے ۔ ’’اس خطے میں ہونے کے باعث پاکستان کو روس سے بہتر تعلقات قائم کرنا چاہئے ۔‘‘انہوں نے کہا کہ پاکستان نے حال ہی میں روس کے انتہائی اہم معاہدہ کیا ہے ،جس سے ہمیں اس سے اسلحہ خریدنے کا موقع ملے گا اور اسے انسداد دہشت گردی آپریشنس میں استعمال کیاجائے گا ۔ خواجہ آصف نے کہا کہ’’افغانستان میں قیام امن کے بغیر پاکستان میں بھی امن ممکن نہیں اور قومی سیکوریٹی کے حوالے سے افغانستان کی صورتحال ہمارے ل ئے بھی اہمیت رکھتی ہے ۔‘‘

Washington not a reliable friend: Pak Defense Minister Asif

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں