امریکہ - سیاہ فام نوجوان کے قتل کا معاملہ - پرتشدد احتجاج جاری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-27

امریکہ - سیاہ فام نوجوان کے قتل کا معاملہ - پرتشدد احتجاج جاری

واشنگٹن
یو این آئی
امریکہ کی ریاست مسوری میں گرینڈ جوری کے جانب سے ایک سیاہ فام نوجوان کے قتل پر پولیس عہدیدار کو مجرم قرار نہیں دینے کے فیصلے کے بعد دوسرے روز بھی صورتحال کشیدہ ہے۔ پر تشدد احتجاج کا سلسلہ جاری ہے اور حالات پر قابو پانے کے لئے مقامی حکام نے نیشنل گارڈسکی اضافی نفری طلب کرلی ہے ۔ کئی ماہ تک شواہد اور بیانات کا جائزہ لینے والی گرینڈ جیوری نے سیاہ فام نوجوان کو گولی مار کر ہلاک کرنے والے سفید فام پولیس افسر پر فرد جرم عائد نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا ۔ ریاست کے علاقہ فرگوسن جہاں18سالہ سیاہ فام مائیکل براؤن گولی لگنے سے ہلاک ہوا تھا ۔ وہاں جیوری کے فیصلہ کے بعدہنگامے شروع ہوگئے ۔ متعدد عمارتوں اور گاڑیاں نذر آتش کردی گئیں جبکہ دکانوں میں لوٹ مار بھی کی گئی ۔ مسوری کے گورنر جے نکسن کے مطابق صورتحال پر قابو پانے کے لئے مزید 2200نیشنل گارڈس کو طلب کرلیا گیا ہے ۔ نکسن نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ پیر کے روز قریب700گارڈس تعینات کردئیے گئے تھے اور منگل کی رات تک مزید کئی سو محافظ تعینات کردئیے جائیں گے ۔ ان کے بقول اس وقت نیشنل گارڈس کے2,200سے زائد عہدیدار علاقے میں موجود ہیں ۔ اس کے برعکس فرگوسن کے میئر جیمز ناؤلز ن گورنر جے نکسن کے رد عمل کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے ۔ ان کے بقول نکسن نے نیشنل گارڈس کی تعیناتی میں تاخیر سے کام لیا ۔ پیر اور منگل کی درمیانی شب شہرکی کم از کم ایک درجن عمارات کو نذر آتش کردیا تھا ۔ مقامی پولیس نے غیر قانونی اسلحہ رکھنے، غیر قانونی اجتماعات اور ڈکیتیوں کے الزامات کے تحت کم از کم16افراد کو حراست میں لے لیا ہے ۔ مظاہرین نے پولیس عہدیداروں پر گولیاں چلائیں، پولیس کی گاڑیوں کو نذر آتش کیا اور ان پر اینٹیں بھی پھینکیں جب کہ پولیس نے بھی جوابی کارروائی کرتے ہوئے مظاہرین کومنتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کا استعمال کیا۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں