تلنگانہ اسمبلی میں اپوزیشن نے کارروائی چلنے نہیں دی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-08

تلنگانہ اسمبلی میں اپوزیشن نے کارروائی چلنے نہیں دی

حیدرآباد
منصف نیوز بیورو
اپوزیشن جماعتوں کانگریس، تلگو دیشم اور بی جے پی کے ارکان نے آج اسمبلی کی کارروائی کو چلنے نہیں دیا ۔ اپوزیشن ارکان ، اسپیکر کے پوڈیم کے قریب پہنچ کر جوپلے کارڈس تھامے ہوئے تھے، ریاست میں کسانوں کی خود کشی اوربرقی بحران پر فوری مباحث کا مطالبہ کرنے لگے لیکن اسپیکر مدھو سدن چاری نے تلگو دیشم کے تمام دس ارکارن کو ایک دن کے لئے معطل کردیا ۔ تلگو دیشم کے ارکان دیگر احتجاجیوں کے ساتھ پوڈیم کے قریب پہنچ کر احتجاج کرنے لگے ۔ دریں اثناء مارشلوں کو طلب کرتے ہوئے ٹی ڈی پی ارکان کو ایوان سے باہر کردیا گیا ۔ ایوان کی کارروائی کے آغاز کے ساتھ ہی اپوزیشن ارکان نے تحریک التوا منظور کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے اسپیکر کے قریب پہنچ گئے ۔ اس دوران چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے مداخلت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کسانوں کی خود کشی اور برقی قلت کے مسئلہ پر کسی بھی وقت مباحث کے لئے تیار ہے ۔ انہوں نے احتجاجی ارکان سے خواہش کی کہ وہ اپنی نشستوں پر بیٹھ جائیں اور وقفہ سوالات کو جاری رکھنے میں تعاون کریں ۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ہی بی اے سی اجلاس میں یہ فیصلہ ہوچکا ہے ۔ چیف منسٹر کی اپیل کے باوجود اپوزیشن ارکان نے اپنے احتجاج کو جاری رکھا جس پر اسپیکر مدھو سدن چاری نے کارروائی کو دس منٹ کے لئے ملتوی کردیا ۔10:30بجے جیسے ہی کارروائی کا دوبارہ آغاز ہوا ، اپوزیشن ارکان دوبارہ احتجاج کرنے لگے ۔ ایوان میں گڑ بڑ کو دیکھتے ہوئے اسپیکر نے کارروائی کو مزید دس منٹ کے لئے ملتوی کردیا۔11:20بجے دن کارروائی کا جیسے ہی دوبارہ آغاز ہوا ، اپوزیشن ارکان بدستور احتجاج کرنے لگے ۔ چیف منسٹر ، وزیر امور مقننہ ٹی ہریش راؤ اور وزیر فینانس ایٹالہ راجندر کی مداخلت کے باوجود حالات بہتر نہیں ہوئے جس پر اسپیکر نے وقفہ سوالات کومعطل کرنے کا اعلان کیا۔
وزیر امور مقننہ نے تلگو دیشم کے د س ارکان اسمبلی کو معطل کرنے کی تحریک پیش کی جسے منظور کرتے ہوئے اسپیکر نے ٹی ڈی پی کے ارکان کو ایک دن کے لئے معطل کرنے کا اعلان کردیا۔ قائد اپوزیشن کے جانا ریڈی نے کہا کہ ایوان سے کسانوں کو خود کشی نہ کرنے کی اپیل فوری جاری کرنے کی ضرورت ہے اور کسانوں کو یہ پیام ایوان سے جاری کیاجانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کے بر سر اقتدار آنے کے بعد سے ریاست میں387کسانوں نے خود کشی کرلی ہے ۔ اس کے علاوہ ریاست میں شدید برقی بحران سے کسانوں کو مشکلات کا بھی سامنا ہے ۔ ٹی ڈی پی فلورلیڈر ایرابلی دیاکرراؤاور بی جے پی فلور لیڈر ڈاکٹر کے لکشمن نے وزیر زراعت پوچارم سرینواس سے مطالبہ کیا کہ وہ کسانوں کی توہین کرنے پر معذرت خواہی کریں۔ خود کشی کرچکے کسانوں کے افراد خاندان سے معذرت خواہی تک وہ پوچارم سرینواس کو ایوان میں آنے نہیں دیں گے ۔ آخر کار چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اسپیکر کو تجویز پیش کی کہ وہ ان مسائل پر بی اے سی میٹنگ (بزنس اڈوائزری میٹنگ) میں غوروخوض کریں۔انہوں نے کہا کہ حکومت اپوزیشن کی جانب سے اٹھائے جانے والے تمام سوالات کا جواب دینے کے لئے تیار ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں